ملائیکا اروڑا کورونا وائرس سے صحتیاب
46 سالہ بولی وڈ اداکارہ ملائیکا اروڑا عالمی وبا کورونا وائرس سے صحتیاب ہوگئیں۔
خیال رہے کہ 6 ستمبر کو اداکار ارجن کپور میں کورونا وائرس کی تشخیص کے بعد ملائیکا اروڑا نے بھی وبا کا شکار ہونے کی تصدیق کی تھی۔
یہ واضح نہیں ہے کہ پہلے ارجن کپور کورونا کا شکار ہوئے تھے یا ملائیکا اروڑا تاہم پہلے ارجن کپور نے 6 ستمبر کو اپنی سوشل میڈیا پوسٹ کے ذریعے خود میں کورونا کی تشخیص کی تصدیق کی تھی۔
پنک ولا کی رپورٹ مطابق ملائیکا اروڑا نے قرنطینہ کے بعد اپنے کمرے سے باہر آنے کی تصویر شیئر کی تھی۔
مزید پڑھیں: ارجن کپور کے بعد ملائیکا اروڑا بھی کورونا کا شکار
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی تصویر میں اداکارہ نے نیلے رنگ کا لباس پہنا اور ماسک بھی پہنا ہوا تھا۔
اپنی پوسٹ کے کیپشن میں ملائیکا اروڑا نے اپنے دوستوں اور مداحوں کی جانب سے نیک خواہشات اور سپورٹ پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
ملائیکا اروڑا نے لکھا کہ کئی دنوں کے بعد آخر کار میں اپنے کمرے سے باہر آگئی ہوں جو اپنے آپ میں ایک آؤٹنگ ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کچھ درد اور علامتوں کے ساتھ میں اس وائرس سے صحتیاب ہونے پر خود کو خوش قسمت سمجھتی ہوں۔
اپنی پوسٹ میں اداکارہ نے مزید لکھا کہ طبی رہنمائی کے لیے ڈاکٹرز، اس عمل کو آسان بنانے کے لیے بی ایم سی، بے پناہ تعاون کے لیے اپنے اہل خانہ اور پیغامات کے ذریعے نیک خواہشات اور مجھے مضبوط بنانے کے لیے اپنے تمام دوستوں اور مداحوں کی بہت شکر گزار ہوں۔
ملائیکا اروڑا نے لکھا کہ اس مشکل وقت میں سب نے میرے لیے جو کیا اس کا شکریہ ادا کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں ہیں۔
اس کے ساتھ ہی اپنی پوسٹ کے آخر میں انہوں نے لکھا کہ آپ سب بھی اپنا تحفظ کریں اور خیال رکھیں۔
خیال رہے کہ ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں ملائیکا اروڑا کی بہن ارپیتا اروڑا کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا تھا کہ اداکارہ میں بھی کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار ارجن کپور بھی کورونا کا شکار
رپورٹ میں یہ واضح نہیں کیا گیا تھا کہ کورونا کی تشخیص کے بعد ملائیکا اروڑا گھر میں ہی ہیں یا انہیں ہسپتال منتقل کیا گیا ہے؟
ملائیکا اروڑا سے قبل ارجن کپور نے تصدیق کی تھی کہ ان میں کورونا کی زیادہ علامات نہیں ہیں اور انہوں نے خود کو گھر میں ہی قرنطینہ کرلیا۔
ارجن کپور اور ملائیکا اروڑا ایک ایسے وقت میں کورونا میں مبتلا ہوئے جب کہ بھارت کورونا کے کیسز کے حوالے سے امریکا کے بعد دوسرا بڑا ملک بن گیا۔