• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

پاکستان میں کورونا کے کیسز 3 لاکھ 6 ہزار، 2 لاکھ 92 ہزار سے زائد صحتیاب

شائع September 20, 2020
پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہت
پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال بہتر ہت

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال میں بہتری آرہی ہے تاہم گزشتہ چند روز سے ملک کے کچھ حصوں خاص طور پر سندھ اور بلوچستان میں کیسز کی تعداد میں اضافہ رپورٹ ہورہا ہے جس نے فعال کیسز کو بھی 7 ہزار کے قریب پہنچا دیا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس کے مجموعی کیسز 3 لاکھ 5 ہزار 992 ہیں جس میں سے 2 لاکھ 92 ہزار 303 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 417 کا انتقال ہوا ہے۔

آج 20 ستمبر کی شام تک ملک میں کورونا وائرس کے مزید 914 مریضوں اور 2 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں سندھ کے گزشتہ روز کے 264 جبکہ بلوچستان کے 131 کیسز بھی شامل تھے جو آج رپورٹ ہوئے، جس کے بعد بلوچستان میں 14 ہزار 269 تک پہنچ گئی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد اب تک اس عالمی وبا کو تقریباً 7 ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے۔

اس 7 ماہ کے عرصے میں ملک میں تعلیمی اداروں کی بندش، لاک ڈاؤن اور مختلف شعبوں پر پابندیاں جیسے اقدامات دیکھنے میں آئے تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ پابندیاں ہٹائی گئی اور صورتحال معمول پر آگئی۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے ابتدائی ایک ماہ تک صورتحال معمول کے مطابق تھی تاہم بعد ازاں کیسز بڑھنا شروع ہوئے جس کے بعد جون کا مہینہ ایسا دیکھا گیا جہاں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زیادہ رپورٹ ہونے لگیں جبکہ ہسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھ گیا۔

تاہم ایک ماہ بعد یعنی جولائی میں صورتحال دوبارہ بہتر ہونا شروع ہوئی اور اگست میں اس میں مزید بہتری آئی جس کے تسلسل ستمبر میں بھی برقرار ہے، تاہم 15 ستمبر سے ملک کے کچھ حصوں میں کیسز کی یومیہ تعداد کچھ حد تک بڑھی ہے۔

آج 20 ستمبر کو ملک میں مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 321 کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 321 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 947 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال نے وہاں اموات کی مجموعی تعداد کو 2 ہزار 460 تک پہنچا دیا۔

پنجاب

ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 96 کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے لیے قائم پورٹل کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں رپورٹ ہونے والےنئے کیسز کی تعداد 96 تھی، جس کے بعد وہاں مجموعی کیسز 98 ہزار 368 تک پہنچ گئے۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس کی عالمی وبا مزید 38 افراد کو متاثر کرگئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق سامنے آنے والے ان نئے مریضوں کے بعد وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 16 ہزار 124 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ملک کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس مزید 38 لوگوں کو متاثر کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 38 نئے مریضوں کی تصدیق کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 450 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

پاکستان کے سب سے کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے 26 نئے مریض اور ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 517 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک اور فرد کے انتقال کرجانے سے اموات کی مجموعی تعداد 67 تک جا پہنچیں۔

صحتیاب افراد

پاکستان دنیا کے ان چند ممالک میں شامل ہے جہاں کورونا وائرس کی اتنی بڑی تعداد صحتیاب ہوچکی ہے۔

ملک میں اب تک تقریباً 96 فیصد مریض شفایاب ہوچکے ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 259 مریض صحتیاب ہوئے اور یوں یہ مجموعی تعداد 2 لاکھ 95 ہزار 303 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 305992

اموات: 6417

صحتیاب: 292303

فعال کیسز: 7272

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 947 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 368 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 317 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 269 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 124، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 450 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 517 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2460

پنجاب: 2226

خیبرپختونخوا: 1258

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 180

گلگت بلتستان: 81

آزاد کشمیر: 67

کارٹون

کارٹون : 23 نومبر 2024
کارٹون : 22 نومبر 2024