’ریپ‘ الزامات میں قید کی سزا کاٹنے والے بل کوسبی کی نظرثانی درخواست منظور
امریکی سپریم کورٹ نے ’ریپ‘ الزامات میں قید کی سزا کاٹنے والے معروف امریکی کامیڈین 83 سالہ بل کوسبی کی نظرثانی کی درخواست قبول کرلی۔
بل کوسبی اس وقت ’ریپ‘ کا جرم ثابت ہونے پر تین سے 10 سال قید کی سزا کاٹ رہے ہیں۔
بل کوسبی کو امریکا کی ریاست میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی کی عدالت نے دسمبر 2018 میں ایک خاتون کے ریپ کا الزام ثابت ہونے پر تین سے 10 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔
تین سے 10 سال قید کی سزا کا مطلب اداکار کو ہر حال میں تین سال تک جیل میں گزارنے ہوں گے، جس کے بعد ہی وہ ضمانت پر رہا ہوسکیں گے۔
بل کوسبی پر 2004 میں کینیڈا کی ایک باسکٹ بال کھلاڑی آندریا کونسٹائڈ کو نشہ دے کر ‘ریپ‘ کرنے سمیت دیگر 60 خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کرنے جیسے الزامات تھے۔
یہ بھی پڑھیں: ‘ریپ’ الزامات کے تحت بل کوسبی کو جیل قید اور جرمانے کی سزا
اور ان کے خلاف سب سے پہلے 5 سال قبل 2015 کو قانونی مقدمات کا آغاز ہوا، ان کے خلاف متعدد سماعتیں بھی ہوئیں۔
بل کوسبی کو جس ریپ کے کیس میں 2018 میں جیل بھیجا گیا تھا، یہی کیس ان کے خلاف 2015 سے زیر سماعت تھا۔
ایک موقع پر عدالت نے ان پر فرد جرم بھی عائد کی تھی تاہم بعد ازاں 2017 میں حیران کن طور پر انہیں اسی کیس سے جڑے متعدد معاملات میں بری کرکے مقدمے کو بند کردیا گیا تھا۔
تاہم 2017 میں شروع ہونے والی می ٹو مہم کے بعد دوبارہ بل کوسبی کے خلاف خواتین سامنے آئیں اور ان کے خلاف دوبارہ ٹرائل کا آغاز ہوا اور عدالت نے انہیں دسمبر میں مجرم قرار دے کر جیل بھیج دیا تھا۔
جیل بھیجے جانے کے ایک سال بعد جون 2019 میں بھی بل کوسبی نے فیصلے پر نظرثانی کے لیے امریکی عدالت میں درخواست دائر کی تھی تاہم ان کی اس درخواست پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی تھی۔
مزید پڑھیں: ریپ الزامات میں سزا کاٹنے والے بل کوسبی نے درخواست دائر کردی
جس کے بعد ایک بار پھر بل کوسبی نے اپنے خلاف عدالتی فیصلے کو بدنیتی پر مبنی قرار دیتے ہوئے گزشتہ ماہ اگست میں عدالت سے دوبارہ ٹرائل کی درخواست دائر کی تھی۔
بل کوسبی نے میری لینڈ کی مونٹگمری کاؤنٹی میں سپریم کورٹ میں نظرثانی کی اپیل دائر کی تھی، جسے منظور کرلیا گیا۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ بل کوسبی کو سزا سنائے جانے کے فیصلے پر سپریم کورٹ میں دوبارہ سماعت ہوگی اور اس ضمن میں حکومت سمیت ملزم نے وکلا کا بندوبست کرلیا۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بل کوسبی کی درخواست پر ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلیفیا میں موجود سپریم کورٹ سماعت کرے گی۔
کیس کے دوربارہ آغاز سے قبل بل کوسبی اور فلاڈیلیفیا کے پراسیکیوٹرز نے عدالت میں اپنے تحریری دلائل جمع کرائے، جن میں دونوں فریقین نے اپنے اپنے ماضی کے بیانات کو برقرار رکھا۔
یہ بھی پڑھیں: بل کوسبی نے ریپ الزامات میں سزا کے خلاف درخواست دائر کردی
عدالت میں فلاڈیلیفیا کے پراسیکیوٹرز نے جمع کرائے گئے دستاویزات میں ایک بار پھر دعویٰ کیا کہ بل کوسبی کو شواہد کی بنیاد پر سزا سنائی گئی اور عدالت کے پاس ملزم کے خلاف مکمل ثبوت موجود تھے۔
دوسری جانب بل کوسبی کے وکلا نے اپنے بیان میں کہا کہ ان کے مؤکل کو کمزور شواہد کی بنیاد پر سزا دی گئی۔
اگرچہ سپریم کورٹ نے بل کوسبی کی درخواست منظور کرلی تاہم عدالت نے ان کی درخواست پر سماعت کی کوئی تاریخ مقرر نہیں کی، خیال کیا جا رہا ہے کہ ان کی درخواست پر رواں برس کے اختتام تک سماعت ہوگی۔