• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

موجودہ حکومت میں قصور وار مجرم نہیں بلکہ متاثرہ خاتون کو ٹھہرایا گیا، احسن اقبال

شائع September 13, 2020 اپ ڈیٹ September 14, 2020
—فائل فوٹو: ڈان نیوز
—فائل فوٹو: ڈان نیوز

مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے موٹر وے پر گینگ ریپ کے معاملے پر حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ 'وزیراعظم عمران خان نے دنیا میں پہلی مثال قائم کردی جہاں مظلوم خاتون کے سر پر شفقت کی چادر رکھنے کے بجائے ان کی حکومت نے متاثرہ خاندان کا مزاق اڑایا۔

لاہور میں پارٹی رہنما مریم اورنگزیب کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موٹر وے پر خاتون سے زیادتی کا واقعہ قابل مذمت ہے جبکہ موجودہ حکومت میں انگلی مجرم پر نہیں بلکہ خاتون پر اٹھی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب بچاؤ تحریک چلانے کا وقت آگیا، احسن اقبال

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق احسن اقبال کا کہنا تھا کہ گینگ ریپ کے معاملے پر حکمرانوں کو گھر جانا ہوگا جبکہ لاہور سی سی پی او (کیپٹل سٹی پولیس افسر ) کو متاثرہ خاتون کے حوالے سے دیے گئے ریمارکس پر تبدیل کیا جانا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار وزیراعظم عمران خان کی طرح نو آموز ہیں وہ مجرموں کو پکڑنے اور انہیں عبرت ناک سزا دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔

سانحہ آرمی پبکل اسکول کے بعد مسلم لیگ (ن) کی جانب سے انسداد دہشت گردی آپریشن شروع کرنے کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے انتظامی اور قانونی راستوں سے دہشت گردوں کا مقابلہ کیا جبکہ موجودہ حکومت گینگ ریپ کیس میں ایک ملزم کو نہیں پکڑ سکی اور اس کے بجائے حساس معلومات میڈیا کو فراہم کردیں جس سے ملزم پولیس کے پہنچنے سے پہلے فرار ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم گزشتہ دو برس سے کہہ رہے ہیں کہ موجودہ 'نااہل' حکمران معیشت کو برباد کرچکے ہیں اور اب پاکستان کو انتظامی انارکی کے دھانے پر پہنچا چکے ہیں۔

احسن اقبال نے سوال اٹھایا کہ پاکستان کے سب سے بڑے صوبے میں گزشتہ دو برس کے دوران 5 آئی جیز، 4 چیف سیکریٹریز، 6 ڈویژن، متعدد صوبائی سیکریٹریز تبدیل کردیے گئے، کیا اس طرح صوبے کے نظام چل سکتے ہیں؟ ان حالات میں انتظامیہ کیسے کام کرے گی؟

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو پنجاب کے انتخابات میں ناکامی کا سامنا رہا اور آج تحریک انصاف کی حکومت صوبے کو نشانہ بنا رہی ہے۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے حوالے سے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے 'عثمان بزدار کی حکومت' مسلط کردی ہے۔

مزید پڑھیں: احسن اقبال نے وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس کے لیے نیب میں درخواست دائر کردی

احسن اقبال نے کہا کہ 'عثمان بزدار اچھے انسان ہوں گے لیکن پنجاب جیسے صوبے کو چلنے کے لیے جو انتظامی صلاحیت درکار ہے، وہ ہی ان کے پاس نہیں ہیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'جیسے عمران خان خود اناڑی ہیں، ویسے ہی صوبہ پنجاب میں وہ حکومت لے کر آئے ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومت انتظامی کارروائیوں کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دے رہی اور نیب کی زیر حراست مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کئی دن سے بخار میں مبتلا ہیں کیونکہ ان کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا ہے اور انہیں کوئی طبی سہولیات فراہم نہیں کی جارہیں۔

مریم اورنگزیب کا حمزہ شہباز کو ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ

دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے حمزہ شہباز کو علاج کے لیے فوری ہسپتال منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ حمزہ شہباز کا کورونا کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور وہ گزشتہ 3 روز سے شدید بخار میں مبتلا ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ بگڑتی ہوئی صحت کو دیکھتے ہوئے انہیں کوٹ لکھپت جیل سے فوری ہسپتال منتقل کیا جائے اور ان کے علاج کی تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کی جائیں۔

ان کا کہنا تھاکہ علاج میں سستی یا بے پرواہی سے پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کی صحت خطرے سے دوچار ہوسکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024