• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

ریا چکربورتی کا سشانت سنگھ کے لیے منشیات خریدنے کا اعتراف

شائع September 7, 2020

رواں برس جون میں خودکشی کرنے والے بولی وڈ اداکار سشانت سنگھ کی سابق گرل فرینڈ ریا چکربورتی نے پہلی بار اعتراف کیا ہے کہ وہ اداکار کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں۔

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے 6 ستمبر کو ریا چکربورتی سے تقریبا 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی، جہاں انہوں نے کئی حیران کن انکشافات کیے۔

رپورٹ کے مطابق ریا چکربورتی نے اعتراف کیا کہ وہ سشانت سنگھ راجپوت کے لیے اپنے بھائی شووک چکربورتی کے ذریعے منشیات خریدتی رہی ہیں۔

اداکارہ نے بتایا کہ سشانت سنگھ منشیات کے عادی تھے اور وہ بعض مرتبہ فلم کی شوٹنگ پر بھی منشیات منگواتے تھے اور کئی بار وہ شوٹنگ پر منشیات ساتھ لے جاتے تھے۔

ریا چکربورتی نے یہ اعتراف بھی کیا کہ ان کے بھائی دوسرے منشیات فروشوں سے نشہ خریدتے تھے اور وہ بھی ان منشیات فروشوں سے مل چکی ہیں۔

تاہم اداکارہ نے ان الزامات کو مسترد کیا کہ وہ خود بھی منشیات استعمال کرتی رہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کیس: اداکار کا منیجر، باورچی اور ریا چکربورتی کا بھائی گرفتار

اداکارہ نے کہا کہ اگرچہ وہ سشانت سنگھ کے لیے منشیات کا بندوبست کرتی رہی ہیں تاہم انہوں نے خود کبھی منشیات استعمال نہیں کی، البتہ وہ سگریٹ پیتی رہی ہیں۔

انڈیا ٹوڈے نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ نارکوٹکس بیورو حکام نے ریا چکربورتی سے گرفتار کیے گئے تین افراد کے آمنے سامنے تفتیش کی۔

نارکوٹکس حکام نے ریا چکربورتی سے اپنے گرفتار بھائی شووک چکربورتی کے سامنے بھی سوالات کیے جب کہ حکام نے ان سے سشانت سنگھ کے منیجر اور باورچی کے سامنے بھی پوچھ گچھ کی۔

سشانت سنگھ کے منیجر سیموئل مرنڈا نے اداکارہ کے سامنے کہا کہ وہ ان کی ہدایت پر ہی اپنے باس کے لیے منشیات کا انتظام کرتے تھے۔

نارکوٹکس حکام نے اداکارہ سے سشانت سنگھ کے باورچی دیپیش ساونت کے سامنے بھی پوچھ گچھ کی۔

سشانت سنگھ کے باورچی نے نارکوٹکس حکام کو بتایا تھا کہ اداکارہ خود بھی منشیات استعمال کرتی رہی ہیں۔

اسی حوالے سے بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ نارکوٹکس حکام نے 6 ستمبر کو اداکارہ سے کئی گھنٹوں تک تفتیش کی تاہم اس باوجود انہیں 7 ستمبر کو دوبارہ طلب کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ریا چکربورتی نے نارکوٹکس حکام کے سامنے کئی اہم بولی وڈ شخصیات کے نام بھی بتائے، تاہم ابھی یہ واضح نہیں ہے کہ اداکارہ نے بولی وڈ کی اہم اور بااثر شخصیات کے نام کس سلسلے میں لیے اور کن شخصیات کے نام لیے گئے۔

مزید پڑھیں: سشانت سنگھ کیس، سی بی آئی کی مسسلسل 4 دن تک ریا چکربورتی سے تفتیش

اداکارہ نے یہ بھی بتایا کہ سشانت سنگھ راجپوت کی رہائش گاہ پر نشے کی پارٹیاں منعقد ہوتی رہی ہیں، جن میں کئی اہم بولی وڈ شخصیات بھی شرکت کرتی رہی ہیں۔

ٹائمز آف انڈیا نے ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ ریا چکربورتی نے یہ انکشاف بھی کیا کہ سشانت سنگھ 2016 میں کیدرناتھ فلم کی شوٹنگ کے دوران بھی منشیات ساتھ لے کر جاتے تھے اور شوٹنگ پر سیف علی خان کی بیٹی سارہ علی خان بھی موجود رہتی تھیں۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے کیس کی تفتیش سینٹرل بیورو آف انٹیلی جنس (سی بی آئی) کر رہی ہے، تاہم کیس میں منشیات اور منی لانڈرنگ کا معاملہ آنے پر سی بی آئی نے نارکوٹکس اور منی لانڈرنگ ایجنسیز سے مدد طلب کی تھی۔

منی لانڈرنگ ایجنسی پہلے ہی ریا چکربورتی سے پوچھ گچھ کر چکی ہے، جب کہ سی بی آئی نے بھی ان سے مسلسل 4 دن تک تفتیش کی تھی۔

اب ان سے نارکوٹکس بیورو کے حکام تفتیش کر رہے ہیں اور نارکوٹکس بیورو نے اداکارہ کے بھائی اور سشانت سنگھ راجپوت کے منیجر اور باورچی کو پہلے ہی گرفتار کر رکھا ہے۔

ریا چکربورتی پر الزام ہے کہ انہوں نے جہاں سشانت سنگھ کو ذہنی طور پر پریشان کیا، وہیں وہ انہیں منشیات بھی دیتی رہیں اور اب خود انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ وہ اداکارہ کے لیے منشیات کا استعمال کرتی رہی ہیں۔

سشانت سنگھ راجپوت نے رواں برس 14 جون کو بظاہر ڈپریشن کے باعث خودکشی کی تھی، تاہم اب ان کے کیس میں منشیات کا معاملہ آنے سے معاملے نے نیا رخ اختیار کرلیا ہے اور ہر روز نئے انکشافات سامنے آ رہے ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024