• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:12pm
  • LHR: Zuhr 12:01pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:26pm

آمنہ الیاس اور داور محمود نے شادی کی خبروں پر وضاحت کردی

شائع September 15, 2020
دونوں جلد ہی تھیٹر ڈرامے ان کہی میں دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک
دونوں جلد ہی تھیٹر ڈرامے ان کہی میں دکھائی دیں گے—فائل فوٹو: فیس بک

جلد ہی اسٹیج پر پاکستان ٹیلی وژن (پی ٹی وی) کے مقبول ڈرامے ’ان کہی‘ کو تھیٹر کی صورت پر پیش کرنے والی اداکارہ آمنہ الیاس اور اداکار داور محمود کے حوالے سے خبریں تھیں کہ دونوں نے شادی کرلی۔

ایک ہفتہ قبل میڈیا میں شائع ہونے والی خبروں میں ذرائع سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ دونوں اداکاروں نے سادگی سے نکاح کرلیا۔

خبروں میں دونوں اداکاروں کا کوئی حوالہ دیے بغیر ان کے قریبی ذرائع سے بتایا گیا تھا کہ کورونا کے باعث دونوں نے سادگی سے نکاح کو ترجیح دی۔

میڈیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ نکاح کے ساتھ ہی آمنہ الیاس کی رخصتی بھی ہوگئی، تاہم ایسی خبریں وائرل ہونے پر دونوں نے اب وضاحت کردی۔

آمنہ الیاس کے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر دونوں نے ایک مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں دونوں اپنی شادی کی افواہوں پر بات کرتے دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: آمنہ الیاس اور جدید دور

مختصر دورانیے کی ویڈیو میں داور محمود کو قدرے جذباتی انداز میں شادی کی خبریں پھیلانے والے افراد پر غصہ کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ داور محمود کی جانب سے غصے کا اظہار کرنے کے دوران آمنہ الیاس انہیں روکتی ہیں اور وہ شائقین کو آرام سے شادی کی خبروں پر تفصیلات بتاتی ہیں۔

ویڈیو میں آمنہ الیاس نے انکشاف کیا کہ داور محمود کی متعدد گرل فرینڈز ہیں، جس کی وجہ سے ان کے لیے مسئلے پیدا ہوسکتے ہیں۔

ساتھ ہی ویڈیو میں آمنہ الیاس نے دعویٰ کیا کہ ان کا کوئی بھی بوائے فرینڈ نہیں ہے۔

اداکارہ نے ویڈیو میں لوگوں پر واضح کیا کہ وہ افواہیں پھیلانا بند کریں اور ان کا آنے والا تھیٹر ڈراما ’ان کہی‘ دیکھیں۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

خیال رہے کہ ’ان کہی‘ کو پہلی بار پی ٹی وی پر 1982 میں نشر کیا گیا تھا اور ڈرامے کی مجموعی طور پر 31 قسطیں تھیں اور اس ڈرامے کو پاکستان کے 20 مقبول ترین ڈراموں میں بھی شمار کیا جاتا ہے۔

اس ڈرامے کے اداکاروں شہناز شیخ، جاوید شیخ، شکیل، سلیم ناصر، بہروز سبزواری اور جمشید انصاری کی بے مثال اداکاری اور دلوں میں گھر کر جانے والے مکالمے آج تک یاد کئے جاتے ہیں۔

مزید پڑھیں: مقبول ڈرامے ’ان کہی‘ کو نئے انداز میں تھیٹر پر پیش کیا جائے گا

جب اس ڈرامے کو نشر کیا گیا تھا اس وقت پی ٹی وی پر حسینہ معین اور شہناز شیخ کا طوطی بولتا تھا اور اس ڈرامے میں بھی ان کا جادو سرچڑھ کر بولا، خاص طور پر شہناز شیخ کی اوٹ پٹانگ حرکتیں ناظرین کے دلوں میں ایسی بسیں کہ آج تک وہی موجود ہیں جبکہ اسی تھیم پر ہندوستان میں کئی فلمیں بھی تیار کی گئیں۔

’ان کہی‘ کو نئے انداز میں تھیٹر کی پروڈکشن کمپنی ’کاپی کیٹس‘ پیش کرے گی اور اس ڈرامے کو تھیٹر انداز میں اداکار داور محمود نے تحریر کیا ہے، جو ڈرامے میں اداکاری بھی کرتے دکھائی دیں گے۔

تھیٹر ڈرامے ’ان کہی‘ میں آمنہ الیاس مرکزی کردار ادا کریں گی، وہ پی ٹی وی کے ڈرامے میں شہناز شیخ کی جانب سے کیا گیا کردار ادا کریں گی۔

آمنہ الیاس تھیٹر ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام
آمنہ الیاس تھیٹر ڈرامے میں مرکزی کردار ادا کریں گی—فوٹو: انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024