سشانت سنگھ کی سابق منیجر کا خودکشی سے قبل 'گینگ ریپ' ہونے کا انکشاف
رواں برس 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کرنے والے سشانت سنگھ راجپوت کی مبینہ خودکشی کرنے والی سابق خاتون منیجر کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ ان کا 'گینگ ریپ' کیا گیا تھا۔
شوبز ویب سائٹ فلمی بیٹ نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ایک چشم دید گواہ نے مقامی نیوز سائٹ کو بتایا کہ سشانت سنگھ کی سابق منیجر ڈیشا سالین کا خودکشی سے قبل 'گینگ ریپ' کیا گیا تھا۔
رپورٹ کے مطابق چشم دید گواہ نے دعویٰ کیا کہ خودکشی سے قبل ڈیشا سالین ممبئی کے جوہو علاقے میں ایک پارٹی میں گئی تھیں، جس میں ان کے علاوہ صرف 6 مرد تھے اور چشم دید گواہ بھی ان 6 مردوں میں سے ایک تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بولی وڈ اداکار سُشانت سنگھ راجپوت نے خودکشی کرلی
چشم دید گواہ کے مطابق پارٹی میں موجود 4 مردوں نے ڈیشا سالین کا بڑی آواز میں گانے بجاکر 'گینگ ریپ' کیا۔
اسی حوالے سے اڑیسا بائٹ نے بتایا کہ چشم دید گواہ نے دعویٰ کیا کہ 'گینگ ریپ' کرنے والے 4 افراد میں ایک شخص ڈیشا سالین کا قریبی دوست بھی تھا۔
تاہم دوسری جانب ڈیشا سالین کے والدین نے مذکورہ الزامات کو مسترد کرتے ہوئے بھارتی میڈیا سے اپیل کی ہے کہ ان کی خودکشی کرنے والی بیٹی کے حوالے سے غلط باتیں نہ پھیلائی جائیں۔
ہندوستان ٹائمز نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ ڈیشا سالین کے والد اور والدہ نے انڈیا ٹوڈے سے بات کرتے ہوئے بیٹی کے ساتھ 'گینگ ریپ' کے الزامات کو مسترد کیا۔
ڈیشا سالین کے والدین کا کہنا تھا کہ ممبئی پولیس ان کی بیٹی کی خودکشی کے معاملے کی تفتیش کر رہی ہے اور اب تک کی تفتیش میں یہ بات سامنے نہیں آئی کہ ان کی بیٹی کے ساتھ 'گینگ ریپ' ہوا۔
مزید پڑھیں: بھارتی اداکارہ نے جنسی ہراساں کیے جانے پر خودکشی کرلی
ڈیشا سالین کے والدین نے بتایا کہ ممبئی پولیس نے انہیں تمام شواہد اور ثبوت دکھائے ہیں، جن سے یہ بھی ثابت نہیں ہوتا کہ ان کی بیٹی حاملہ تھیں۔
ڈیشا سالین کے والدین نے بھارتی میڈیا سے اپیل کی کہ وہ ان کی بیٹی کے حوالے سے من گھڑت خبروں کو نہ پھیلائیں اور ان کی ذاتی زندگی کا احترام کیا جائے۔
دوسری جانب ٹائمز آف انڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں بتایا کہ پولیس نے ایسی خبروں کو بھی جھوٹا قرار دے دیا، جن میں دعویٰ کیا جا رہا تھا کہ ڈیشا سالین کی لاش برہنہ حالت میں ملی تھی۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر کچھ دن سے خبریں وائرل تھیں کہ ڈیشا سالین کی لاش برہنہ حالت میں ملی تھی اور ان کے اعضا پر بھی زخموں کے نشانات تھے، تاہم پولیس نے ایسی خبروں کو جھوٹا قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں: آٹھ ہفتوں میں تیسرے بھارتی اداکار کی خودکشی
پولیس نے واضح کیا کہ ڈیشا سالین کی لاش برہنہ حالت میں نہیں ملی تھی۔
خیال رہے کہ ڈیشا سالین نے سشانت سنگھ سے محض کچھ دن قبل ہی 8 جون کو خودکشی کرلی تھی۔
ڈیشا سالین کی خودکشی کے 6 دن بعد 14 جون کو سشانت سنگھ نے بھی خودکشی کی تھی۔
ڈیشا سالین کئی سال تک سشانت سنگھ کی منیجر رہی تھیں اور ان کے دیگر بولی وڈ شخصیات سے بھی تعلقات تھے۔
ڈیشا سالین کی خودکشی کے بعد ممبئی پولیس نے ان کی حادثاتی موت کے طور پر تفتیش شروع کی تھی، تاہم تاحال پولیس کو کوئی بڑی کامیابی نہیں ملی۔