• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں کورونا سے مزید 9 مریضوں کا انتقال، فعال کیسز 9 ہزار سے زائد

شائع October 4, 2020 اپ ڈیٹ October 5, 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد بڑھی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی یومیہ تعداد بڑھی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

دنیا بھر کا نقشہ تبدیل کرکے رکھ دینے والے مہلک کورونا وائرس کی پاکستان میں مجموعی صورتحال اگرچہ بہتر ہے تاہم گزشتہ کچھ روز سے یومیہ کیسز کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے۔

پاکستان میں آج 4 اکتوبر کو مزید 1026 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی اور 9 مریض انتقال کر گئے جبکہ 375 افراد صحتیاب ہوگئے۔

آج رپورٹ ہونے والے کیسز میں سندھ 267 کیسز اور 3 اموات، بلوچستان میں 48 کیسز اور خیبرپختونخوا میں 65 کیسز وہ تھے جو گزشتہ روز کے تھے۔

ان اعداد و شمار کے بعد ملک میں مجموعی طور پر 3 لاکھ 15 ہزار 10 افراد وائرس سے متاثر، 2 لاکھ 98 ہزار 968 صحتیاب جبکہ 6 ہزار 516 انتقال کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد سے اب تک اس وائرس کو 7 ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس عرصے کے دوران سب سے زیادہ تشویش ناک صورتحال جون کے مہینے میں دیکھنے میں آئی، اس ماہ کے دوران یومیہ رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد تک جا پہنچی تھیں۔

بعد ازاں جولائی کے مہینے میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن نظر آئی اور کیسز کم ہونا شروع ہوئے اور پھر اگست اس میں مزید بہتری رپورٹ ہوئی۔

گزشتہ ماہ میں کورونا وائرس کی صورتحال مزید بہتر ہونے کے بعد 6 ماہ سے زائد عرصے سے بند تعلیمی اداروں کو بھی کھول دیا گیا تھا تاہم ستمبر کے اواخر سے کیسز کی تعداد میں معمولی اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے۔

آج 4 اکتوبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح کی ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے 291 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 341 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری یومیہ صورتحال کی رپورٹ کے مطابق صوبے میں وائرس سے ایک مریض کی موت بھی واقع ہوئی جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 2521 ہوگئی ہے۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس سے مزید 147 افراد کے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 مریض انتقال کر گئے۔

ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال کی نگرانی کے لیے قائم کردہ سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 147 نئے کیسز نے پنجاب میں مجموعی کیسز کی تعداد کو 99 ہزار 812 تک پہنچا دیا۔

مزید 2 مریضوں کے وفات پا جانے سے پنجاب میں وبا کے باعث مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 240 ہوگئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے مزید 53 کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز 16 ہزار 766 ہوگئے ہیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 103 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 38 ہزار 76 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 1262 ہوگئی ہے۔

گلگت بلتستان

ملک میں کورونا وائرس سے کم متاثرہ حصوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 12 افراد وائرس کا شکار بنے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 12 نئے کیسز کے بعد وہاں کورونا کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 828 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

وبا سے ملک کے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 40 افراد کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔

کووِڈ 19 پورٹل کے اعداد و شمار کے مطابق 40 نئے مریضوں کے بعد آزاد کشمیر میں کیسز کی تعداد 2 ہزار 816 ہوگئی ہے۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 76 تک جا پہنچی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں روز بروز صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 375 افراد شفایاب ہوئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 280 مریضوں کے شفایاب ہونے کے بعد مجموعی طور پر یہ تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 968 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 315010

اموات: 6516

صحتیاب: 298968

فعال کیسز: 9526

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 38 ہزار 341 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد99 ہزار 812 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 38 ہزار 76 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 371 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 766، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 828 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 816 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2521

پنجاب: 2240

خیبرپختونخوا: 1262

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 183

گلگت بلتستان: 88

آزاد کشمیر: 76

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024