• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

لیجنڈ مزاحیہ اداکار لطیف منا انتقال کر گئے

شائع October 2, 2020
لطیف منا نے اداکاری کو 50 سال دیے—فائل فوٹو: حمید بھٹو فیس بک
لطیف منا نے اداکاری کو 50 سال دیے—فائل فوٹو: حمید بھٹو فیس بک

سندھی اور اردو ڈراموں کے لیجنڈ مزاحیہ اداکار لطیف منا 75 برس کی عمر میں طویل عرصے تک بیمار رہنے کے بعد انتقال کر گئے۔

لطیف منا قیام پاکستان سے قبل 1945 میں سرکاری ملازم عبدالعزیز اخوند کے ہاں کراچی کے علاقے لیاری میں پیدا ہوئے۔

لطیف منا نے ابتدائی تعلیم لیاری سے حاصل کرنے کے بعد معروف نارائن جگ ناتھ ودیا (این جے وی) اسکول سے تعلیم حاصل کی۔

لطیف منا نے 30 سال کی عمر میں اداکاری کا آغاز کیا اور انہوں نے 1977 میں ’پیوند‘ ڈرامے سے کیریئر کا آغاز کیا، جس کے بعد ان کی شاندار اداکاری کے باعث انہیں پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے متعدد ڈراموں میں کاسٹ کیا گیا۔

لطیف منا نے ٹی وی سمیت اسٹیج تھیٹر میں بھی اپنی اداکاری کا لوہا منوایا اور انہیں سندھی ڈراموں کے ابتدائی مزاحیہ اداکاروں میں شمار کیا جاتا ہے۔

لطیف منا نے درجنوں اسٹیج ڈراموں میں بھی کام کیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
لطیف منا نے درجنوں اسٹیج ڈراموں میں بھی کام کیا—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

لطیف منا کے مزاح کا انداز کئی فنکاروں نے کاپی کیا اور کئی کامیڈین نے ان سے تربیت بھی حاصل کی، وہ نئے اداکاروں کے لیے اکیڈمی کی حیثیت رکھتے تھے۔

لطیف منا نے ایک ہزار کے قریب ٹی وی اور تھیٹر ڈراموں میں کام کیا، ان کے درجنوں ٹی وی ڈرامے پی ٹی وی پر مسلسل ایک سے ڈیڑھ دہائی تک چلتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: نامور اداکار مرزا شاہی کورونا وائرس کے باعث انتقال کرگئے

لطیف منا کے سندھی کامیڈی ڈرامے صوبے بھر میں مشہور ہوئے اور لوگ پی ٹی وی کے زمانے میں ان کے ڈراموں کا شدت سے انتظار کرتے تھے۔

لطیف منا کے سندھی کامیڈی ڈرامے ’چہچٹو‘ نے سب سے زیادہ مقبولیت حاصل کی اور اسی ڈرامے کے ذریعے ہی انہوں نے کئی نوجوان فنکاروں کو بھی کامیڈی سکھائی۔

لطیف منا اداکاری کے ساتھ بینک میں ملازمت بھی کرتے تھے، جہاں سے وہ 2001 میں ریٹائرڈ ہوئے۔

لطیف منا نے کیریئر کے عروج کے دوران شادی کی اور ان کے تین بچے ہیں، جن میں سے دو بیٹے اور ایک بیٹی ہیں۔

لطیف منا نے درجنوں اردو ڈراموں میں سیریس کردار بھی ادا کیے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
لطیف منا نے درجنوں اردو ڈراموں میں سیریس کردار بھی ادا کیے—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

لطیف منا نے پوری زندگی لیاری میں ہی گزاری اور وہاں تشدد اور حالات خراب ہونے کے باوجود انہوں نے اپنے آبائی علاقے کو نہیں چھوڑا۔

زائد العمری کے باعث لطیف منا گزشتہ کچھ عرصے سے بیمار تھے اور حالیہ چند ماہ میں ان کی بیماری شدید ہوگئی تھی۔

انہیں سانس لینے میں مشکلات سمیت نمونیا جیسی شکایات تھیں اور بیماری کے بستر پر رہنے کی وجہ سے وہ کسمپرسی کی زندگی گزارنے پر مجبور تھے۔

لطیف منا نے سندھی ڈراموں میں کامیڈی کا منفرد انداز متعارف کرایا—فائل فوٹو: حمید بھٹو فیس بک
لطیف منا نے سندھی ڈراموں میں کامیڈی کا منفرد انداز متعارف کرایا—فائل فوٹو: حمید بھٹو فیس بک

اگرچہ سندھ کے محکمہ ثقافت نے ان کے لیے کچھ فنڈز کی منظوری دی تھی، تاہم اس باوجود وہ کسی بڑے نجی ہسپتال سے علاج کروانے سے قاصر تھے، جس کی وجہ سے انہوں نے لیاری کے فلاحی ہسپتال سے علاج کروایا۔

سندھ فنکار ویلفیئر ٹرسٹ کے چیئرمین حمید بھٹو نے اپنی فیس بک پوسٹ میں لطیف منا کی موت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ لیجنڈ اداکار کی نماز جنازہ صبح 10 بجے ادا کرکے انہیں میوہ شاہ قبرستان میں دفنایا جائے گا۔

لطیف منا کے انتقال پر شوبز افراد اور خصوصی طور پر ان کے ساتھھ کام کرنے والے اداکاروں نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی موت کو پاکستان کی کامیڈی شوبز کے لیے بہت بڑا نقصان قرار دیا۔

لطیف منا نے ایک ہزار کے قریب ڈراموں میں اداکاری کی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب
لطیف منا نے ایک ہزار کے قریب ڈراموں میں اداکاری کی—اسکرین شاٹ/ یوٹیوب

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024