میڈونا اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی خود ہدایات دیں گی
گزشتہ صدی میں دنیا کی 25 بااثر خواتین اور سب سے معروف پاپ گلوکارہ کا درجہ رکھنے والی امریکی گلوکارہ، لکھاری و ہدایت کار 62 سالہ میڈونا اپنی ہی زندگی پر بننے والی فلم کی خود ہدایات دیں گی۔
خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس (اے پی) نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ یونیورسل پکچر نے 15 ستمبر کو اعلان کیا کہ پروڈکشن ہاؤس جلد ہی میڈونا کی زندگی پر بننے والی فلم پر کام کا آغاز کردے گا۔
رپورٹ میں تصدیق کی گئی کہ گلوکارہ و ہدایت کارہ میڈونا خود ہی اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی ہدایات دیں گی اور فلم ان کی موسیقی کی زندگی پر مبنی ہوگی۔
میڈونا جہاں اپنی زندگی پر بننے والی فلم کی ہدایات دیں گی، وہیں وہ مذکورہ فلم کی شریک لکھاری بھی ہوں گی اور وہ ایوارڈ یافتہ لکھاری ڈیابلو کوڈی کا ساتھ دیں گی۔
اگرچہ میڈونا نے پہلے بھی چند فلموں کی ہدایات دی ہیں تاہم تقریبا ایک دہائی بعد وہ کسی فلم کی ہدایات دیں گی۔
میڈونا کی زندگی پر بنائی جانے والی فلم کا نام تاحال نہیں رکھا گیا جب کہ فلم کو ایمی پاسکل پروڈیوس کریں گے، جو ماضی میں میڈونا کے ساتھ فلمیں پروڈیوس کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: گلوکارہ میڈونا کا ہاروی وائنسٹن پر جنسی ہراساں کرنے کا الزام
میڈونا اور ایمی پاسکل نے 1992 میں (اے لیگ آف دیئر اون) مشترکہ طور پر بنائی تھی، جب کہ میڈونا نے آخری بار 2011 میں رومانٹک تاریخی فلم (ڈبلیو ای) کی ہدایات دی تھیں۔
ڈبلیو ای میں برطانوی بادشاہ ایڈورڈ ایٹتھ (آٹھویں) کے امریکی طلاق یافتہ خاتون سے معاشقے کو تاریخی تناظر میں دکھایا گیا تھا۔
میڈونا نے مذکورہ فلم کے علاوہ 2008 کی فلم (ففتھ اینڈ وزڈم) کی ہدایات بھی دی تھیں۔
میڈونا نے جہاں فلموں کی ہدایات دیں، وہیں انہوں نے فلموں کو پروڈیوس بھی کیا جب کہ وہ چند فلموں میں اداکاری بھی کر چکی ہیں۔
میڈونا نے گلوکاری کے کیریئر کے عروج کے وقت 1985 میں اداکاری کا آغاز کیا تھا اور میوزک کی طرح ان کی اداکاری کو بھی سراہا گیا تھا۔
مزید پڑھیں: گلوکارہ میڈونا کی ویڈیو پر تنازع
اپنی زندگی پر فلم بنائے جانے کے حوالے سے میڈونا نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً فلم میں ان کے موسیقی کے کیریئر کو دکھایا جائے گا۔
ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ فلم کو شوٹنگ کب تک شروع کی جائے گی اور اسے کب تک ریلیز کیا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ فلم کی شوٹنگ آئندہ سال شروع ہوگی اور فلم کو 2022 تک ریلیز کردیا جائے گا۔