• KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • KHI: Asr 4:07pm Maghrib 5:43pm
  • LHR: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm
  • ISB: Asr 3:24pm Maghrib 5:01pm

سعودی عرب کا یکم جنوری سے سفری پابندیاں ختم کرنے کا اعلان

شائع September 14, 2020
کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں اس سال حج بھی محدود پیمانے پر کیا گیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی
کورونا وائرس کی وجہ سے سعودی عرب میں اس سال حج بھی محدود پیمانے پر کیا گیا تھا— فائل فوٹو: اے ایف پی

سعودی عرب نے سفری پابندیوں ختم کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کر لیا ہے اور نئے سال 2021 کے آغاز کے ساتھ ہی پابندیاں ختم کردی جائیں گی۔

سعودی عرب میں یکم جنوری 2021 کے بعد زمین، سمندر اور فضائی سفر کے ذریعے شہریوں کو ملک میں داخلے اور باہر جانے کی اجازت ہو گی۔

مزید پڑھیں: سعودی عرب: 160 ممالک کے شہریوں کو حج کیلئے منتخب کرلیا گیا

تاہم انتظامیہ کا کہنا ہے کہ اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ لوگ کورونا وائرس کے حوالے سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہیں یا نہیں۔

سعودی عرب کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق یکم جنوری کے بعد شہریوں کے ملک میں داخلے اور باہر جانے کے حوالے سے عائد تمام تر پابندیاں ختم کردی جائیں گی اور انہیں زمینی، فضائی اور سمندری سفر کی مکمل اجازت ہو گی۔

حکام کے مطابق پابندیاں ہٹانے کی حتمی تاریخ کا اعلان یکم جنوری 2021 سے 30 دن قبل کیا جائے گا۔

بیان میں کہا گیا کہ اگر ضرورت محسوس کی گئی تو وزارت صحت اس سلسلے میں سفر کرنے والوں کی صحت کے حوالے سے ضروری اقدامات کی ہدایات جاری کر سکتی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مساجد میں نمازوں پر پابندی جلد ختم کرنے کے خواہاں ہیں، سعودی وزارت مذہبی امور

گلف تعاون کونسل اور غیر سعودی شہریوں کو کام کے اجازت نامے کے ساتھ ملک میں داخلے کی اجازت ہو گی لیکن ان کو پابندیوں پر لازمی عمل کرنا ہو گا۔

تاہم ایک شرط عائد کی گئی ہے کہ جب تک کسی فرد کے پاس اس بات کا ثبوت نہ ہو کہ وہ کورونا سے پاک ہے، اس وقت تک وہ ملک میں داخل نہیں ہو سکے گا۔

انہیں اس سلسلے میں کورونا کی ایک ایسی رپورٹ فراہم کرنی ہو گی جو 48 گھنٹے سے زیادہ پرانی نہ ہو اور کسی تسلیم شدہ ادارے سے کرائی گئی ہو۔

واضح رہے کہ مارچ سے سعودی عرب نے اپنے سے باہر سفر یا کسی کے آنے پر پابندی عائد کردی تھی تاکہ کورونا وائرس پر قابو پایا جا سکے۔

مزید پڑھیں: فلسطین سے امن معاہدے کے بغیر اسرائیل سے سفارتی تعلقات کی گنجائش نہیں، سعودی عرب

مئی کے اختتام پر بتدریج پابندیوں میں نرمی کرتے ہوئے ادارے کھولنے کا سلسلہ شروع کیا گیا اور اندرون ملک سفر کی اجازت بھی دی گئی تھی البتہ بین الاقوامی پروازوں پر پابندی برقرار رکھی گئی تھی۔

سعودی عرب میں اب تک کورونا وائرس کے 3 لاکھ 25ہزار 651 کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جن میں سے 3 لاکھ 2 ہزار 870 مریض صحتیاب ہو چکے ہیں جبکہ 4 ہزار 268 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ کورونا وائرس کی وجہ سے اس سال انتہائی محدود پیمانے پر حج کیا گیا تھا اور ملک کے اندر موجود افراد کو ہی حج کی اجازت دی گئی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024