• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

کے پی حکومت کا دلیپ اور راج کپور کے گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

شائع September 28, 2020 اپ ڈیٹ September 29, 2020
دونوں لیجنڈز کی پیدائش پشاور میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز
دونوں لیجنڈز کی پیدائش پشاور میں ہوئی تھی—فائل فوٹو: ہندوستان ٹائمز

خیبر پختونخوا (کے پی) حکومت نے دارالحکومت پشاور میں موجود بولی وڈ کے لیجنڈ اداکاروں دلیپ کمار اور راج کپور کے آباؤ اجداد کے گھروں کو سرکاری تحویل میں لے کر میوزیم میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے ڈائریکٹر ڈاکٹر عبدالصمد نے ڈان نیوز کو بتایا کہ دونوں بولی وڈ لیجنڈز کے آبائی گھروں کو خریدنے کے لیے سرکاری سطح پر کارروائی شروع کردی گئی۔

ڈاکٹر عبدالصمد کے مطابق دونوں اداکاروں کے گھروں کے حالیہ مالکان وہاں کمرشل پلازہ بنانے کے خواہاں ہیں اور انہوں نے اسی سلسلے میں دونوں تاریخی عمارتوں کی توڑ پھوڑ بھی شروع کردی تھی۔

محکمہ آثار قدیمہ و میوزیم کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور کو ایک مراسلہ جاری کردیا گیا ہے، جس میں مذکورہ دونوں گھروں کی خرید و فروخت کے حوالے سے دفعہ 144 نافذ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ آثار قدیمہ نے بتایا کہ دلیپ کمار اور راج کپور کے آبائی گھروں کے حالیہ مالکان کی جانب سے توڑ پھوڑ شروع کیے جانے کے بعد کارروائی کرکے 10 افراد کو گرفتار بھی کیا جا چکا ہے اور دونوں گھروں کو خریدنے کے لیے ضروری کارروائی کا آغاز بھی کردیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: پشاور کا بولی وڈ سے گہرا تعلق

ان کے مطابق دلیپ اور راج کپور کے گھروں کو حکومت خرید کر وہاں تزئین و آرائش کے بعد دونوں جگہوں کو میوزیم میں تبدیل کرکے سیاحت کو فروغ دے گی۔

راج کپور کے آبائی گھر کا عکس—فوٹو: شکیل واحد اللہ
راج کپور کے آبائی گھر کا عکس—فوٹو: شکیل واحد اللہ

ڈاکٹر عبد الصمد نے بتایا کہ ڈپٹی کمشنر پشاور کو دونوں گھروں کی قیمت بھی بتانے کی ہدایات کی گئی ہیں تاکہ اس ضمن میں کوششیں کرکے گھروں کو خریدا جا سکے۔

انہوں نے تصدیق کی کہ حالیہ مالکان کو دونوں بولی وڈ لیجنڈ اداکاروں کے آبائی گھروں کی خرید و فروخت یا ان کی توڑ پھوڑ سے روک دیا گیا ہے اور انتظامیہ کو وہاں دفعہ 144 نافذ کرنے کی اپیل بھی کردی گئی ہے۔

اگرچہ انہوں نے دونوں گھروں کو میوزیم میں تبدیل کرنے کے حکومتی فیصلے کی تصدیق کی تاہم انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کب تک دونوں گھروں کو میوزیم میں تبدیل کیا جا سکے گا۔

خیال رہے کہ دلیپ اور راج کپور تقسیم ہند سے قبل متحدہ ہندوستان میں پشاور میں پیدا ہوئے تھے۔

دلیپ کمار کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے قصہ خوانی بازار میں 1922 میں مسلمان گھرانے میں ہوئی تھی اور ان کا اصل نام محمد یوسف ہے۔

دلیپ کمار کو ان کی فلمی خدمات پر حکومت پاکستان نشان امتیاز سے بھی نواز چکی ہے۔

اسی طرح راج کپور کی پیدائش پشاور کے حالیہ علاقے حویلی دلگران میں ہندو خاندان میں 1924 میں ہوئی تھی۔

دونوں بولی وڈ لیجنڈز کے علاوہ بھی دیگر چند بولی وڈ شخصیات پشاور اور خیبرپختونخوا کے دیگر علاقوں میں پیدا ہوئی تھیں جب کہ متعدد شخصیات حالیہ پاکستان کے دیگر صوبوں پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے کچھ علاقوں میں بھی پیدا ہوئی تھیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024