'ارطغرل غازی' کی اداکارہ کی آواز میں عاطف اسلم کا گانا وائرل
پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) پر نشر کیے جانے والے شہرہ آفاق ترک ڈرامے 'ارطغرل غازی' کے اداکار اگرچہ پاکستان میں پہلے ہی مقبولیت حاصل کر چکے ہیں۔
تاہم گزرتے وقت کے ساتھ نہ صرف مذکورہ ڈرامے کے اداکاروں کی شہرت میں اضافہ ہو رہا ہے بلکہ ترک اداکاروں کو اردو زبان میں پیغامات اور مختصر ویڈیوز جاری کرتے ہوئے بھی دیکھا جا رہا ہے۔
اگرچہ پہلے بھی 'ارطغرل غازی' کے متعدد اداکار اردو زبان میں سوشل میڈیا پوسٹس اور مختصر ویڈیو پیغامات جاری کر چکے ہیں تاہم ڈرامے میں ہیلینا اور حفصہ حاتم کا کردار ادا کرنے والی خوبرو اداکارہ برسین عبداللہ کی ایک ویڈیو خوب وائرل ہو رہی ہے۔
وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں 33 سالہ برسین عبداللہ کو پاکستان کے معروف گلوکار عاطف اسلم کے گانے مسافر کو گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
مختصر ویڈیو میں برسین عبداللہ پاکستانی گلوکار کا 2017 میں بولی وڈ فلم کے لیے گائے گئے گانے کو گاتی نظر آئیں اور ان کی ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی۔
تقریبا 12 سیکنڈ دورانیے کی ویڈیو میں برسین عبداللہ کو عاطف اسلم کے گانے کو صاف اردو میں گاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔
یہ پہلا موقع ہے کہ 'ارطغرل غازی' کے کسی اداکار نے پاکستان کے معروف گلوکار کے گانے کو گایا ہے، اس سے قبل ترک ڈرامے کے اداکار اردو زبان میں پاکستانی مداحوں کے لیے عید اور جشن آزادی کے موقع پر پیغامات جاری کرتے رہے ہیں۔
خیال رہے کہ برسین عبداللہ نے 'ارطغرل غازی' میں ابتدائی طور پر مسیحی خاتون ہیلینا اور بعد ازاں مسلمان بن کر حفصہ حاتم کا کردار ادا کیا اور ان کے کردار کو ڈرامے کی 70 قسطوں میں دکھایا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: مداحوں نے اداکارہ برسین عبداللہ کو حمیمہ ملک کی ہم شکل قرار دیدیا
ترک ڈرامے کو پی ٹی وی پر نشر کیے جانے کے بعد رواں برس جون میں پاکستانی سوشل میڈیا صارفین نے برسین عبداللہ کو اداکارہ حمیمہ ملک کا ہم شکل قرار دیا تھا۔
جون میں درجنوں سوشل میڈیا صارفین نے برسین عبداللہ اور حمیمہ ملک کی تصاویر شیئر کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ دونوں کی شکل میں کافی مماثلت پائی جاتی ہے۔
برسین عبداللہ نے عاطف اسلم کے جس گانے 'مسافر' کو گایا، وہ 2017 میں ریلیز ہونے والی بولی وڈ فلم 'سویٹی ویڈز آئی این آر' میں شامل کیا گیا تھا اور مذکورہ گانا بھارت میں بہت مقبول ہوا تھا۔
مذکورہ گانے کے علاوہ بھی عاطف اسلم کے بھارت میں معدد گانے مقبول ہوچکے ہیں اور بھارتی فلموں میں پاکستانی گلوکاروں کے گانوں کو فلم کی کامیابی کی ضمانت بھی سمجھا جاتا ہے۔