دادو: شادی کے تنازع پر گھر میں دو لڑکیوں پر فائرنگ، ایک ہلاک
صوبہ سندھ کے ضلع دادو کے گاؤں سوبدار واہ میں دو نامعلوم افراد نے کم عمر لڑکیوں پر ان کے گھر میں فائرنگ کردی جس میں سے ایک موقع پر ہی دم توڑ گئی جبکہ دوسری شدید زخمی ہوگئی۔
کے این شاہ تعلقہ کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ڈی ایس پی) شاہ پیر بخش چانڈیو نے کہا کہ فائرنگ کی اطلاع ملنے کے بعد پولیس مقتولہ لڑکی کے گھر پہنچی البتہ ملزمان فرار ہو گئے۔
انہوں نے بتایا کہ واقعہ شادی کے تنازع کی وجہ سے پیش آیا۔
مزید پڑھیں: دادو میں 10 سالہ لڑکی کو 'سنگسار' کرنے کا الزام، والدین سمیت 4 گرفتار
دونوں متاثرہ لڑکیاں آپس میں کزن ہیں اور واقعے کے بعد انہیں کے این شاہ تعلقہ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس افسر کا کہنا تھا کہ قتل ہونے والی لڑکی کا پوسٹ مارٹم کروایا جارہا ہے جبکہ زخمی ہونے والی لڑکی کا علاج جاری ہے۔
دوسری جانب ایس ایچ او غلام حیدر نے کہا کہ پولیس کو شک ہے کہ لڑکیوں پر ان کے چچا اور کزن نے فائرنگ کی ہے اور اس کی وجہ شادی کا تنازع معلوم ہوتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جیکب آباد: 10 سالہ بچی کا قتل، ملزمان کو عمر قید کی سزا
دادو کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) فرخ رضا ملک نے کہا کہ وہ واقعے کی نوعیت کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتے اور پولیس تمام پہلوؤں پر تفتیش کر رہی ہے۔
اس رپورٹ کے شائع ہونے تک واقعے کی ایف آئی آر درج نہیں کی گئی تھی۔