• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

نواز شریف نے باقی کی زندگی لندن میں گزارنے کا فیصلہ کرلیا ہے، شیخ رشید

شائع September 28, 2020
فائل فوٹو:ڈان نیوز
فائل فوٹو:ڈان نیوز

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے پاکستان آنے کے لیے اپنا جمہوری گلا خود دبایا ہے، انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ وہ اب اپنی باقی کی زندگی لندن میں ہی گزاریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ 'نواز شریف پاک فوج کے خلاف بھارت کا بیانیہ پیش کر رہے ہیں، وہ کہتے ہیں کہ میری عمران خان سے نہیں کسی اور سے لڑائی ہے'۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 'ضیا الحق کی گود میں پلنے والے لوگ اپنے آپ کو فوج کے خلاف کیسے کرسکتے ہیں'۔

انہوں نے سابق صدر آصف زرداری اور ان کی ہمشیرہ کے خلاف احتساب عدالت کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ 'ان پر فرد جرم عائد ہوگئی، دسمبر تک سب جگہ جھاڑو پھر جائے گا'۔

مزید پڑھیں: 'اے پی سی ہوئی تو 30 دسمبر سے قبل ن لیگ سے ش لیگ الگ ہوجائے گی'

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'معلوم نہیں کہ بلاول بھٹو زرداری مجھ سے کیوں ڈر رہے ہیں، شرارت کا اب مجھ میں کوئی عنصر نہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ بلاول بھٹو پاکستان کی سیاست میں مثبت کردار ادا کرسکتے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'اگر انہوں نے فیصلہ کرلیا ہے کہ جہاں میں ہوں گا وہاں وہ نہیں آئیں گے تو میں قومی اسمبلی میں بھی ہوں'۔

اے پی سی کے جلسے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'جہاں اے پی سی جلسہ کرے گی میں بھی وہیں پر جلسہ کروں گا، وہ وقت ختم ہوگیا جب 5 ہزار لوگوں کو 50 ہزار بتایا جاتا تھا'۔

حکومت اور فوج کے درمیان تعلقات کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'کسی کی کسی سے ناراضی نہیں، پاکستان کی افواج اور حکومت ایک پیج پر ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان چٹان کی طرح ڈٹے ہوئے ہیں، وہ کرپٹ رہنماؤں کو آئین و قانون کے مطابق ان کی جگہ پر پہنچائیں گے۔

ایک صحافی کی جانب سے طلال چودھری سے متعلق سوال کیا گیا تو جواب میں انہوں نے کہا کہ 'یہ میرا لیول نہیں ہے'۔

ریلوے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'جلد ریلوے کی زمین سے تمام تجاوزات ختم کرادیں گے اور آئندہ 15 روز میں برطانوی دور کا نقشہ بھی جاری کردیں گے'۔

ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کا اصل کام کراچی میں ہے اور لاہور صرف بحث کرنے کی جگہ ہے۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ ساڑھے 4 مہینے ریل نہیں چلی جس کی وجہ سے معاشی بحران کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اس کو ختم کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ 6 ٹرینیں نجی مسافروں کو دے دی ہیں، 17 کا ٹینڈر کر رہا ہوں، چاہتا ہوں ریلوے سے کرپشن ختم ہوجائے۔

یہ بھی پڑھیں: 'اے پی سی کے فیصلوں پر ایک قدم آگے بڑھ کر عمل کریں گے'

کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ 'کے سی آر کے لیے مراد علی شاہ کے ساتھ مل کر ٹرین چلائیں گے، اگر وہ خود چلانا چاہیں تو انہیں بنا کر ان کے حوالے کرنے کو تیار ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم نہیں چاہتے کہ کہیں بھی رکاوٹ کھڑی ہو'۔

وزیر اعظم کے گیارہ سو ارب کے کراچی پیکج کے اعلان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ کراچی کو پیکج ملے گا اور سارا کچرا بھی اٹھ جائے گا۔

ریلوے کی جانب سے ٹریکنگ ایپ کو ٹیک اوور کرنے کے حوالے سے سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ ریلوے کبھی اسے ٹیک اوور نہیں کرے گی، ریلوے جسے ٹیک اوور کرے گی تباہ کردے گی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024