• KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm
  • KHI: Zuhr 12:30pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:00pm Asr 3:26pm
  • ISB: Zuhr 12:06pm Asr 3:25pm

ملک میں کورونا وائرس کے 455 نئےکیسز رپورٹ، 361 مریض صحتیاب

شائع September 19, 2020 اپ ڈیٹ September 20, 2020
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 361 مریض شفایاب ہوئے—فائل فوٹو: اے پی
ملک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 361 مریض شفایاب ہوئے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں ساڑھے 6 ماہ کے طویل عرصے بعد پہلے مرحلے میں تعلیمی ادارے کھلنے اور رینڈم ٹیسٹنگ میں اضافے کی وجہ سے کورونا کیسز کی تعداد میں دوبارہ اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ملک میں کورونا وائرس سے ہونے والی بیماری کووِڈ 19 سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 3 لاکھ 5 ہزار 78 ہے جس میں سے 2 لاکھ 92 ہزار 44 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 415 مریض زندگی کی بازی ہار گئے۔

پاکستان میں آج 19 ستمبر کو مزید 455 کیسز اور 3 اموات کا اضافہ ہوا، ان کیسز میں صوبہ بلوچستان میں گزشتہ روز رپورٹ ہونے والے 147 کیسز جبکہ خیبر پختونخوا کے 28 کیسز اور ایک ہلاکت بھی شامل ہے۔

بلوچستان میں ان کیسز کے بعد مجموعی تعداد 14 ہزار 138 جبکہ خیبرپختونخوا میں مجموعی کیسز 37 ہزار 270 تک جاپہنچے۔

یاد رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کے ابتدائی دو کیسز ایک ہی روز کراچی اور گلگت بلتستان میں رپورٹ ہوئے جس کے بعد اب تک یہ وبا مکمل طور پر قابو نہیں آسکی ہے۔

ابتدا میں فروری سے مارچ کے دوران تک ملک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد کافی کم رہی اور مزید پھیلاؤ روکنے کے لیے متعدد پابندیاں عائد کردی گئی تھین تاہم اپریل میں ان کیسز میں اضافہ ہونا شروع ہوا۔

مئی میں لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیوں میں بڑی حد نرمی کے بعد میں کیسز اور اموات کی یہ تعداد بڑھی اور جون میں یہ وبا اپنے عروج پر جا پہنچی۔

جون میں پاکستان میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے زیادہ رپورٹ ہونے لگیں اور ہسپتالوں پر دباؤ بھی بڑھ گیا جس کے بعد حکومت نے ہاٹ اسپاٹ کی نشاندہی کر کے اسمارٹ لاک ڈاؤن اور ٹریس، ٹیسٹ، قرنطینہ (ٹی ٹی کیو) کی حکمت عملی اپنائی۔

چنانچہ جولائی میں کیسز اور اموات کی تعداد ایک مرتبہ پھر کم ہونا شروع ہوئی جس میں اگست میں مزید بہتری دیکھنے میں آئی اور رواں ماہ ستمبر میں بھی صورتحال بڑی حد کنٹرول میں ہی ہے۔

آج 19 ستمبر کو ملک میں کورونا کیسز کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 130 افراد کے وائرس سے متاثر ہونے جبکہ ایک مریض کے انتقال کرجانے کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق صوبے میں 130 نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 98 ہزار 272 ہوگئی۔

اس کے علاوہ ایک مریض کورونا وائرس کی وجہ سے انتقال کرگیا جس نے مجموعی اموات کی تعداد کو 2 ہزار 226 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 53 افراد وائرس سے متاثرہ پائے گئے۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق نئے مریضوں کے بعد شہر میں کیسز کی مجموعی تعداد 16 ہزار 86 تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب اسلام آباد میں اب تک انتقال کرجانے والے مریضوں کی تعداد 180 ہے۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے ہفتہ کو کورونا کے 47 نئے کیسز سامنے آنے کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 37 ہزار 317 ہوگئی۔

صوبے میں وائرس سے کوئی مریض جاں بحق نہیں ہوا، یوں خیبر پختونخوا میں اموات کی تعداد 1258 پر برقرار ہے۔

گلگت بلتستان

پاکستان کے کم متاثر علاقوں میں سے ایک گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 31 مریض اور ایک موت رپورٹ ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق 45 نئے کیسز نے خطے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد کو 3 ہزار 412 تک پہنچا دیا۔

اس کے علاوہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے یہ تعداد 81 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

دوسری جانب آزاد کشمیر میں کورونا وائرس کے کیسز میں 19 کا اضافہ رپورٹ ہوا۔

کووِڈ 19 کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 19 مریضوں کی تشخیص نے کیسز کی تعداد کو 2 ہزار 491 تک پہنچا دیا۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 361 مریض شفایاب ہوئے۔

اس نئے اضافے کے بعد کورونا وائرس سے شفایاب ہونے والوں کی مجموعی تعداد 2 لاکھ 92 ہزار 44 ہوگئی جو مجموعی کیسز کا تقریباً 96 فیصد ہے۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 305078

اموات: 6415

صحتیاب: 292044

فعال کیسز: 6619

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 33 ہزار 362 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 98 ہزار 272 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 37 ہزار 317 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 14 ہزار 138 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 16 ہزار 86، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 412 اور آزاد کشمیر میں 2 ہزار 491 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2459

پنجاب: 2226

خیبرپختونخوا: 1258

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 180

آزاد کشمیر: 66

گلگت بلتستان: 81

کارٹون

کارٹون : 20 دسمبر 2024
کارٹون : 19 دسمبر 2024