• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

خیبرپختونخوا کے وزیر صحت تیمور جھگڑا کووڈ-19 کا شکار

شائع September 28, 2020 اپ ڈیٹ September 29, 2020
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ گھر سے کام جاری رکھوں گا—فوٹو:اے پی پی
صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ گھر سے کام جاری رکھوں گا—فوٹو:اے پی پی

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی خیبرپختونخوا (کے پی) حکومت کے وزیر صحت تیمور سلیم جھگڑا کا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آگیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ 'میرا کووڈ-19 ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور گھر میں ہی آئسولیشن میں ہوں'۔

انہوں نے کہا کہ 'میں ٹھیک اور صحت مند ہوں تاہم ہلکی کھانسی ہے'۔

صوبائی وزیر صحت کا کہنا تھا کہ 'صحت کے مطابق میں اپنا کام گھر سے جاری رکھوں گا، انشااللہ جلد واپسی کی امید ہے اور اگر کسی کا مجھ سے رابطہ رہا ہے تو برائے مہربانی اپنا ٹیسٹ کروائیں'۔

تیمور سلیم جھگڑا حکمران جماعت پی ٹی آئی سمیت کووڈ-19 کا شکار ہونے والے دیگر سیاست دانوں اور وزرا کی فہرست میں شامل ہوگئے ہیں۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف بھی کورونا وائرس سے متاثر

خیال رہے کہ پاکستان میں فروری کے آخر سے اب تک کورونا وائرس کے 3 لاکھ 11 ہزار 219 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 460 متاثرین انتقال کرگئے۔

پاکستان میں اب تک کورونا سے صحت یاب ہونے والے متاثرین کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔

تیمور جھگڑا نے رواں سال مئی میں اپنے بیان میں کہا تھا کہ کے پی میں متاثرین کی صحت کی شرح اسلام آباد اور دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ ہے۔

پاکستان میں اب تک کورونا کا شکار ہونے والے معروف سیاست دانوں میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، قائد حزب اختلاف شہباز شریف، گورنر سندھ عمران اسمٰعیل، پی پی پی کے سینیئر رہنما سعید غنی، وزیر ریلوے شیخ رشید اور وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سمیت دیگر شامل ہیں۔

مذکورہ تمام سیاسی رہنما کورونا وائرس سے صحت یاب ہوئے۔

کورونا وائرس کے باعث انتقال کرنے والے پاکستانی سیاست دانوں میں بلوچستان کے سابق گورنر سید فیصل آغا، پی ٹی آئی پنجاب کی رکن اسمبلی شاہین رضا، سندھ کے صوبائی وزیر غلام مرتضیٰ بلوچ، رکن قومی اسمبلی منیر خان اورکزئی اور پی ٹی آئی کے جمشیدالدین کاکاخیل کورونا سے جانبر نہ ہوسکے۔

30 مئی کو وزیر مملکت برائے سیفران اور انسداد منشیات شہریار آفریدی نے عالمی وبا کورونا وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق کی تھی۔

3 جون کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے اراکین فیصل زیب خان اور صلاح الدین کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی گئی تھی۔

8 جون کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینئر نائب صدر شاہد خاقان عباسی کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا تھا۔

مزید پڑھیں: مسلم لیگ (ن) کے احسن اقبال، پی ٹی آئی کے فرخ حبیب بھی کورونا میں مبتلا

اسی روز مسلم لیگ(ن) کے رہنماؤں طارق فضل چوہدری، مریم اورنگزیب اور ان کی والدہ طاہرہ اورنگزیب میں کورونا کی تصدیق ہوئی تھی۔

بعد ازاں مسلم لیگ(ن) کے سیکریٹری جنرل اور سابق وزیر داخلہ احسن اقبال میں بھی کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی۔

13 ستمبر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کے صاحبزادے اور پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز لاہور کی جیل میں کورونا وائرس کا شکار ہوگئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024