• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:07pm
  • LHR: Maghrib 5:10pm Isha 6:33pm
  • ISB: Maghrib 5:12pm Isha 6:37pm

عالمی وبا کے ہیروز پر مبنی سعودی دستاویزی فلم ریلیز

شائع September 24, 2020
فلم میں فرنٹ لائن ہیروز کی کوششوں اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے جنہوں نے سعودی عرب میں عالمی وبا کا مقابلہ کیا— فوٹو: ٹوئٹر
فلم میں فرنٹ لائن ہیروز کی کوششوں اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے جنہوں نے سعودی عرب میں عالمی وبا کا مقابلہ کیا— فوٹو: ٹوئٹر

سعودی عرب کی وزارت اطلاعات نے ’مرحلہ صعبۃ‘ (مشکل مرحلے) کے نام سے پہلی دستاویزی فلم ریلیز کردی جس میں مملکت میں عالمی وبا کورونا وائرس کے دوران فرنٹ لائن ورکرز کی کوششوں پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

عرب نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ دستاویزی فلم سعودی وزارت اطلاعات کے سینٹر فار گورنمنٹ کمیونیکیشن (سی جی سی) کی جانب سے ریاض میں واقع اے ایم سی سنیما میں پیش کی گئی۔

سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق یہ فلم انسان دوست کہانیوں کا مجموعہ ہے جس میں فرنٹ لائنز پر موجود صحت کے عملے، ملازمین اور ورکرز یعنی تمام فرنٹ لائن ہیروز کی کوششوں اور قربانیوں پر روشنی ڈالی گئی ہے جنہوں نے سعودی عرب میں عالمی وبا کا مقابلہ کیا۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا 4 اکتوبر سے عمرے کی ادائیگی مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان

علاوہ ازیں اس دستاویزی فلم میں مختلف شعبوں سے وابستہ شہریوں اور وائرس کے خلاف مقابلے میں ان کے کردار کو بھی دکھایا گیا ہے۔

اردو نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے سعودی وزارت اطلاعات کے سیکریٹری ڈاکٹر عبداللہ المغلوث نے بتایا کہ قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی کی ہدایت پر یہ دستاویزی فلم 75 روز میں تیار کی گئی۔

انہوں نے بتایا کہ فلم میں شامل واقعات کی ریکارڈنگ اور منظر کشی میں 60 گھنٹے صرف ہوئے، جس میں 70 سے زائد سعودی نوجوانوں نے حصہ لیا۔

ڈاکٹر عبداللہ المغلوث نے بتایا کہ دستاویزی فلم کی عکس بندی 5 علاقوں میں کی گئی۔

علاوہ ازیں فلم میں کرفیو کے دوران کے مناظر بھی ریکارڈ کیے گئے جبکہ اس فلم کی تیاری میں تمام سرکاری اداروں نے حصہ لیا اور ضروری سہولتیں فراہم کیں۔

یہ بھی پڑھیں: سعودی عرب کا یکم جنوری سے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

مذکورہ دستاویزی فلم کو جلد سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی چینل پر نشر کیا جائے گا اور یہ سی جی سی کے یوٹیوب چینل پر بھی دستیاب ہوگی۔

خیال رہے کہ 24 ستمبر کی دوپہر تک سعودی عرب میں کورونا وائرس سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 31 ہزار 359 ہوگئی تھی جبکہ 4 ہزار 569 افراد انتقال کرچکے تھے۔

گزشتہ ہفتے سعودی عرب نے سفری پابندیوں ختم کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلے کا اعلان کیا تھا کہ نئے سال 2021 کے آغاز کے ساتھ ہی پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔

بعدازاں سعودی عرب نے 7 ماہ کی پابندی کے بعد 4 اکتوبر سے عمرے کی ادائیگی کو مرحلہ وار بحال کرنے کا اعلان بھی کیا۔

کارٹون

کارٹون : 5 نومبر 2024
کارٹون : 4 نومبر 2024