• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسٹیٹ بینک کا آئندہ دو ماہ کیلئے شرح سود 7 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان

شائع September 21, 2020
مہنگائی میں تھوڑا اضافہ ہوا لیکن یہ انتظامی مسئلہ ہے، رضا باقر — فوٹو: ڈان نیوز
مہنگائی میں تھوڑا اضافہ ہوا لیکن یہ انتظامی مسئلہ ہے، رضا باقر — فوٹو: ڈان نیوز

اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے آئندہ دو ماہ کے لیے شرح سود 7 فیصد پر برقرار رکھنے کا اعلان کردیا۔

مرکزی بینک کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس چیئرمین اسٹیٹ بینک رضا باقر کی زیر صدارت ہوا جس میں شرح سود 7 فیصد پر برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے رضا باقر نے کہا کہ جون کے مقابلے میں اب ملک کے معاشی حالات بہت بہتر ہیں، برآمدات، ترسیلات اور پیداوار کا شعبہ بہتر کارکردگی دکھا رہا ہے، مہنگائی میں تھوڑا اضافہ ہوا لیکن یہ انتظامی مسئلہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے اثرات سے بچاؤ کے لیے شرح سود میں تیزی سے کمی کی گئی جس سے کاروباری طبقے کو 470 ارب روپے کا ریلیف ملا۔

یہ بھی پڑھیں: شرح سود میں ایک فیصد کمی، پالیسی ریٹ 7 فیصد کردیا گیا

ان کا کہنا تھا کہ کورونا کے اثرات سے بچاؤ کے لیے احساس پروگرام سمیت مختلف اقدامات کیے گئے، اسٹیٹ بینک نے ایک ہزار 580 ارب کا کاروباری طبقے کو پیکج دیا جو جی ڈی پی کا 3.8 فیصد ہے، اسکیم کے تحت 650 ارب روپے کاروباری و انفرادی طبقے کے قرضے ایک سال کے لیے مؤخر ہوئے جبکہ بینکس کے ساتھ مل کر قرضوں کو ری شیڈول کیا گیا۔

رضا باقر نے کہا کہ روزگار بچانے کے لیے کمپنیوں کو تنخواہوں کی ادائیگی کی مد میں 200 ارب روپے دیے گئے، حکومت نے چھوٹی صنعتوں کے ملازمین کے روزگار قرض کے لیے ضمانت دی۔

ملکی قرضوں کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جتنے قرض لیے تقریباً اتنی ہی قرض پر سود کی ادائیگیاں بھی ہوئیں جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ کم ہونے سے زرمبادلہ کے ذخائر بڑھے۔

واضح رہے کہ اسٹیٹ بینک کی زری پالیسی کمیٹی نے 25 جون کو ہونے والے اپنے اجلاس میں پالیسی ریٹ کو مزید 100 بیس پوائنٹ کم کر کے 7 فیصد کردیا تھا۔

مزید پڑھیں: اسٹیٹ بینک نے شرح سود میں مزید ایک فیصد کمی کردی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کورونا وائرس کے ملکی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے باعث مارچ سے اپریل تک ایک ماہ کے عرصے میں 3 مرتبہ شرح سود میں کمی کا اعلان کیا تھا۔

17 مارچ کو 75 بیسز پوائنٹس کم کرتے ہوئے شرح سود 12.5 کردی گئی تھی جس کے ایک ہی ہفتے بعد پالیسی ریٹ میں مزید ڈیڑھ فیصد کمی کا اعلان کیا گیا تھا۔

اس کے بعد 16 اپریل کو اسٹیٹ بینک نے کورونا وائرس کے ملکی معیشت پر مرتب ہونے والے منفی اثرات کے باعث شرح سود میں 2 فیصد کمی کا اعلان کردیا تھا جس کے ساتھ ہی شرح سود 9 فیصد ہو گئی تھی جبکہ ایک ماہ بعد 15مئی کو شرح سود مزید کم کر کے 8 فیصد تک کردی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024