• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

وائس ایڈمرل امجد خان نیازی پاک بحریہ کے نئے سربراہ نامزد

شائع October 1, 2020
پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ کمان کی تبدیلی کا انعقاد بدھ (7 اکتوبر) کو ہوگا—تصویر: اسکرین شاٹ
پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ کمان کی تبدیلی کا انعقاد بدھ (7 اکتوبر) کو ہوگا—تصویر: اسکرین شاٹ

اسلام آباد: حکومت نے وائس ایڈمرل امجد خان نیازی کو اگلا چیف آف نیول اسٹاف (سی این ایس) نامزد کردیا۔

پاک بحریہ کے موجودہ سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی 6 اکتوبر کو ریٹائر ہوجائیں گے جن کی جگہ ایڈمرل امجد خان نیازی منصب سنبھالیں گے۔

حکومت کی جانب سے باضابطہ تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کرنا ابھی باقی ہے تاہم وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر شہباز گل نے تصدیق کردی کہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی کے جانشین کے طور پر ایڈمرل امجد خان نیازی کو نامزد کیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: وائس ایڈمرل محمد فیاض جیلانی پاک بحریہ کے وائس چیف آف نیول اسٹاف تعینات

پاک بحریہ کے ترجمان نے کہا کہ کمان کی تبدیلی کا انعقاد بدھ (7 اکتوبر) کو ہوگا۔

پاک بحریہ کی کمان سنبھالنے سے پہلے اس وقت بحیثیت وائس چیف آف نیول اسٹاف (آپریشنز) اپنے فرائض انجام دینے والے وائس ایڈمرل امجد خان نیازی کو ایڈمرل کے عہدے پر ترقی دی جائے گی۔

وائس ایڈمرل امجد خان نیازی نے 1985 میں پاک بحریہ کی آپریشنز برانچ میں کمیشن حاصل کیا تھا اور پاکستان نیول اکیڈمی میں ابتدائی تربیت حاصل کرنے کے بعد اعزازی شمشیر بھی جیتی تھی۔

انہوں نے مختلف کمانڈ اور اسٹاف عہدوں پر اپنے فرائض انجام دیے، کمانڈ میں ان کی تعیناتی جہاں ہوئی ان میں پاکستان فلیٹ کمانڈر، پی این ایس بدر اور پی این ایس طارق کے کمانڈنگ آفیسر، 18 ڈسٹرائیر کمانڈر، کمانڈنٹ پی این ایس بہادر اور کمانڈنٹ پاکستان نیوی وار کالج/کمانڈر سینٹرل پنجاب لاہور شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: چیف آف دی نیول اسٹاف اوپن شوٹنگ چیمپئن شپ، پاک بحریہ کے نام

ان کی سابق تعیناتیوں میں چیف آف نیول اسٹاف کے پرنسپل سیکریٹری، ایف-22 پی مشن چائنا کے سربراہ، ڈپٹی چیف آف نیول اسٹاف (ٹریننگ اینڈ ایویلوایشن) اور ڈائریکٹر جنرل آف نیول انٹیلیجنس شامل ہے۔

وہ آرمی کمانڈ اینڈ اسٹاف کالج کوئٹہ اور نیشنل ڈیفینس یونیورسٹی اسلام آباد سے فارغ التحصیل ہیں جبکہ بیجنگ کی یونیورسٹی آف ایروناٹکس اینڈ ایسٹروناٹکس سے انڈر واٹر اکوسٹکس میں ماسٹر کی ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

وائس ایڈمرل امجد خان نیازی کو ستارہ امتیاز (فوجی) اور ستارہ بسالت بھی مل چکا ہے جبکہ انہیں حکومت فرانس نے فرانسیسی اعزاز چیولیئر (نائٹ) سے بھی نوازا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سربراہ پاک بحریہ کا عدالت میں سیلنگ کلب کی تعمیر کا دفاع

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر ) کا کہنا تھا کہ موجودہ چیف آف نیول اسٹاف نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الوداعی ملاقات کے لیے جنرل ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ’آرمی چیف نے طویل اور شاندار کیریئر کے دوران قوم کے لیے خدمات پر چیف آف نیول اسٹاف کا شکریہ ادا کیا۔


یہ خبر یکم اکتوبر 2020 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024