• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

سعودی عرب کے لیے پی آئی اے کی پروازوں کا آغاز

شائع September 18, 2020
پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی
پی آئی اے کی سعودی عرب کے لیے پروازوں کا آغاز ہو گیا ہے— فائل فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب کی جانب سے بین الاقوامی پروازوں پر عائد پابندی جزوی طور پر ہٹانے کے بعد پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز(پی آئی اے) کی سعودی عرب کے لیے پروازیں شروع ہو گئی ہیں۔

پی آئی اے نے پاکستان سے سعودی عرب جانے کے لیے ٹکٹس کی بکنگ کا آغاز کر دیا ہے جس کی ترجمان پی آئی اے نے تصدیق بھی کردی ہے۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا یکم جنوری سے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلا

ترجمان پی آئی اے عبد اللہ حفیظ نے عرب نیوز کے ادارے سے گفتگو میں بتایا کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے ہفتہ وار 23 پروازیں چلائی جائیں گی اور اس سلسلے میں ٹکٹس کی فروخت شروع کردی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان سے سعودی عرب کے لیے پہلے خالی پروازیں چلائی جا رہی تھیں تاکہ سعودی عرب میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لایا جاسکے البتہ جزوی طور پر پابندی ہٹانے جانے کے بعد اب پاکستانی مسافر سعودی عرب کے لیے ٹکٹس بک کروا سکتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ پاکستان سے دمام، جدہ اور ریاض کے لیے پروازیں چلائی جارہی ہیں، ہم نے ہفتہ وار 26 پروازیں چلانے کی اجازت مانگی ہے اور آنے والے دنوں میں اس میں اضافہ کیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ ٹکٹس صرف ان مسافروں کو دیے جائیں گے جو سعودی عرب کی شرائط پر پورا اتریں گے، اقامہ اور ویزہ ہولڈرز ٹکٹ بک کروا سکتے ہیں جبکہ پاکستان سے جانے والے مسافروں کے لیے کورونا وائرس کے ٹیسٹ کرانا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

عبداللہ حفیظ نے کہا کہ ایسے مسافر جنہوں نے پہلے سے ٹکٹس بک کروائی تھیں اور وہ فلائٹس منسوخ ہونے کی وجہ سے سعودی عرب نہیں جاسکے تو وہ 100امریکی ڈالرز دے کر کسی بھی فلائٹ کا ٹکٹ حاصل کر سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: یو اے ای سے آنے اور جانے والی پروازوں کو سعودی فضائی حدود سے گزرنے کی اجازت

خیال رہے کہ ہوا بازی سے متعلق سعودی حکومتی ادارے جنرل اتھارٹی آف ایوی ایشن نے غیر سعودی شہریوں کو مملکت میں آنے یا وہاں سے نکلنے کی اجازت دے دی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق پاکستان میں موجود چار لیبارٹریوں کے ٹیسٹ قبول کیے جائیں گے جن میں آغا خان، سول ہسپتال، ڈاؤ یونیورسٹی ہسپتال اور انڈس ہسپتال کی لیبارٹریاں شامل ہیں۔

اسی طرح اسلام آباد میں قومی ادارہ صحت کی وائرولوجی لیب جبکہ لاہور میں پرائمری اینڈ سیکینڈری ہیلتھ ڈپارٹمنٹ، شوکت خانم اور چغتائی لیب کے ٹیسٹس کو سعودی اتھارٹی نے قبول کیا ہے۔

سعودی حکام کا کہنا ہے کہ سعودی عرب میں داخلے کے لیے غیر ملکیوں کو کورونا وائرس سے پاک ہونے کا ثبوت دینا لازمی ہے۔

کسی بھی غیرملکی کو رجسٹرڈ اور معتبر میڈیکل سینٹر سے کورونا وائرس سے پاک ہونے کا سرٹیفکیٹ پیش کیے جانے تک سعودی عرب کے کسی بھی ائیر پورٹ پر اترنے کی اجازت نہیں ہوگی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب کا متعدد بین الاقوامی پروازوں سے پابندی ہٹانے کا فیصلہ

محکمہ شہری ہوابازی کے ترجمان ابراہیم الرؤسا نے کہا کہ مملکت آنے والے تمام افراد کو وزارت صحت کی نگرانی میں تین دن تک ہاؤس آئسولیشن میں رکھا جائے گا لیکن اس شرط کا بھی اطلاق اس وقت ہو گا جب ان کا ٹیسٹ منفی آیا ہو۔

دوسری جانب سعودی ٹریولنگ سوسائٹی کے ایگزیکٹو چیئرمین بدر المالکی نے کہا ہے کہ فضائی ٹکٹ 30 سے 40 فیصد تک مہنگے ہوں گے۔

انہو نے اس کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ کوررونا کے باعث ہوائی جہازوں کی تقریبا 50 فیصد نشستیں خالی رکھنا ہوں گی اور دو مسافروں کے درمیان ایک نشست خالی رکھی جائے گی اور اس نقصان کو پورا کرنے کی وجہ سے ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔

بدر المالکی کا کہنا تھا کہ کورونا وبا سے بچاؤ کے حفاظتی اقدامات ختم ہونے پر فضائی ٹکٹوں کے نرخ بتدریج معمول پر آ جائیں گے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024