• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

سری لنکا، بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کا قرنطینہ پر اختلاف، سیریز مؤخر

شائع September 29, 2020
بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان سیریز اگلے ماہ شیڈول تھی—فوٹو:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بشکریہ کرک انفو
بنگلہ دیش اور سری لنکا کے درمیان سیریز اگلے ماہ شیڈول تھی—فوٹو:بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ بشکریہ کرک انفو

سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ کے درمیان قرنطینہ کی پالیسی پر اختلاف کے باعث بنگلہ دیش کا دورہ سری لنکا مؤخر ہوگیا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق دونوں بورڈز کے درمیان قرنطینہ سے متعلق معاملات پر کئی ہفتوں سے جاری مذاکرات حتمی نتیجے تک پہنچنے میں ناکام ہوگئے۔

سری لنکا کے صحت حکام نے تجویز دی تھی کہ قرنطینہ کی مدت 14 روز ہوگی اور کھلاڑیوں کی نقل و حرکت ہوٹل کے کمرے تک محدود رہے گی جبکہ بنگلہ دیش کے بورڈ نے اس تجویز سے اتفاق نہیں کیا۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ نے پاکستان، ویسٹ انڈیز کے کرکٹ دوروں کی منظوری دے دی

بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ (بی سی بی) کے صدر نظم الحسن کا کہنا تھا کہ تاحال دورے کو منسوخ نہیں کیا گیا لیکن دونوں بورڈز کے درمیان معاہدے پر ناکامی کے بعد دورے کو دوبارہ شیڈول کرنے کے لیے کہا گیا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سری لنکا میں جانے والے ہر سیاح کو 14 روز کا قرنطینہ ضروری ہے اس لیے بورڈ نے ہمیں واضح کیا تھا کہ اس سلسلے میں ہم کچھ نہیں کرسکتے۔

بی سی بی کے صدر نے کہا کہ ہم نے انہیں آگاہ کیا کہ پھر دورے کو حالات ٹھیک ہونے تک مؤخر کیا جائے اور ہم ان کی گائیڈ لائنز پر آئی سی سی ٹیسٹ چمپیئن شپ نہیں کھیل سکتے۔

ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ بورڈ اور وزارت کھیل نے بہت کوششیں کیں، انہوں نے ہمارے تمام مطالبات مان لیے لیکن 14 روزہ قرنطینہ پر اختلاف ہوا۔

نظم الحسن کا کہنا تھا کہ سری لنکا جس کو قرنطینہ کہہ رہے ہیں دراصل وہ مکمل آئسولیشن ہے، ایک کرکٹر کو اس آئسولیشن سے نکلنے کے لیے جسمانی اور دماغی فٹنس کے لیے طویل وقت درکار ہوتا ہے، ان حالات میں کھیل ممکن نہیں ہوگا۔

بی سی بی کے صدر نے دو ہفتے قبل کہا تھا کہ 14 روزہ قرنطینہ کی شرط پر ٹیم سری لنکا نہیں جائے گی جس کے بعد سری لنکا کے وزیر کھیل نمال راجاپاکسے نے کہا تھاکہ وہ کووڈ-19 سے متعلق معاملات دیکھنے والی کمیٹی سے بات کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں:زمبابوے کی ٹیم کو دورہ پاکستان کی اجازت مل گئی

سری لنکا کی وزارت کھیل نے اپنی وزارت صحت کو واضح کیا تھا کہ اگر 14 روزہ قرنطینہ میں نرمی نہیں کی گئی تو دونوں ممالک کے درمیان اختلاف ہوگا لیکن انہوں نے انکار کردیا۔

بنگلہ دیش کے کرکٹ بورڈ نے دورے کے لیے 27 رکنی ابتدائی اسکواڈ کا بھی اعلان کیا تھا اور گزشتہ ہفتے ٹریننگ بھی شروع کردی تھی۔

خیال رہے کہ بنگلہ دیش کو دورے میں سری لنکا کے خلاف 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیلنی تھی جو اب مؤخر ہوگئی ہے۔

شیڈول کے مطابق دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ 23 اکتوبر کو پالی کیلے میں شروع ہونا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024