• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

آزاد کشمیر الیکشن کمیشن کی سیاسی فوائد کیلئے آرمی چیف کی تصاویر استعمال کرنے پر تنبیہ

شائع October 2, 2020
بینر کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی — فوٹو: ٹوئٹر
بینر کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی — فوٹو: ٹوئٹر

آزاد جموں و کشمیر کے الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو آرمی افسران بالخصوص آرمی چیف اور دیگر ریاستی اداروں کے سربراہان کی تصاویر اخبارات میں اشتہارات اور پینافلیکس بینرز اور پوسٹرز میں استعمال نہ کرنے کی تنبیہ کی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر جسٹس ریٹائرڈ عبدالرشید سلاہریا کی جانب سے یہ حکم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما کی جانب سے استقبالی بینر میں وزیر اعظم عمران خان، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور جماعت کے ایک اور مرکزی رہنما کی تصویر لگانے کے بعد جاری کیا گیا۔

بینر کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی اور متعدد صارفین نے اس عمل کو مبینہ طور پر 'مسلح افواج کو سیاسی' بنانے کا الزام عائد کیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر کے حکم نامے میں کہا گیا کہ 'ہمیں شکایات موصول ہوئی تھیں کہ چند سیاسی جماعتیں اپنے اشتہارات اور بینرز میں آرمی چیف کی تصاویر استعمال کر رہی ہیں۔'

انہوں نے کہا کہ 'قانون کے مطابق کوئی شخص یا سیاسی جماعت آرمی چیف یا دیگر ریاستی ادارے کے سربراہ کی تصاویر استعمال کرکے مہم نہیں چلا سکتی۔'

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ نے میدان مار لیا

ان کا کہنا تھا کہ 'ایسا کرنے والا سیاسی رہنما یا جماعت الیکشن ایکٹ 2020 کے سیکشن 21 کے تحت نااہل ہوسکتے ہیں۔'

حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں الیکشن ایکٹ کے سیکشن 106 کے تحت قواعد و ضوابط کی پابند ہیں اور اس کی خلاف ورزی نہیں کر سکتیں۔

عبدالرشید سلاہریا نے کہا کہ 'اس لیے تمام رہنماؤں اور سیاسی جماعتوں پر اپنے سیاسی فوائد کے لیے مسلح افواج بالخصوص آرمی چیف، عدلیہ یا کسی دوسرے ادارے سے اپنے مبینہ روابط کو ظاہر کرنے یا اپنے اشتہارات، بینرز اور پوسٹرز میں ان کی تصاویر استعمال کرنے کی ممانعت ہے۔

چیف الیکشن کمشنر نے ڈویژنز اور ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ وہ اس حکم کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کا آغاز کریں اور فوری طور پر ایسے تمام بینرز اور پوسٹرز کو ہٹائیں۔

سیکریٹری الیکشن کمیشن نے اس حکم کے بعد مظفر آباد، پونچھ اور میرپور کے ڈویژنل کمشنرز کو ضروری کارروائی کی ہدایت کردی۔

واضح رہے کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ سال کے وسط میں عام انتخابات کا انعقاد ہوگا۔

وادی میں آخری بار انتخابات جولائی 2016 میں ہوئے تھے جس میں مسلم لیگ (ن) نے کامیابی حاصل کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024