• KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:51am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:31am Sunrise 6:58am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

کراچی: سبزی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ، ادرک 600 روپے کلو تک پہنچ گئی

شائع September 26, 2020
ادرک کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے—فوٹو: ڈان اخبار
ادرک کی قیمت میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے—فوٹو: ڈان اخبار

کراچی میں سبزی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا ہے 200 روپے کلو میں ملنے والا ادرک 600 روپے جبکہ 60 روپے کلو ملنے والے ٹماٹر 150 سے 160 روپے تک پہنچ گئے ہیں۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق سپرہائی وے سبزی منڈی میں ایک ہول سیلر کا کہنا تھا کہ ادرک کی چینی اقسام میں کمی کی وجہ سے قیمتوں میں اضافہ دیکھا جارہا کیونکہ اس کی پیداوار میں کمی آگئی ہے اور قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ درآمد کنندگان طلب اور رسد کے فرق کو پورا کرنے کے لیے تھائی لینڈ ادرک منگا رہے ہیں، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ادرک کی ہول سیل قیمت 400 روپے کلو تک پہنچ گئی ہے جبکہ عیدالاضحیٰ سے قبل یہ 200 سے 250 روپے کلو میں فروخت ہورہا تھا۔

مزید پڑھیں: کراچی: تازہ دودھ، آٹے اور سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

انہوں نے کہا کہ ریٹیلرز ایسے صارفین سے پیسے بنا رہے ہیں جو عام طور پر ہول سیل کی قیمتیں نہیں دیکھتے، مزید یہ کہ شہری حکومت ریٹیل قیمتوں پر سخت نگرانی کرنے میں سست دکھائی دیتی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان سے آئے ٹماٹر 70 روپے کلو فروخت ہورہا ہے لیکن ریٹیلرز اسے 150 سے 160 روپے کلو میں فروخت کر رہے ہیں جبکہ مارکیٹ میں کچھ تعداد میں ایرانی ٹماٹر بھی دیکھا گیا ہے لیکن یہ بھی قیمتوں کو نیچے لانے میں مدد نہیں دے سکا۔

وہی ایک ریٹیلر کا کہنا تھا کہ ہول سیلرز ٹماٹر کی اصل قیمت چھپا رہے ہیں جو 100 سے 112 روپے فی کلو سے زائد ہے۔

آٹا: دوسری جانب یوکرین کی گندم کی درآمد کے ساتھ ہی سندھ میں چکی مالکان نے ڈھائی نمبر آٹے کی قیتم میں ایک روپے کمی کرکے اسے 56 روپے 50 پیسے فی کلو کردیا جبکہ مقامی سطح پر پیدا ہونے والی گندم کی قیمت بھی کم ہوگئی ہے اور 100 کلو گرام کی بوری 5200 سے کم ہوکر 5100 کی ہوگئی ہے۔

ادھر سیریل ایسوسی ایشن پاکستان کے چیئرمین مذمل چھپل کا کہنا تھا کہ اب تک نجی شعبے کی 4 لاکھ 25 ہزار ٹن یوکرینی گندم لے کر 7 جہاز کراچی پورٹ پر پہنچ گئے ہیں جبکہ 60 سے 65 ہزار ٹن کے مزید 4 جہاز آئندہ ماہ پہنچے گیں، اس کے علاوہ ٹریڈنگ کارپوریشن پاکستان کے 60 سے 65 ہزار ٹن اناج سے لدے 2 جہاز آئندہ ماہ پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے نجی شعبے کے لیے 15 لاکھ ٹن کا کوٹہ مختص کیا تھا، درآمد کنندگان یوکرین سے 219 ڈالر 50 سینٹ سے لیکر 271 ڈالر فی ٹن کے ریٹ پر گندم درآمد کر رہے ہیں جبکہ اوپن مارکٹ میں درآمدی اناج کی قیمت 47 روپے فی کلو ہے لیکن نقل و حمل کی لاگت ملا کر قیمت 49 روپے تک پہنچ جاتی ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ طلب و رسد کے فرق کو پورا کرنے کے لیے درآمدی گندم پورے ملک میں پہنچائی جارہی ہے۔

چینی: نجی شعبے نے رواں ہفتے میں مصر اور یو اے ای سے تقریباً 7 سے 8 ہزار ٹن چینی درآمد کی ہے جبکہ 15 سے 20 ہزار ٹن آئندہ ہفتے آ جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: کراچی: ضرورت سے زیادہ آٹا خریدنے سے قلت، قیمتوں میں اضافہ

ان کا کہنا تھا کہ نجی شعبے نے غیرملکی سپلائرز سے 2 لاکھ ٹن ڈیوٹی فری چینی درآمد کرنے کے لیے معاہدے کیے اور یہ ترسیل آئندہ ماہ تک مکمل ہوجائے گی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ 17 فیصد جی ایس ٹی (جنرل سیلز ٹیکس) اب بھی موجود ہے اور اگر یہ نہ ہٹا تو چینی کی درآمد سے عوام کو کوئی ریلیف نہیں مل سکے گا۔

درآمدی قیمت کا جائزہ لیں تو یہ 77 سے 79 روپے فی کلو ہے جس میں 17 فیصد جی ایس ٹی سے ریٹیل قیمت میں 14 سے 15 روپے فی کلو شامل ہوجائیں گے جبکہ اس وقت پہلے ہی مارکیٹ میں چینی کی قیمت 95 روپے فی کلو ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Waseem Raja Khan Sep 26, 2020 04:16pm
Adrak 600 nahi 650 -700 / kg

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2024
کارٹون : 20 دسمبر 2024