• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

ایل او سی: بھارتی فوج کی فائرنگ سے پاک فوج کا سپاہی اور ایک نوجوان شہید

شائع September 29, 2020
شیلنگ سے مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی آئیں—فائل فوٹو: اے ایف پی
شیلنگ سے مکانات کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات بھی آئیں—فائل فوٹو: اے ایف پی

مظفر آباد: آزاد جموں اور کشمیر (اے جے کے) میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے ساتھ بروہ اور تندر سیکٹر میں بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں پاک فوج کا جوان اور ایک نوجوان شہید ہوگیا جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دیا۔

پاک فوج کے شہید سپاہی شفیق—آئی ایس پی آر
پاک فوج کے شہید سپاہی شفیق—آئی ایس پی آر

آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے مؤثر جواب کے نتیجے میں بھارتی پوسٹس سمیت جانی و مالی نقصان پہنچنے کی اطلاعات ہیں۔

تاہم شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا کہ فائرنگ کے شدید تبادلے کے نتیجے میں پاک فوج کا سپاہی شفیق جام شہادت نوش کرگیا۔

قبل ازیں ڈان اخبار کی رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ ضلع بھمبر کے سپرنٹنڈنٹ پولیس میر محمد عابد کا کہنا تھا کہ شام 5 بجے بھارتی فوج کی جانب سے 'بھاری' شیلنگ کے بعد مختلف گاؤں اور ساماہنی کی دھال کھمباہ یونین کونسل میں لوگ زخمی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ سونا میں بروہ گاؤں کے قریب ایک بستی میں ایک کالج کا طالبعلم اس وقت زندگی گنوا بیٹھا جب ایک مارٹر شیل کا خول اس کے قریب آگرا اور اس کے جسم کو چھلنی کردیا۔

مزید پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ سے فوجی جوان شہید

متوفی کی شناخت 16 سالہ ولید کے نام سے ہوئی۔

ایس پی میر عابد کا کہنا تھا کہ بروہ گاؤں میں دشمن کی شیلنگ سے 60 سالہ راجا مسعود اور 50 سالہ یاسین زخمی ہوئے۔

اس کے علاوہ ان کا کہنا تھا کہ کھمباہ گاؤں میں 25 سالہ مصباح، 22 سالہ محمد سلیمان اور 40 سالہ محمد ظہیر جبکہ رام لوہ گاؤں میں 70 سالہ محمد قاسم زخمی ہوگیا۔

ادھر بھمبر میں ڈیزاسٹر منیجمنٹ افسر کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقے گاڑی اور کئی مکانات کو نقصان پہنچنے کے اطلاعات ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ سے ایک مختصر بیان میں آزاد جموں کشمیر کے وزیراعظم راجا فاروق حیدر 'آزاد کشمیر کی شہری آبادی پر بلااشتعال بھارتی شیلنگ' کی مذمت کی اور اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ بھارت کے جنگی جنون کا سخت نوٹس لیں۔

واضح رہے کہ 27 ستمبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے پاک فوج کا جوان شہید ہوگیا تھا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے بتایا تھا کہ بھارتی فوج نے ایل او سی کے کوٹ کوٹیرا سیکٹر پر بلااشتعال فائرنگ کی تھی، تاہم پاک فوج نے بھارتی اشتعال انگیزی کا مؤثر جواب دیا تھا اور بھارتی فوجی چیک پوسٹوں کو نشانہ بنایا تھا جس سے اسے جانی و مالی نقصان ہوا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: ایل او سی پر بھارت کی بلااشتعال فائرنگ، پاک فوج کے 2 جوان شہید

اس سے قبل 23 ستمبر کو بھی بھارت نے ایل او سی پر جنگ بندی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلااشتعال شیلنگ کی تھی، جس کے نتیجے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہو گئے تھے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ لائن آف کنٹرول پر دیوا سیکٹر میں بھارتی فوج کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس پر پاک فوج نے انہیں منہ توڑ جواب دیتے ہوئے فائرنگ شروع کرنے والی چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔

خیال رہے کہ بھارتی افواج کی جانب سے سیز فائر کی خلاف ورزی اور بلااشتعال فائرنگ کا سلسلہ ایک عرصے سے جاری ہے اور صرف سال 2020 میں بھارتی فوج 2 ہزار 340 سے زائد مرتبہ سیز فائر کی خلاف ورزی کر چکی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024