• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

حمزہ علی عباسی کا شوبز میں واپسی کا عندیہ

شائع September 28, 2020
دو شوبز منصوبوں پر کام کر رہا ہوں، حمزہ علی عباسی—فائل فوٹو: فیس بک
دو شوبز منصوبوں پر کام کر رہا ہوں، حمزہ علی عباسی—فائل فوٹو: فیس بک

نومبر 2019 میں شوبز سے طویل عرصے تک کنارہ کشی اختیار کرنے والے حمزہ علی عباسی نے محض ایک سال سے بھی کم عرصے بعد واپسی کا عندیہ دے دیا۔

نجی ٹی وی ایکسپریس کے ریئلٹی کامیڈی شو 'کسوٹی آن لائن' میں بات کرتے ہوئے انہوں نے انکشاف کیا کہ وہ اس وقت 2 مختلف شوبز منصوبوں پر کام کرنے میں مصروف ہیں۔

میزبان احمد علی بٹ کی جانب سے شوبز چھوڑنے کا سوال پوچھے جانے پر حمزہ علی عباسی نے واضح کیا کہ انہوں نے شوبز کو خیرباد نہیں کہا تھا بلکہ انہوں نے کچھ وقفہ لیا تھا۔

حمزہ علی عباسی نے انکشاف کیا کہ وہ اس وقت دو شوبز منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور ان کی کوشش ہے کہ مذکورہ منصوبے جلد مکمل ہوجائیں اور ان ہی منصوبوں کے ذریعے وہ شوبز میں واپسی کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: حمزہ علی عباسی کا 'اداکاری سے کنارہ کشی' کا اعلان

حمزہ علی عباسی نے واضح نہیں کیا کہ وہ کس طرح کے دو منصوبوں پر کام کر رہے ہیں تاہم انہوں نے تصدیق کی کہ وہ شوبز منصوبوں پر کام کر رہے ہیں اور جلد ہی شوبز میں واپسی کریں گے۔

پروگرام میں حمزہ علی عباسی کے ساتھ اداکار و ہدایت کار گوہر رشید بھی شامل ہوئے اور دونوں نے ایک گیم بھی کھیلا، جس میں حمزہ علی عباسی فاتح ٹھہرے۔

حمزہ علی عباسی کی جانب سے شوبز میں واپسی کا عندیہ دیے جانے کے بعد خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ 2021 کے آغاز میں اسکرین پر واپسی کریں گے تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

ساتھ ہی چہ مگوئیاں ہیں کہ ممکنہ طور پر وہ کسی مذہبی پروگرام کے ساتھ واپسی کریں گے، لیکن اس حوالے سے بھی خود حمزہ علی عباسی نے کوئی وضاحت نہیں کی۔

مزید پڑھیں: اداکاری چھوڑی نہیں صرف بریک لیا ہے، حمزہ علی عباسی

حمزہ علی عباسی نے جس وقت شوبز سے طویل عرصے تک کنارہ کشی کا اعلان کیا تھا، اس وقت ان کی آنے والی ایکشن فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ تکمیل کے آخری مراحل میں تھی اور اب اس فلم کی شوٹنگ مکمل ہوچکی ہے۔

تاہم کاپی رائٹس اور بعد ازاں کورونا کی وبا کے باعث اس کی ریلیز تاخیر کا شکار ہوئی، لیکن اب خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ان کی مذکورہ رواں سال کے آخر یا پھر آئندہ سال کے آغاز میں ریلیز کی جائے گی۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں حمزہ علی عباسی کے ساتھ فواد خان اور ماہرہ خان جیسے اداکار بھی ایکشن میں دکھائی دیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024