• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

کورونا وبا: ملک میں 627 کیسز کا اضافہ، مزید 616 صحتیاب

شائع October 1, 2020 اپ ڈیٹ October 2, 2020
پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں مجموعی صورتحال بہتر ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال اگرچہ بہتر ہے تاہم کچھ روز سے ملک کے مختلف حصوں خاص طور پر سندھ میں کیسز میں اضافہ دیکھا گیا ہے، جس کے بعد کچھ مقامات پر اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز بھی دی گئی ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 13 ہزار 201 ہے جس میں سے 2 لاکھ 97 ہزار 497 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 497 کا انتقال ہوا ہے۔

آج یکم اکتوبر کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 627 مریضوں اور 16 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 616 افراد شفایاب بھی ہوگئے.

ان مجموعی کیسز میں بلوچستان کے 24 جبکہ خیبرپختونخوا کے 35 کیسز گزشتہ روز کے تھے جو آج رپورٹ ہوئے جبکہ دونوں صوبوں میں ایک، ایک موت کا اضافہ بھی ہوا۔

یوں بلوچستان میں کیسز کی تعداد 15 ہزار 281 جبکہ خیبرپختونخوا میں 37 ہزار 811 تک پہنچ گئی۔

اگر اس وائرس کی بات کریں تو اس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد یہ پورے ملک میں پھیل گیا۔

ابتدا میں اس وائرس کے کیسز کی تعداد کم تھی تاہم بعد ازاں اس میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی اور جون میں کافی کیسز رپورٹ ہوئے۔

جون میں تو صورتحال یہاں تک پہنچ گئی تھی کہ یومیہ 6 ہزار سے زائد کیسز اور 100 سے زائد اموات رپورٹ ہونے لگی تھیں، مزید یہ ہسپتالوں پر دباؤ بڑھنے کی اطلاعات بھی سامنے آئیں تھیں۔

تاہم جولائی میں وائرس کے کیسز میں کمی آنے کا سلسلہ شروع ہوا جو اگست میں کچھ بہتر ہوا اور پھر ستمبر میں اس میں مزید بہتری دیکھی جارہی ہے۔

اسی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک میں 6 ماہ سے بند تعلیمی اداروں کو بھی 15 ستمبر سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔

تاہم گزشتہ کچھ روز سے کیسز میں اضافہ رپورٹ ہوا ہے جس کے بعد اسمارٹ لاک ڈاؤن کی تجویز دی گئی ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا کے 361 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی گئی جس کے بعد یہاں متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 467 ہوگئی۔

وزیر اعلیٰ کے دفتر سے جاری یومیہ صورتحال کی رپورٹ میں وائرس سے مزید 13 مریضوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی۔

5 اگست کے بعد صوبے میں ایک روز میں جاں بحق ہونے والوں کی یہ سب سے زیادہ تعداد ہے۔

اس اضافے کے بعد سندھ میں وبا سے مجموعی طور پر اموات 2512 ہوگئی ہیں۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 101 مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 99 ہزار 479 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 2 ہزار 235 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 30 افراد کو متاثر کرگیا۔

ان نئے مریضوں کے بعد وفاقی دارالحکومت میں کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 611 تک پہنچ گئی۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے مزید 34 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 37 ہزار 845 ہوگئی۔

صوبے میں بدھ کو وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا اور اموات کی تعداد 1260 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا کی عالمی وبا کے 9 نئے کیسز کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 9 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 3 ہزار 787 تک پہنچا دیا۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 33 نئے مریض سامنے آئے۔

آزاد کشمیر میں ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 731 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ دیکھا جارہا ہے اور گزشتہ 24 گھںٹوں میں 616 مریض شفایاب ہوگئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق مزید 616 مریضوں کے صحتیاب ہونے کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 97 ہزار 497 تک پہنچ گئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 313201

اموات: 6497

صحتیاب: 297497

فعال کیسز: 9207

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 37 ہزار 467 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 99 ہزار 479 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 845 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 281 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 611، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 787 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 731 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2512

پنجاب: 2235

خیبرپختونخوا: 1260

بلوچستان: 146

اسلام آباد: 182

گلگت بلتستان: 88

آزاد کشمیر: 74

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024