• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

گلگت بلتستان: نگراں حکومت کا انتخابات میں فوج کی مدد نہ لینے کا فیصلہ

شائع October 2, 2020
نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل کا کہنا ہے کہ الیکشن میں صرف پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی مدد لی جائے گی۔ فوٹو:اے پی پی
نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل کا کہنا ہے کہ الیکشن میں صرف پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی مدد لی جائے گی۔ فوٹو:اے پی پی

نگراں وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان میر افضل نے اعلان کیا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والے انتخابات میں فوج کی مدد نہیں لی جائے گی۔

گلگت میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میر افضل کا کہنا تھا کہ الیکشن میں صرف پیرا ملٹری فورسز اور پولیس کی مدد لی جائے گی اور ثابت کریں گے کہ پولیس اور پیرا ملٹری فورسز الیکشن کرانے کی پوری صلاحیت رکھتے ہیں۔

نگراں وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان انتخابات بغیر فوج کے کرا کے ملک میں ایک مثال قائم کریں گے، نگران حکومت غیر جانبدار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ حساس حلقے میں فوج کی تعیناتی حالات کے مطابق عمل میں لائی جاسکتی ہے۔

وزیر اعظم، حکومتی عہدیداروں کے دورے پر پابندی

الیکشن کمیشن نے اسمبلی الیکشن تک وزیر اعظم سمیت تمام حکومتی عہدیداروں کے دورے پر پابندی عائد کر دی۔

مزید پڑھیں: گلگت بلتستان میں انتخابات 15 نومبر کو ہوں گے

پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر راجا شہباز نے کہا کہ قانونی طور پر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاق کے مطابق کوئی حکومتی عہدیدار گلگت بلتستان نہیں آ سکتا اور نہ انتخابی مہم چلانے کی اجازت ہے۔

راجا شہباز کا کہنا تھا کہ نواز لیگ اپنے اُمیدواروں پر کنٹرول کھو کر الیکشن کمیشن پر پولیٹیکل انجینئرنگ کے الزامات عائد کررہی ہے۔

انہوں نے انتخابات کو ہر قیمت پر شفاف اور منصفانہ بنانے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات میں گلگت بلتستان اسکاؤٹس، پولیس، رینجرز اور ایف سی کی مدد حاصل کی جائے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج کو حالات کے مطابق انتہائی حساس مقامات پر تعینات کیا جائے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے خطرات کو مد نظر رکھتے ہوئے انتخابات کے انتظامات کیے جارہے ہیں۔

554 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرادیے

دوسری جانب ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو شیڈول عام انتخابات کے لیے 24 حلقوں میں تقریبا 554 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔

واضح رہے کہ کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آخری تاریخ 30 ستمبر تھی۔

جی بی الیکشن کمیشن کے مطابق ضلع گلگت کی تین نشستوں کے لیے 86 امیدوار، نگر کی دو نشستوں کے لیے 63، ہنزہ کی ایک نشست کے لیے 31، اسکردو کی چار نشستوں کے لیے 67، خرمنگ کی ایک نشست کے لیے 11، شگر کی ایک نشست کے لیے 5، استور کی دو نشستوں کے لیے 66، دیامر کی 4 نشستوں کے لیے 67، غزر کی 3 نشستوں کے لیے 84 اور گھانچے کی تین نشستوں کے لیے 47 اُمیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔

خیال رہے کہ عام انتخابات کے اعلان کے بعد خطے میں سیاسی سرگرمیاں بڑھ گئی ہیں۔

پارٹی کے ٹکٹ نہ ملنے پر حکمران پی ٹی آئی کے متعدد ارکان نے آزاد اُمیدوار کی حیثیت سے انتخابات لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

مبصرین انتخابات میں پی ٹی آئی اور پی پی پی کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کرتے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

KHAN Oct 03, 2020 12:50am
جب گلگت بلتستان میں انتخابات ہو سکتے ہیں تو صوبوں میں بلدیاتی انتخابات کیوں نہیں ہوسکتے ۔ س کے لئے جلد سے جلد بلدیاتی انتخابات کے انتخابی شیڈول کا اعلان کیا جائے۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024