• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستانی نژاد شہری امیر ترین شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب

شائع September 10, 2020
کورونا وائرس کی عالمی وبا بھی امریکا کے 400 امیرترین افراد کو 2020 میں مزید پیسہ بنانے سے نہیں روک سکی—فائل فوٹو:اے ایف پی
کورونا وائرس کی عالمی وبا بھی امریکا کے 400 امیرترین افراد کو 2020 میں مزید پیسہ بنانے سے نہیں روک سکی—فائل فوٹو:اے ایف پی

واشنگٹن: پاکستانی نژاد امریکی شہری شاہد خان سال 2020 میں امریکا کی 400 امیر ترین شخصیات کی فہرست میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوگئے۔

شاہد خان کی کُل دولت 7 ارب 80 کروڑ ڈالر ہے۔

فوربزکی جانب سے امریکی کی 400 امیر ترین شخصیات کی فہرست 2 روز قبل جاری کی گئی تھی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس فہرست میں ٹیکنالوجی کمپنی ایمازون کے بانی اور چیف ایگزیکٹو افسر جیف بیزوس مسلسل تیسرے برس پہلے نمبر پر موجود ہیں۔

جیف بیزوس کے بعد اس فہرست میں دوسرے نمبر پر مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس موجود ہیں۔

فوربز کے مطابق 2020 میں جیف بیزوس کی کل دولت 179 ارب ڈالر جبکہ بل گیٹس کی کُل دولت 111 ارب ڈالر ہے۔

اس فہرست میں سماجی رابطے کی معروف ویب سائٹ فیس بک کے سی ای او مارک زکر برگ تیسرے نمبر پر موجود ہیں اور ان کی مجموعی دولت 85 ارب ڈالر ہے۔

رواں برس ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کی دولت میں سب سے اضافہ ہوا اور وہ گزشتہ برس کی درجہ بندی کے مقابلے میں 242 فیصد امیر ہوئے۔

24 جولائی کو جب فوربز نے ٹیسلا کی دولت کا حتمی تخمینہ لگایا تو اس کے اسٹاکس میں 520 فیصد تک اضافہ ہوا تھا اور گزشتہ برس کی فہرست کے مقابلے میں ایلون مسک کی دولت میں 48 ارب 10 کروڑ ڈالر مزید بڑھ گئے تھے۔

2019 کی درجہ بندی میں ایلون مسک امریکا کے 23ویں امیرترین شخص تھے اور اس وقت ان کی دولت19 ارب 90 ڈالر تھی لیکن رواں برس وہ 68 ارب ڈالر کی مجموعی دولت کے ساتھ اس فہرست میں ساتویں نمبر پر آگئے ہیں۔

شاہد خان اس فہرست میں شامل واحد پاکستانی ہیں جو انجینئر ہیں اور تجارت سے وابستہ ہیں۔

وہ محض 16 برس کی عمر میں پاکستان سے امریکا منتقل ہوئے تھے اور ان کی جیپ میں 500 ڈالر تھے۔

انہوں نے 1980 میں خود کو ملازمت دینے والے ایک شخص سے آٹو پارٹس کی کمپنی فلیکس-این- گیٹ خریدی تھی جو ان کی اصل کمائی ہے اور اب اسی کمپنی کے دنیا بھر میں 66 پلانٹس ہیں اور اس کمپنی کے 24 ہزار ملازمین ہیں۔

ون پیس ٹرک بمپر کے لیے شاہد خان کا ڈیزان ان کی کامیابی کی وجہ بنا تھا، اب اسی کمپنی کے دنیا بھر میں 66 پلانٹس اور24 ہزار سے زائد ملازمین ہیں۔

فلیکس-این-گیٹ کمپنی ہی میں شاہد خان کی دولت ایک ارب ڈالر تک پہنچی تھی۔

گزشتہ برس شاہد خان نے اپنے بیٹے کے ساتھ آل ایلیٹ ریسلنگ کا اجرا کیا تھا جس کا پہلا ہفتہ وار شو اکتوبر 2019 میں نشر ہوا تھا۔

رواں برس جنوری میں انہوں نے وارنر میڈیا کے ساتھ شو کا 4سالہ توسیعی معاہدہ کیا تھا۔

شاہد خان این ایف ایل کے جیکسن ویل جیگوارس کے بھی مالک ہیں جو انہوں نے 2012 میں خریدا تھا۔

اس کے ساتھ ہی وہ برطانیہ کے فلہام فٹ کلب کی بھی ملکیت رکھتے ہیں جو شاہد خان نے 2013 میں خریدا تھا۔

وہ بلیک نیوز چینل کے، 24 گھنٹے نشر ہونے والے نیوز چینل کے سب سے بڑے فنانسر بھی ہیں جس کا آغاز فروری 2020 میں ہوا تھا۔

 علاوہ ازیں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس فہرست میں 339 ویں نمبر پر ہیں اور ان کی رینکنگ میں گزشتہ برس کے مقابلے میں 64درجے تنزلی ہوئی ہے۔

فوربز کے مطابق ٹرمپ کے کاروباروں میں تیزی سے کمی آرہی ہے اور ریئل اسٹیٹ ڈیولپرز ان کے ساتھ مزید کام نہیں کررہے۔

اس کے ساتھ ہی فوربز نے یہ مشاہدہ بھی کیا کہ کورونا وائرس کی عالمی وبا بھی امریکا کے 400 امیرترین افراد کو 2020 میں مزید پیسہ بنانے سے نہیں روک سکی۔

گزشتہ برس کے مقابلے میں اس فہرست میں رواں سال 8 فیصد مزید دولت مند افراد کا اضافہ ہوا ہے جن کی مجموعی دولت کا حجم 32 کھرب ڈالر ہے۔

فوربز کے مطابق ان شخصیات نے عالمی وبا کے سال میں اپنی دولت میں 240 ارب ڈالر کا اضافہ کیا جبکہ 2019 کی فہرست میں شامل 25 ارب پتی افراد کی دولت میں کمی بھی آئی۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024