امریکا میں جنگلات میں لگی آگ سے تباہی، ہلاکتیں 33 تک پہنچ گئیں
امریکا کے مغربی علاقوں میں جنگلات میں لگی آگ سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے جس کے نتیجے میں 33 افراد ہلاک اور ہزاروں افراد بے گھر اور نقل مکانی پر مجبور ہو گئے۔
جن مقامات پر آتشزدگی ہوئی وہ تباہی کا منظر پیش کر رہے ہیں اور درخت، ٹیلیفون پولز اور گھر جل کر راکھ ہو گئے جبکہ علاقے میں موجود گاڑیاں بھی آتزشدگی کے باعث تباہ ہوگئیں۔
مزید پڑھیں: ایمیزون کے جنگلات میں مزید سیکڑوں مقامات پر آگ بھڑک اٹھی
آتشزدگی کے بیشتر واقعات دیہی علاقوں اور جنگلات میں سامنے آئے لیکن مغربی ساحلوں پر لاس اینجلس، سان فرانسسکو، سیٹل اور پورٹ لینڈ جیسے اہم شہر بھی متاثر ہوئے ہیں۔
بڑے پیمانے پر لگنے والی آگ سے فضا اور ہوا کا معیار انتہائی خراب ہو چکا ہے، لوگوں کی صحت متاثر ہو رہی ہے اور وہ پھیپھڑوں کے انفیکشن کا شکار ہو رہے ہیں۔
اوکلینڈ میں کورونا وائرس کی وجہ سے اکثر کاروبار اور سہولیات بند ہیں لیکن اس آگ کی وجہ سے صاف ہوا کے مرکز بنائے گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے جنگلات میں لگی آگ سے تباہی، ہزاروں افراد محصور
جون سے بے گھر اور ایک لائبریری میں عارضی پناہ لینے والے ٹیڈی مور ہیڈ نے کہا کہ اس وقت میرا اپنا گھر نہیں ہے اس لیے میں گھر کے باہر نہیں رہنا چاہتا کیونکہ مجھے دمہ ہے، مجھے لگتاہے کہ میرا دم گھٹ رہا ہے اور اسی لیے میں نے یہاں رہنے کا فیصلہ کیا۔
اگست کے وسط سے لگنے والی اس آگ کے نتیجے میں اب تک کم از کم 33 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جن میں سے سب سے زیادہ 22 افراد کیلیفورنیا میں مارے گئے۔
سب سے 24 مقامات پر آگ، کیلیفورنیا میں لگی ہے جبکہ اس کے علاوہ واشنگٹن میں 15 مقامات، اوریگون میں 14 اور ایداہو میں 12 مقامات پر آگ لگی ہے جبکہ الاسکا، کورولاڈو، نیواڈا، نیو میکسیکو، اتاہ اور وائیو مینگ میں بھی مختلف مقامات پر آگ لگی۔
اوریگون میں جنگلات میں ایک لاکھ 60 ہزار ایکڑ زمین آگ کی نذر ہو گئی اور یہ انتہائی تیزی سے پھیل رہی ہے جس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ صرف جمعہ کو یہ 5 ہزار ایکڑ پھیلی۔
حکام نے ولامیٹ نیشنل فاریسٹ کے اراف میں واقع مرکزی سڑک بند کردی ہے اور انتہائی ضرورت کے بغیر بند سڑک کے اس پار جانے کی اجازت نہیں۔
کیلیفورنیا میں دو درجن سے زائد مقامات پر آگ سے نبرد آزما حکام نے اُمید ظاہر کی ہے کہ موسم کی صورتحال بہتر ہونے کی صورت میں وہ جلد آگ پر قابو پا لیں گے۔
مزید پڑھیں: آسٹریلیا: 'جنگلات میں لگی آگ سے تقریباً 3 ارب جانور ہلاک یا دربدر ہوئے'
ریاست کی تاریخ میں لگنی والی پانچ بدترین آگ میں سے تین اس وقت لگی ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں ساڑھے تین لاکھ ایکڑ سے زائد کی زمین اور اس پر موجود اشیا جل کر خاکستر ہو گئی ہیں۔
لاس اینجلس میں 16ہزار 200 فائر فائٹرز آگ پر قابو ہانے کے لیے امدادی کارروائیوں میں مصروف ہیں جبکہ پہاڑی علاقوں کے جنگلات میں لگنے والی آگ سے بھی بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے اور اب تک صرف اس ریاست میں 32 لاکھ ایکڑ زمین تباہ ہو چکی ہے اور تقریباً 5 ہزار گھر تباہ ہو چکے ہیں۔
سیرا نیواڈا میں بھی تقریباً تین لاکھ ایکڑ اراضی آگ کی زد میں آئی جس سے کم از کم 12 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔