• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

اسٹیو جابز کی بیوہ کے خلاف ٹوئٹ کرنے پر ڈونلڈ ٹرمپ پر لوگ برہم

شائع September 7, 2020
لورین پاویل جابز امریکی صدر کے حریف جو بائیڈن کی حمایتی ہیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک
لورین پاویل جابز امریکی صدر کے حریف جو بائیڈن کی حمایتی ہیں — فائل فوٹو: شٹر اسٹاک

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایپل کمپنی کے بانی آنجھانی اسٹیو جابز کی بیوہ لورین پاویل جابز کے خلاف نفرت انگیز ٹوئٹ کرنے پر تنقید کا سامنا ہے۔

برطانوی اخبار دی انڈیپینڈنٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے 6 ستمبر کو اسٹیو جابز کی بیوہ لورین پاویل جابز کے خلاف ٹوئٹ کی، جس پر انہیں کئی افراد نے تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ ملک کے صدر کسی شخص کے خلاف اتنی نفرت انگیز زبان کیسے استعمال کر سکتے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ اسٹیو جابز اس بات پر خوش نہیں ہوں گے کہ ان کی اہلیہ پیسے ضائع کر رہی ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا تھا کہ لورین پاویل جابز نے بائیں بازو کے میگزین پر پیسے ضائع کیے جس کی بھاگ دوڑ گولڈ برگ کے ہاتھ میں ہے اور وہ جھوٹی اور نفرت انگیز خبریں پھیلاتا ہے۔

ساتھ ہی ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے مداحوں کو کہا تھا کہ مذکورہ میگزین کے لکھاریوں کے خلاف اٹھ کھڑے ہوں اور انہیں بتائیں کہ آپ کیا محسوس کر رہے ہیں۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی مذکورہ ٹوئٹ کا اشارہ امریکی میگزین (دی ایٹلانٹک) کی جانب تھا، جس نے حال ہی ڈونلڈ ٹرمپ کی 2018 کی ایک خبر شائع کرتے ہوئے حیران کن انکشافات کیے تھے۔

دی ایٹلانٹک نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 2018 میں فرانس کے دارالحکومت پیرس میں موجود امریکی فوجیوں کے ایک قبرستان کا دورہ اچانک منسوخ کردیا تھا۔

رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے فوجیوں کے قبرستان کا دورہ یہ کہہ کر منسوخ کردیا تھا کہ یہ قبرستان ہارے ہوئے اور احمق فوجیوں کا قبرستان ہے۔

میگزین نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے عین وقت پر امریکی فوجیوں کے قبرستان کا دورہ منسوخ کرکے قربانی دینے والے فوجیوں کو شکست خوردہ کہا تھا۔

میگزین کی مذکورہ خبر کے بعد فاکس نیوز کی ایک میزبان بھی اسی خبر کے تفصیلات سامنے لائی تھیں اور خاتون میزبان کا دعویٰ تھا کہ انہوں نے خبر کی چند ذرائع سے تصدیق کی تھی۔

تاہم ڈونلڈ ٹرمپ نے مذکورہ رپورٹ شائع کرنے کے بعد نہ صرف میگزین کی مالک لورین پاویل جابز کے خلاف ٹوئٹ کی تھی بلکہ انہوں نے فاکس نیوز کی میزبان کے خلاف بھی ٹوئٹ کرکے انہیں جھوٹی خبر دینے پر نوکری سے ہٹانے کا مطالبہ کیا تھا۔

ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے خواتین کے خلاف نفرت انگیز ٹوئٹس کرنے کے بعد کئی لوگوں نے ان پر تنقید کی اور ان کے خلاف ٹوئٹس کیں۔

کئی افراد نے اس بات پر تعجب کا اظہار کیا کہ ملک کے صدر نے ایک عام شخص پر اس طرح ٹوئٹر پر تنقید کی اور ان کی ذات کو نشانہ بنایا۔

کئی افراد نے دعویٰ کیا کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے نفرت انگیز ٹوئٹ اس لیے کی کیوں کہ لورین پاویل جابز نے ان کے حریف جو بائیڈن کو 5 لاکھ امریکی ڈالر کے فنڈز دیے۔

خیال رہے کہ دی ایٹلانٹک میگزین اسٹیو جابز کی بیوی لورین پاویل جابز کی کمپنی امیرسن کلیکٹو کی ملکیت ہے۔

ایپل کے بانی اسٹیو جابز 56 سال کی عمر میں 2011 میں چل بسے تھے، انہوں نے لورین پاویل سے 1991 میں شادی کی تھی۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024