• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

کولمبیا: پولیس کے ہاتھوں شہری کی ہلاکت کےخلاف احتجاج کے دوران 7 افراد ہلاک

شائع September 11, 2020
احتجاج کا سلسلہ بوگوٹا کے علاوہ دیگر شہروں میڈلین، پریڈا اور اِباگیو میں بھی جاری رہا — فوٹو: رائٹرز
احتجاج کا سلسلہ بوگوٹا کے علاوہ دیگر شہروں میڈلین، پریڈا اور اِباگیو میں بھی جاری رہا — فوٹو: رائٹرز

لاطینی امریکی ملک کولمبیا میں پولیس کے ہاتھوں ایک شخص کی ہلاکت کے بعد ملک بھر میں ہونے والے احتجاج کے دوران 7 افراد ہلاک اور 150 سے زائد زخمی ہوگئے۔

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق بدھ کے روز 46 سالہ وکیل اور دو بچوں کے والد جیویئر ہمبرٹو اورڈونیز کو مبینہ طور پر کورونا وائرس کے سماجی فاصلے کی خلاف ورزی پر پولیس نے روکا جس دوران ان کی پولیس سے ہاتھا پائی ہوئی۔

اس وقت جیویئر کے ساتھ موجود ان کے دوستوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ویڈیو میں جیویئر کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ 'برائے مہربانی، مزید نہیں، میرا دم گھٹ رہا ہے۔'

تاہم اس درخواست کے باوجود دو پولیس اہلکاروں نے ان کی گردن کے پچھلے حصے پر اپنے گھٹنے سے زور دینا جاری رکھا اور انہیں مسلسل تکلیف دیتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: کولمبیا میں قرنطینہ کی خلاف ورزی پر خاتون کو 8 سال قید کا سامنا

اس کے بعد جیویئر کو پولیس نے حراست میں لے لیا اور ان کے اہلخانہ نے الزام لگایا کہ حراست میں ان پر مزید تشدد کیا گیا جس کے بعد وہ ہسپتال میں دم توڑ گئے۔

واضح رہے کہ کولمبیا میں کورونا وائرس کے باعث مارچ کے وسط سے لاک ڈاؤن نافذ تھا جس میں دو ہفتے قبل نرمی کردی گئی تھی۔

شہری کی ہلاکت پر بدھ کی دوپہر کو بوگوٹا میں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور اس پولیس اسٹیشن کو تباہ کردیا جس میں وہ پولیس افسران تعینات تھے۔

احتجاج کا سلسلہ بوگوٹا کے علاوہ دیگر شہروں میڈلین، پریڈا اور اِباگیو میں بھی جاری رہا، جہاں مظاہرین نے پولیس اسٹیشنز اور پبلک ٹرانسپورٹ کے انفرااسٹرکچر پر حملے کیے۔

شہر کے مغرب میں جمعرات کو بھی کشیدگی جاری رہی اور بوگوٹا کے میئر کلاؤڈیا لوپیز نے پولیس کے تشدد کو 'ناقابل قبول' قرار دینا، تاہم انہوں نے شہر میں تشدد کے واقعات کی بھی مذمت کی جس میں ہلاکتیں ہوئیں۔

مزید پڑھیں: کولمبیا میں کورونا سے متاثر ہونے والوں کی تعداد 4 لاکھ، اموات ساڑھے 13 ہزار سے متجاوز

کولمبیا کے وزیر دفاع کارلوس ہولمز نے کہا کہ بوگوٹا میں پرتشدد واقعات میں 7 افراد ہلاک ہوئے جبکہ ملک بھر میں 150 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔

حکومت نے دونوں پولیس افسران کو ان کے خلاف تحقیقات مکمل ہونے تک معطل کردیا جبکہ جیویئر ہمبرٹو اورڈونیز کا پوسٹ مارٹم کیا جائے گا۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024