• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کورونا وائرس: ملک میں کیسز 3 لاکھ 2 ہزار سے زائد، 2 لاکھ 89 ہزار 806 صحتیاب

شائع September 14, 2020
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے پی
پاکستان میں کیسز کی تعداد میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال میں بہتری آرہی ہے اور یومیہ کیسز اور اموات کی تعداد گزشتہ ریکارڈ کے مقابلے میں کافی حد تک کم ہوگئی ہے۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 2 ہزار 186 ہے جس میں سے 2 لاکھ 89 ہزار 806 صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ 6 ہزار 383 کا انتقال ہوا ہے۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق آج (14 ستمبر) کی صبح تک مزید 335 کیسز اور 2 اموات کا اضافہ ہوا، جس میں بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے گزشتہ روز کے بالترتیب 112 اور 50 کیسز بھی شامل تھے۔

دنیا بھر کی صورتحال تبدیل کرنے والی اس عالمی وبا کی ابتدا گزشتہ برس کے آخر میں چین کے شہر ووہان سے ہوئی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پہلے خطے اور پھر پوری دنیا کو متاثر کردیا۔

اس وائرس کے ایک شخص سے دوسرے شخص میں منتقل ہونے کے باعث دنیا بھر کے مختلف ممالک میں لاک ڈاؤن کرنا پڑا جبکہ معاشی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہوئیں جبکہ لوگوں کو سفری پابندیوں کا بھی سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان میں اس وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں رپورٹ ہوا، جس کے بعد فوری طور تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا۔

تاہم چونکہ یہ وبا ایک سے دوسرے میں منتقل ہوتی ہے تو اس نے دیکھتے ہی دیکھتے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے لیا، جس کے باعث لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں عائد کی گئیں۔

تاہم وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ اور ملک کی معیشت کو دیکھتے ہوئے ان پابندیوں میں نرمی کی جانے لگی اور ملک میں اگست کے مہینے یعنی 5 ماہ بعد کورونا وائرس کی صورتحال قدر بہتر ہونے پر ان پابندیوں کو بڑی حد تک ختم کردیا گیا، البتہ تعلیمی اداروں کو مزید ایک ماہ بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا اور اب 15 ستمبر سے مرحلہ وار تعلیمی ادارے کھول دیے جائیں گے۔

آج (14 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کی مجموعی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

پنجاب

پاکستان کے آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 81 مریضوں کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان نئے 81 مریضوں نے صوبے میں مجموعی کیسز کی تعداد کو 97 ہزار 760 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا کے 40 نئے مریض سامنے آگئے۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں سامنے آنے والے نئے مریضوں کے بعد دارالحکومت میں مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 941 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان جو کورونا وائرس سے ملک میں دوسرے نمبر پر سب سے کم متاثر ہے وہاں 31 نئے مریض اور 2 اموات کی تصدیق ہوئی۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان نئے مریضوں کے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 3 ہزار 226 ہوگئی۔

اس کے علاوہ 2 افراد کے انتقال کرجانے سے وہاں مجموعی کیسز کی تعداد 76 تک جاپہنچی۔

آزاد کشمیر

پاکستان میں کورونا وائرس سے سب سے کم متاثر علاقے آزاد کشمیر میں مزید 21 افراد اس وائرس کا شکار ہوئے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 21 نئے مریضوں کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 421 ہوگئی۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس سے مزید 166 افراد متاثر ہوگئے۔

محکمہ صحت کے مطابق صوبے میں کورونا وائرس کے کیسز کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 250 ہوچکی۔

رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا سے کوئی ہلاکت رپورٹ نہیں ہوئی جبکہ صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 445 ہے۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال میں بہتری کی سب سے بڑی وجہ لوگوں کا تیزی سے صحتیاب ہونا ہے۔

ملک میں اب تک 96 فیصد مریض شفا پاچکے ہیں جبکہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان میں 377 کا اضافہ ہوا، جس کے بعد ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 2 لاکھ 89 ہزار 806 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 302186

اموات: 6383

صحتیاب: 289806

فعال کیسز: 5831

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 32 ہزار 250 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 760 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 992 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 595 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 941، گلگت بلتستان میں 3 ہزار 227اور کشمیر میں 2 ہزار 421 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2445

پنجاب: 2217

خیبرپختونخوا: 1257

بلوچستان: 145

اسلام آباد: 178

آزاد کشمیر: 65

گلگت بلتستان: 76


پاکستان میں کورونا کیسز اور اموات

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو کراچی میں سامنے آیا تھا اور 25 مارچ تک کیسز کی تعداد ایک ہزار تک پہنچ چکی تھی۔

تاہم اس کے بعد مذکورہ وائرس نے پاکستان میں اپنے پنجے گاڑنا شروع کیے تاہم بعد ازاں صورتحال بہتری کی جانب واپس گامزن ہوئی اور اب تک 3 لاکھ سے زائد افراد کورونا وائرس سے متاثر ہوچکے ہیں، جبکہ اموات 6 ہزار سے زائد ہیں۔

ملک میں کورونا وائرس کے پہلے کیس سے لے کر اب تک کیا صورتحال رہی اور کس روز کتنے کیسز اور اموات سامنے آئیں؟ مکمل تفصیل جاننے کے لیے کلک کریں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024