• KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm
  • KHI: Maghrib 5:48pm Isha 7:09pm
  • LHR: Maghrib 5:03pm Isha 6:30pm
  • ISB: Maghrib 5:03pm Isha 6:32pm

خیبرپختونخوا میں ایک روز میں دوسرا دھماکا، دو بیٹیوں اور باپ سمیت 4 افراد جاں بحق

شائع September 29, 2020 اپ ڈیٹ September 30, 2020
—فائل فوٹو: اے ایف پی
—فائل فوٹو: اے ایف پی

خیبرپختونخوا میں 24 گھنٹے کے اندر ہونے والے دوسرے دھماکے میں دو کمسن بیٹیوں اور باپ سمیت 4 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ضلع مردان میں کاروباری مرکز 'جج بازار' میں سائیکل میں نصب دھماکا خیز مواد پھٹنے سے متعدد افراد زخمی بھی ہو گئے۔

مزید پڑھیں: نوشہرہ: دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق، 2 زخمی

پولیس نے بتایا کہ دھماکے سے 2 پولیس اہلکار سمیت 18 افراد زخمی ہوئے جن میں 3 کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔

ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ دھماکے کے مقام کے قریب موجود پولیس وین کو بھی نقصان پہنچا اور خدشہ ہے کہ دھماکے میں پولیس وین کو نشانہ بنایا گیا ہو۔

دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں میں عارف اور ان کی 2 کم سن بیٹیاں ایمان اور اریبہ شامل ہیں جبکہ ایک شخص کی شناخت ثاقب علی کے نام ہوئی۔

ڈاکٹر زاہد نے بتایا کہ ثاقب علی کو زخمی حالات میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاسکا اور دم توڑ دیا۔

دوسری جانب پولیس نے بتایا کہ دھماکے میں دو پولیس اہلکار امتیاز اکبر اور حماد بھی زخمی ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: ڈیرہ اسمٰعیل خان: پولیس وین کے قریب دھماکا، ایک اہلکار شہید

ہسپتال میں زیر علاج زخمی ہونے والے افراد کی شناخت جواد، روزی خان، عادل، بختیار علی، عبدالرؤف، محمد آباد، یاسین، روزامین، بلال، عبدالودود، عبدالرحمٰن، واحد، کاشف، محسن، واحد اور راشد کے ناموں سے ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو شہر کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں 3 زخمیوں کی حالت نازک بتائی گئی ہے۔

خیال رہے کہ منگل کو ہی خیبر پختونخوا کے ضلع نوشہرہ کے علاقے اکبرپورہ میں دھماکے کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق جبکہ 2 زخمی ہوگئے تھے۔

ڈی پی او نجم الحسن نے بتایا تھا کہ دھماکا دریائے کابل کے ساتھ موجود مارکیٹ میں ہوا۔

ان کا کہنا تھا کہ کچھ لوگ دریائے کابل کے کنارے سے پتھروں سے کچھ اسکریپ کا سامان نکال رہے تھے، جس میں کچھ دھماکا خیز مواد بھی تھا جو اس وقت پھٹ گیا جب وہ اس کا وزن کر رہے تھے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل پاک افغان سرحد کے قریب لوئر کرم کے علاقے شاروکی میں امام بارگاہ میں ہوئے دھماکے میں ایک شخص زخمی ہوا تھا۔

مزید پڑھیں: پشاور: پولیس چیک پوسٹ کے قریب دھماکا، 10 افراد زخمی

مقامی پولیس عہدیدار یعقوب خان نے بتایا تھا کہ دھماکا خیز مواد مسجد میں نصب کیا گیا تھا۔

قبل ازیں فروری 2020 میں خیبرپختونخوا کے شہر ڈیرہ اسمٰعیل خان میں پولیس وین کے قریب امپرووائسڈ ایکسپلوزو ڈیوائس (آئی ای ڈی) کے دھماکے میں ایک اہلکار شہید جبکہ 2 زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024