کورونا وبا: ملک میں تقریباً 96 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 7 ہزار سے زائد
پاکستان دنیا کے ان کچھ ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر سے بہتر ہورہی ہے اور اب تک ملک میں اس عالمی وبا کے تقریباً 96 فیصد مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔
اگرچہ ملک میں مجموعی صورتحال بہتر ہے تاہم کچھ مقامات پر کیسز میں کچھ حد تک اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
ملک میں اب تک کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 3 لاکھ 7 ہزار 821 ہے جس میں سے 2 لاکھ 93 ہزار 916 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 434 کا انتقال ہوا ہے۔
آج (23 ستمبر) کی شام تک ملک میں 746 مریضوں اور 4 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں بلوچستان کے 108 اور خیبرپختونخوا کے 31 کیسز گزشتہ روز کے بھی تھے جو آج رپورٹ ہوئے۔
جس کے بعد بلوچستان میں کیسز کی تعداد 16 ہزار 607 جبکہ خیبرپختونخوا میں 37 ہزار 418 ہوگئی۔
خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ وبا پورے ملک میں پھیل گئی۔
ابتدا میں اس وبا کے کیسز کی تعداد کم رہی اور مارچ کے آخر تک 2 ہزار کے قریب لوگ متاثر ہوئے تاہم اپریل میں کیسز کی تعداد میں اضافہ ہونا شروع ہوا اور مئی میں کیسز اچانک بڑھ گئے۔
تاہم جون میں ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال مکمل تبدیل ہوگئی اور یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئیں، اس کے ساتھ ہی ہسپتالوں میں بستروں کی کمی کی شکایات بھی موصول ہونے لگیں۔
بعد ازاں جولائی میں کیسز کی تعداد میں کمی آنا شروع ہوئی اور اگست میں کیسز کی تعداد کافی حد تک کم ہوکر ہزاروں سے سیکڑوں میں آگئیں جبکہ اموات بھی اوسطاً درجن بھر تک پہنچ گئیں۔
علاوہ ازیں ستمبر میں بھی صورتحال بہتر ہے اور آج 23 ستمبر کو مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔
سندھ
وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے بیان میں کہا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران صوبے میں کورونا کے 408 نئے کیسز اور 2 اموات سامنے آئیں۔
انہوں نے کہا کہ اس اضافے کے بعد سندھ میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 845 جبکہ اموات 2471 ہوگئی ہیں۔
یہ دو ہفتوں کے دوران دوسرا موقع ہے جب سندھ میں ایک روز میں وبا کے 400 سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔
پنجاب
ملک میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 115 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری سطح پر اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں 115 نئے مریضوں نے کیسز کی مجموعی تعداد کو 98 ہزار 602 تک پہنچا دیا۔
اسلام آباد
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 39 نئے مریض سامنے آگئے۔
اعداد و شمار کے مطابق دارالحکومت میں 39 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد 16 ہزار 246 ہوگئی۔
گلگت بلتستان
گلگت بلتستان میں اس عالمی وبا کورونا وائرس کے مزید 29 مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آئے مریضوں کی تعداد 29 تھی، یوں وہاں مجموعی کیسز 3 ہزار 542 ہوگئے۔
اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال سے مجموعی اموات کی تعداد 83 تک پہنچ گئی۔
آزاد کشمیر
ملک کے سب سے کم متاثرہ علاقے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 16 نئے مریضوں کی تشخیص ہوئی جبکہ ایک فرد کا انتقال بھی ہوا۔
سرکاری پورٹل کے مطابق 16 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 566 تک پہنچ گئی۔
علاوہ ازیں ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 70 ہوگئی۔
صحتیاب افراد
پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 757 مریض شفا پاگئے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے شفا پانے کے بعد مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 93 ہزار 916 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔
مجموعی صورتحال
ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:
مصدقہ کیسز: 307826
اموات: 6434
صحتیاب: 293916
فعال کیسز: 7476
ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 34 ہزار 845 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 602 تک پہنچ چکی ہے۔
صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 418 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 607 ہے۔
علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 246، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 542 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 566 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔
ملک میں اموات کی صورتحال:
سندھ: 2471
پنجاب: 2227
خیبرپختونخوا: 1258
بلوچستان: 145
اسلام آباد: 180
گلگت بلتستان: 83
آزاد کشمیر: 70