• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

پاکستان میں اچانک ٹوئٹر پر ’می ٹو‘ ٹرینڈ ٹاپ پر کیوں آیا؟

شائع September 8, 2020
نعمان اعجاز نے عفت عمر کو اگست 2019 میں انٹرویو دیا تھا—فوٹو: عفت عمر انسٹاگرام
نعمان اعجاز نے عفت عمر کو اگست 2019 میں انٹرویو دیا تھا—فوٹو: عفت عمر انسٹاگرام

پاکستان میں زیادہ تر سوشل میڈیا صارفین 8 ستمبر کی دوپہر کو اس وقت حیران رہ گئے، جب ٹوئٹر پر اچانک ’می ٹو‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر آگیا۔

پاکستان میں ’می ٹو‘ کا ٹرینڈ ٹاپ پر ایک ایسے وقت میں آیا جب کہ ملک میں یوم دفاع سمیت دیگر کئی سیاسی و سماجی مسائل عروج پر تھے۔

تاہم اس کے باوجود ’می ٹو‘ ٹرینڈ کے ٹاپ پر آنے کے باعث کئی لوگ حیران رہ گئے۔

اگرچہ ’می ٹو‘ ٹرینڈ میں اپنی ٹوئٹس نظر آنے کی وجہ سے کئی افراد نے فالتو اور موضوع سے ہٹی ہوئی ٹوئٹس بھی کیں تاہم اس معاملے پر سب سے زیادہ اداکار نعمان اعجاز کے ایک سال پرانے انٹرویو کی ایک کلپ شیئر کی گئی۔

نعمان اعجاز کے پرانے انٹرویو کی کلپ بظاہر ابتدائی طور پر طوبیٰ سید کے ٹوئٹر اکاؤنٹ سے شیئر کی گئی، جس کے بعد دیکھتے ہی دیکھتے مذکورہ ٹوئٹس کو درجنوں افراد نے شیئر کرنا شروع کردیا۔

8 ستمبر کی دوپہر کو اچانک می ٹو کا ٹرینڈ پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ پر آگیا—اسکرین شاٹ
8 ستمبر کی دوپہر کو اچانک می ٹو کا ٹرینڈ پاکستان میں ٹوئٹر پر ٹاپ پر آگیا—اسکرین شاٹ

طوبیٰ سید کی مذکورہ ٹوئٹ کو بھی 700 سے زائد بار ری ٹوئٹ کیا گیا جب کہ اداکار کی اسی ویڈیو کلپ کو دوسرے افراد نے بھی ڈاؤن لوڈ کرکے شیئر کیا۔

دو منٹ سے زائد دورانیے کی ویڈیو میں نعمان اعجاز شادی شدہ ہونے کے باوجود شادی شدہ خواتین سے معاشقے کرنے سمیت خواتین کی جانب سے کسی بھی مسئلے کو غلط استعمال کرنے پر بات کرتے دکھائی دیے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستانی ڈرامے کے زوال کے ذمہ دار ہم خود ہیں، نعمان اعجاز

نعمان اعجاز کی مذکورہ ویڈیو کلپ ان کی جانب سے اداکارہ عفت عمر کو 12 سے 16 اگست 2019 کے درمیان دیے گئے ایک انٹرویو سے لی گئی۔

نعمان اعجاز کا مذکورہ انٹرویو عفت عمر نے دو قسطوں پر یوٹیوب پر نشر کیا تھا، انٹرویو کی پہلی قسط 12 اگست جب کہ دوسری قسط 16 اگست کو نشر کی گئی تھی۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

نعمان اعجاز کی ویڈیو کلپ ان کے انٹرویو کی دوسری قسط سے لی گئی، دوسری قسط کے وسط میں نعمان اعجاز ایک سوال کے جواب میں شادی شدہ ہونے کے باوجود دوسری خواتین سے محبت کی بات کرتے ہیں۔

تقریبا 27 منٹ دورانیے کی دوسری قسط کے 16 ویں منٹ میں میزبان عفت عمر نعمان اعجاز سے سوال کرتی ہیں کہ انہوں نے کبھی ایک دن کی محبت کی؟

جس پر نعمان اعجاز کچھ سوچنے کے بعد بولتے ہیں کہ انہیں ہر لمحے بلکہ ہر روز محبت ہوتی ہے اور وہ بے حد محبت کرنے والے آدمی ہیں۔

نعمان اعجاز سوال کے جواب میں مزید بتاتے ہیں کہ اگر کوئی بھی خوبصورت خاتون ہیں، چاہے اندر سے یا باہر سے یا پھر کوئی مشکل خاتون ہو، انہیں محبت ہوجاتی ہے۔

نعمان اعجاز کے جواب میں عفت عمر پھر سوال کرتی ہیں کہ ایسی صورت میں پھر وہ عشق کرلیتے ہیں؟

جس پر نعمان اعجاز جواب دیتے ہیں کہ ’ہاں وہ عشق کرلیتے ہیں‘۔

نعمان اعجاز کے اعتراف کے بعد عفت عمر ان سے مزید سوال کرتی ہیں کہ ’پھر بیگم صاحبہ‘؟ جس پر اداکار بے ججھک اعتراف کرتے ہیں کہ انہوں نے بیگم صاحبہ کو کبھی اس بات کا پتا ہی نہیں چلنے دیا۔

اداکار مزید بولتے ہیں کہ وہ انتہائی اچھے اداکار اور ہوشیار مرد ہیں، جس وجہ ان کی بیگم کو کچھ پتا نہیں چلتا۔

نعمان اعجاز کے اسی جواب پر عفت عمر ان سے مزید سوال کرتی ہیں تو پھر ایسے میں جن سے وہ عشق کرتے ہیں تو ان کو پتا چلتا ہے؟ جس پر اداکار بولتے ہیں کہ ان کے شوہروں کو بھی پتا نہیں چلتا۔

اس پر ایک بار پھر عفت عمر ان سے پوچھتی ہیں کہ ان خواتین کو خود کو پتا چلتا ہے؟ جس پر نعمان اعجاز جواب دیتے ہیں کہ انہیں بلکل پتا چلتا ہے اور ہم مل کر اس معاملے کا دفاع کرتے ہیں۔

اداکار کے جواب پر میزبان عفت ہنس پڑتی ہیں اور تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہتی ہیں کہ وہ ان سے آج نئی باتیں سیکھ رہی ہیں۔

اسی معاملے کے آخر میں نعمان اعجاز ہنس کر بات کرتے ہیں کہ ایسا نہ ہو کہ اس پروگرام کے بات ان کا ہی ہتھیار ان کے خلاف نہ استعمال کیا جائے۔

مزید پڑھیں: نعمان اعجاز کے ’مذاق‘ پر ہمایوں سعید اور عدنان صدیقی ناراض

بعد ازاں مذکورہ انٹرویو کے دوران میزبان کی جانب سے می ٹو مہم کے حوالے سے سوال کیا جاتا ہے جس پر نعمان اعجاز بات کو آگے بڑھاتے ہوئے بتاتے ہیں کہ اگر کوئی 18 سال کی لڑکی ان کے پاس کام کے لیے آتی ہیں اور وہ سوچتے ہیں کہ انہیں فلاں منصوبے میں فلاں کردار دیا جا سکتا ہے اور وہ ان کا اوڈیشن لیتے ہیں، تاہم اوڈیشن کے دوران وہ ان کی امیدوں پر پورا نہیں اترتی تو وہ کچھ اور سوچتے ہیں۔

اداکار نے بتایا کہ لڑکی کی جانب سے اُمیدوں پر پورا نہ اترنے کی وجہ سے میں سوچتا ہوں کہ اسے کسی اور منصوبے میں کام دیا جا سکتا ہے لیکن پھر مجھے احساس ہوتا ہے کہ وہ دوسرے منصوبے کے لیے بھی معیار پر پورا نہیں اترتی اور وہ اس لڑکی کو مزید تیسرے منصوبے میں کام کا آسرا دیتے ہیں تو اس سارے عمل میں وہ لڑکی مایوس ہوجائے گی اور وہ غلط سوچنے لگیں گی۔

نعمان اعجاز کے مطابق اسی صورتحال کی وجہ سے ہی آگے چل کر لڑکی مایوسی اور تنگی کی وجہ سے ان پر الزام لگاتی ہیں اور پھر ’می ٹو‘ شروع ہوجائے گا۔

نعمان اعجاز نے انٹرویو میں بتایا کہ وہ ایسی ہی باتوں کی وجہ سے نئی نسل کی اداکاراؤں سے دور ہوگئے ہیں اور وہ اپنے منصوبوں کے دوران ایسی لڑکیوں یا اداکاراؤں سے دور رہتے ہیں۔

تاہم کئی افراد نے نعمان اعجاز کے مذکورہ انٹرویو کو مکمل سنے بغیر ان کی وائرل کلپ کو شیئر کرتے ہوئے ان پر خوب تنقید کی اور ساتھ ہی عفت عمر کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا گیا کہ انہوں نے نعمان اعجاز کو ایسی باتیں کرنے پر تنقید کا نشانہ کیوں نہیں بنایا؟

وائرل ویڈیو کلپ میں عفت عمر کو نعمان اعجاز کی باتوں پر ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے—فوٹو: عفت عمر انسٹاگرام
وائرل ویڈیو کلپ میں عفت عمر کو نعمان اعجاز کی باتوں پر ہنستے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے—فوٹو: عفت عمر انسٹاگرام

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024