• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

ایسی خبریں سامنے لاسکتا ہوں جس سے سیاسی زلزلہ آجائے، شیخ رشید کا مریم نواز کو انتباہ

شائع October 3, 2020
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دنیا میں سی پیک کے خلاف سازش ہو رہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز
وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ دنیا میں سی پیک کے خلاف سازش ہو رہی ہے — فوٹو: ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید نے حکومت کے خلاف بیانات پر اپوزیشن سخت نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا ہے کہ مسلم لیگ(ن) ایک سال تک خاموش تھی کیونکہ یہ ہمارے ’اسلامی دوستوں‘ کے ساتھ لین دین کر رہے تھے۔

شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مریم مجھ پر چار مرتبہ حملے کر چکی ہیں، میں اخری وارننگ دینا چاہتا ہوں، میں اس ملک سے ایسی خبریں نکال کر لا سکتا ہوں جس سے سیاسی زلزلہ آ جائے گا لیکن صرف اس لیے احترام کرتا ہوں کہ آپ ایک خاتون ہیں۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے مسلم لیگ (ن) کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آج ان کو یہ عدالتیں بری لگتی ہیں لیکن جب جسٹس قیوم، نسیم حسن شاہ اور جسٹس تارڑ بیٹھے ہوئے تھے تو اس وقت انہیں یہ عدالتیں بہت اچھی لگتی تھیں کیونکہ یہ فون پر احکامات دیتے تھے کہ اس کو اتنی سزا اور اس کو اتنی سزا نہ دو۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کو وطن واپس لانا آسان کام نہیں، شیخ رشید

انہوں نے مسلم لیگ(ن) کی نائب صدر مریم نواز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جہاں وہ اتنی باتیں کر رہی ہیں تو کم از کم اتنی جرات تو کریں اور لوگوں کو بتائیں کہ ان کے چچا پر کیس کیا تھا، ان کی ضمانت منسوخ کیوں ہوئی، 17ہزار روپے کے ملازم سے 9 ارب روپے کی ٹرانزیکشن کیسے ہوئی اور ان کے والد صاحب جو شدید بیماری میں مبتلا ہیں، وہ اب تک کسی ہسپتال کیوں نہیں گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ آپ کہتی ہیں کہ ہم نے این آر او کبھی نہیں مانگا لیکن یہ لین دین کر رہے تھے، اس میں بہت سارے اور بھی لوگ شامل تھے، یہ نیب کے 38 میں سے 34 قوانین میں ترمیم چاہتے تھے۔

انہوں نے نواز شریف سے کہا کہ ایک سال تک آپ اور مریم خاموش رہے کیونکہ آپ ہمارے اسلامی دوستوں کے ساتھ بارگین کر رہے تھے، تم کہتے ہو کہ یہ بیانیے کا وقت ہے، تیاری کرو آپ کے خلاف عدالتوں کا وقت ہے اور آپ کو جواب دینا ہو گا۔

ان کا کہنا تھا کہ دنیا میں پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف سازش ہو رہی ہے اور اس وقت سی پیک کے خلاف لندن میں گٹھ جوڑ ہو رہا ہے اور آپ اس گٹھ جوڑ کے سب سے بڑے محرک ہیں، آپ سی پیک کے خلاف پاکستان میں عدم استحکام کے ایجنڈے پر قائم ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: موجودہ حکومت سے مذاکرات کی گوئی گنجائش نہیں، مریم نواز

شیخ رشید نے کہا کہ نواز شریف کو اپنی پارٹی کے کسی عہدیدار پر یقین نہیں اس لیے اقتدار اپنے اور اپنے خاندان کے درمیان ہی رکھا ہے ، اب شاہد خاقان یا خواجہ آصف کو پارٹی قیادت کیوں نہیں دی جا رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف جس جنرل ظہیر الاسلام کے خلاف بات کرتے ہیں وہ بتائیں انہوں نے ان کو ان کے الوداعی خط میں کیا لکھا تھا، کیا نواز شریف نے اس خط میں جنرل ظہیر کی جمہوریت کے لیے خدمات کو نہیں سراہا تھا، کیا ان کا جمہوریت قائم رکھنے میں شکریہ ادا نہیں کیا، نواز شریف بتائیں کہ 4 سال پہلے جھوٹ بول رہے تھے یا آج جھوٹ بول رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ فوج 24سال سے لسانیت، فرقہ پرستی اور دہشت گردی کے خلاف لڑ رہی ہے، نواز شریف نے اسی کے خلاف اعلان جنگ کیا۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ میں آج بھی اپنے بیان پر قائم ہوں کہ مسلم لیگ ن سے ش نکلے گی اور دسمبر جنوری تک جھاڑو پھرے گی۔

انہوں نے کہا کہ جونیجو کی اسمبلی تڑوائی جائے تو جائز اور اپنی اسمبلی ٹوٹے تو ناجائز، جس نے نواز شریف کے ساتھ نیکی کی ، اس نے اسی کو چھرا گھونپا، حتیٰ کہ محمد خان جونیجو کی پیٹھ میں بھی چھرا گھونپا۔

مزید پڑھیں: نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی: مریم نواز کے خلاف مقدمے میں دہشت گردی کی دفعات شامل

انہوں نے مزید کہا کہ آج جس فوج کے خلاف یہ باتیں کرتے ہیں، یہ وہی فوج ہے جس نے ڈورکیسٹر ہوٹل سے بلا کر ان کو ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کا وزیر بنایا، جو فوج دہشت گردی کے خلاف اور ٹڈی دل، کورونا، نیلم جہلم، پولیو، سیلاب، ایم ایل ون اور سی پیک کے خلاف لڑے، اس کے خلاف جس کسی نے بھی بات کی تو اس کی زبان گدی سے کھینچ لی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ تمہارے بیانیے کا وقت ختم ہو گیا اور اب عدالتوں میں لوٹی ہوئی دولت کا حساب دینا ہو گا، قوم کو سمجھ ہے کہ مودی سے تنہائی میں ملاقاتیں ، غیرملک سے انڈیا میں مودی کو فون، جندال سے کاروبار اور اجمل قصاب کے گھر کا پتہ بتانے کے پیچھے کیا محرکات تھے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ دنیا میں سی پیک کے خلاف سازشی عناصر اور چین دشمن لوگ نواز شریف کو عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے میدان میں لائے ہیں تاکہ سی پیک کا راستہ روکا جائے۔

انہوں نے مریم نواز سے سوال کیا کہ کیلبری فونٹ مریم کے پاس ایک سال پہلے کیسے پہنچ گیا، نیب کے دفتر پر پتھراؤ کی منصوبہ بندی کہاں ہوئی اور کیا یہ ہدایات لندن سے موصول ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: 'نواز شریف کا مریم نواز کے بغیر سرجری نہ کرانے کا بیان نامناسب ہے'

شیخ رشید نے اپوزیشن سے سوالات کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے کہا کہ حسین حقانی کے ذریعے پیٹر گیلبریتھ کے جعلی دستخطوں کے ذریعے بے نظیر کی کردار کشی کس نے کروائی، 2013 الیکشن میں قطر سمیت دیگر ممالک سے سیف الرحمٰن سے کس لیے چندے کے پیسے منگوائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن اس اسمبلی کو حرام قرار دیتے ہیں جس کے وہ خود امیدوار تھے لیکن یہ بتائیں کہ اسلام کے نام پر اسلام آباد میں چھاؤنی ڈالنے کے لیے اسامہ بن لادن سے کتنی ملاقاتیں کیں اور کتنے پیسے وصول کیے۔

عوامی مسلم لیگ کے سربراہ نے سوال کیا کہ کیا آپ مارچ میں سینیٹ الیکشن سے پہلے عمران خان کی واضح اکثریت اور معیشت کی بہتر صورت حال کو دیکھ کر آپے سے باہر نہیں ہو گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم صاحبہ پہلے ڈان لیکس پر انکاری اور اب اقراری ہیں، اس کے پیچھے محرکات کیا ہیں، کیا یہ سچ نہیں کہ 2013 کے الیکشن میں آپ نے اپنے جیتنے کا اعلان 4 اور 5 بجے کے درمیان ہی کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کو باہر بھیج کر ہم سے غلطی ہوگئی، وزیراعظم

شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان نے نواز شریف کو وزیر اعظم کی حیثیت سے تقریر کی اجازت دی لیکن انہوں نے غلط کیا کیونکہ میں کبھی بھی مفرور، دشمن، منی لانڈرر، سزا یافتہ اور بھگوڑے آدمی کو قوم سے خطاب کی اجازت نہیں دیتا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نہ قیدی ہے، نہ مجرم، نہ سزا یافتہ ہے، وہ ایمان دار آدمی تھا اور کوئی آدمی مشرف کے خلاف 5 پیسے کی کرپشن ثابت کرے ، اسے گئے ہوئے 10 سال ہو گئے ہیں۔

انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو آخری وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مریم مجھ پر چار مرتبہ حملے کر چکی ہیں، میں فائنل وارننگ دینا چاہتا ہوں، میں اس ملک سے ایسی خبریں نکال کر لا سکتا ہوں جن سے سیاسی زلزلہ آ جائے گا لیکن صرف اس لیے احترام کرتا ہوں کہ آپ ایک خاتون ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024