اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں کورین پاپ بینڈ بی ٹی ایس کا 'امید کا پیغام'
اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 75ویں اجلاس میں جنوبی کوریا کے پاپ بینڈ بی ٹی ایس نے 'امید کا پیغام' جاری کیا۔
خیال رہے کہ اقوام متحدہ کی 75ویں سالگرہ کے تاریخی موقع پر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کا ورچوئل اجلاس 21 ستمبر سے جاری ہے۔
اس اجلاس میں تمام عالمی رہنماؤں کے خطاب کو ورچوئلی پیش کیا جائے گا جس میں آپسی تعلقات کو مضبوط کرنے اور کور ونا وائرس کے باعث بڑھتے ہوئے عالمی بحران پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
برطانوی خبررساں ادارے 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق بی ٹی ایس کا مذکورہ ویڈیو پیغام پہلے سے ریکارڈ شدہ تھا جسے اقوام متحدہ کے ادارے بین الاقوامی چلڈرن ایمرجنسی فنڈ (یونیسیف) کی جانب سے جاری کیا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: 'بی ٹی ایس ہماری محبت' : پاکستان میں اس قدر مقبول کیوں؟
ویڈیو پیغام میں بی ٹی ایس کے اراکین نے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث نافذ کیے گئے لاک ڈاؤنز کے دوران اپنی کوششوں کو بیان کیا جس میں انہوں نے مداحوں کو مثبت رہنے کی ترغیب دی۔
کورین بینڈ کا یہ پیغام انگریزی اور کورین زبانوں میں جاری کیا گیا تھا۔
بی ٹی ایس کے لیڈر آر ایم نے کہا کہ آئیں ہم اپنی دنیا کا ایک نیا تصور کریں، ایسا محسوس ہوسکتا ہے کہ رات ہمیشہ کے لیے ہے اور ہم ہمیشہ تنہا رہیں گے لیکن صبح کی پہلی کرن سے پہلے رات ہمیشہ تاریک ہوتی ہے۔
کورین بینڈ کے رکن جنگکوک نے اپنی مقامی زبان میں کہا کہ اگر ہم آوازیں لوگوں کو طاقت دیتی ہیں تو پھر ہم یہی چاہتے ہیں اور ایسا کرتے رہیں گے۔
واضح رہے کہ بی ٹی ایس (beyond the scene) بینڈ دنیا بھر میں مقبول ہے، یہ بینڈ کوریا کے شہر سیول سے تعلق رکھنے والے 7 نوجوانوں پر مشتمل ہے۔
پہلے اس بینڈ کا نام 'بینگٹین بوائز' رکھا گیا تھا، جس کے بعد 2017 میں اس کا نام تبدیل کرکے بی ٹی ایس (beyond the scene) رکھ دیا گیا۔
یہ بینڈ 2010 میں بننا شروع ہوا تھا اور انہوں نے 2013 میں ڈیبیو کیا تھا اور ان کی موسیقی کا انداز بے حد پسند کیا گیا کہ اب دنیا بھر میں بی ٹی ایس کے مداح موجود ہیں۔
2013 سے اب تک بی ٹی ایس کی جانب سے کئی المبز ریلیز کیے جاچکے ہیں اور ان کا ہر البم شہرت میں اضافے کا باعث بن رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: عاصم اظہر ' بی ٹی ایس' کے ساتھ کام کرنے کے خواہاں
2018 میں بی ٹی ایس کا البم لو یور سیل: ٹیئر، بل بورڈ 200 کا حصہ بننے والا پہلا گانا تھا جس سے انہیں بین الاقوامی پذیرائی ملی تھی اور اب ان کے مختلف گانے اس کا حصہ بن چکے ہیں۔
بی ٹی ایس، جنوبی کوریا کی تاریخ میں سب سے زیادہ فروخت کا ریکارڈ بنانے والا بینڈ ہے اور آئی ایف پی آئی گوبل آرٹسٹ چارٹ کے مطابق 2018 میں اس بینڈ نے سب سے فروخت کا ریکارڈ بنانے والے آرٹسٹ میں دوسرے نمبر پر تھے۔
حال ہی میں اس بینڈ کی نئی میوزک ویڈیو ' ڈائنامائٹ' بھی ریلیز ہوئی ہے جس نے مقبولیت کے نئے ریکارڈ بنائے ہیں۔
ڈائنامائٹ گزشتہ دنوں ہفتے کا نمبر ون ہٹ قرار پایا تھا جبکہ مسلسل دوسرے ہفتے سے یہ ویڈیو بل بورڈ ہاٹ 100 میں پہلے نمبر پر موجود رہا۔