• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

کورونا وائرس: ملک میں 944 نئے کیسز اور 12 اموات کا اضافہ

شائع September 28, 2020 اپ ڈیٹ September 29, 2020
ملک میں کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں کیسز کی تعداد میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا گیا ہے—فائل فوٹو: اے پی

دنیا بھر میں 3 کروڑ سے زائد لوگوں کو متاثر اور 10 لاکھ سے زائد اموات کا سبب بننے والے مہلک کورونا وائرس کی پاکستان میں اگرچہ مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم گزشتہ کچھ روز سے مختلف حصوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں کیسز میں کچھ حد تک اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک میں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 11 ہزار 219 ہوچکی ہے جس میں 2 لاکھ 96 ہزار 22 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 469 کا انتقال ہوا ہے۔

آج (28 ستمبر) کی شام تک ملک میں مجموعی طور پر 944 کیسز اور 12 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں سندھ کے 251 کیسز اور 6 اموات، بلوچستان کے 73 اور خیبرپختونخوا کے 84 کیسز وہ بھی تھے جو گزشتہ روز کے اعداد و شمار تھے۔

خیال رہے کہ پاکستان جو دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی صورتحال کافی تیزی سے بہتر ہوئی اور یہاں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں بھی ہٹادی گئی ہیں۔

یہی نہیں بلکہ یہاں کورونا وائرس کے 95 فیصد سے زائد مریض شفایاب ہوگئے ہیں جبکہ حالیہ تحقیق میں یہ بات بھی سامنے آئی تھی کہ ملک میں کورونا وائرس کی دوسری لہر کے امکانات کم ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو رپورٹ ہوا تھا، جس کے بعد سب سے پہلے جو شعبہ بند کیا گیا تھا وہ تعلیم کا تھا، جس کی بڑی وجہ طلبہ کو کورونا وائرس سے محفوظ رکھنا تھا۔

ملک میں ابتدا میں اس وائرس کا پھیلاؤ کم تھا تاہم ایک ماہ بعد یعنی اپریل میں کیسز بڑھنا شروع ہوئے اور مئی میں اس تعداد میں اضافہ دیکھا گیا جبکہ جون میں صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی۔

جون میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زائد رپورٹ ہونے لگیں جس نے ہسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھا دیا، تاہم جولائی میں صورتحال بہتر ہونا شروع ہوئی اور اگست میں یہ مزید بہتر ہوئی جس کے بعد تعلیمی اداروں اور شادی ہالز کے سوا وہ تمام شعبے مکمل طور پر کھول دیے گئے جو کورونا کی وجہ سے بند کیے گئے تھے۔

بعد ازاں ستمبر میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال مزید بہتر ہونے پر تعلیمی اداروں کو مرحلہ وار کھول دیا گیا جبکہ شادی ہالز سے بھی پابندیاں ہٹادی گئیں۔

آج 28 ستمبر کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق سندھ میں گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران کورونا کے 378 نئے کیسز اور 3 اموات سامنے آئیں۔

انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد صوبے میں وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 395 اور مجموعی اموات 2495 ہوگئی ہیں۔

پنجاب

ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 91 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 91 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 99 ہزار 219 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کی وفات سے وہاں مجموعی اموات کی تعداد 2 ہزار 231 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عالمی وبا کورونا وائرس مزید 30 افراد کو متاثر کرگئی۔

اعداد و شمار کے مطابق 30 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 470 تک پہنچ گئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثرہ علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں مزید 19 مریضوں کی تصدیق ہوئی جبکہ 2 افراد کا انتقال بھی ہوا۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 19نئے مریضوں نے وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 681 تک پہنچ گئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال سے وہاں اموات کی مجموعی تعداد 87 تک جا پہنچی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 12 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق 12 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 661 ہوگئی۔

صحتیاب

ملک میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور مزید 409 افراد شفایاب ہوئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان نئے مریضوں کے شفایاب ہونے سے ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب افراد کی تعداد 2 لاکھ 96 ہزار 22 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 311219

اموات: 6469

صحتیاب: 296022

فعال کیسز: 8728

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 36 ہزار 395 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 99 ہزار 219 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 701 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 15 ہزار 92 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 470، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 681 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 661 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2495

پنجاب: 2231

خیبرپختونخوا: 1259

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 181

گلگت بلتستان: 87

آزاد کشمیر: 71

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024