• KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am
  • KHI: Fajr 5:34am Sunrise 6:53am
  • LHR: Fajr 5:12am Sunrise 6:37am
  • ISB: Fajr 5:19am Sunrise 6:46am

کینسر کا شکار سنجے دت کی پہلی کیموتھراپی مکمل

شائع September 7, 2020 اپ ڈیٹ September 9, 2020
ان کے  امریکا جانے کی بھی اطلاعات تھیں— فائل فوٹو: پریس ٹرسٹ انڈیا
ان کے امریکا جانے کی بھی اطلاعات تھیں— فائل فوٹو: پریس ٹرسٹ انڈیا

گزشتہ ماہ بولی وڈ سنجو بابا کو تیسرے یا چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہونے کی اطلاعات سامنے آئیں تھیں اور اب ان کے علاج سے متعلق خبریں ہیں کہ ان کی پہلی کیموتھراپی مکمل ہوگئی ہے۔

پنک ولا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کا ابتدائی علاج کوکیلا بین ہسپتال میں جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق اداکار کی پہلی کیموتھراپی بھی مکمل ہوگئی ہے اور سنجے دت نے اپنے علاج پر کافی اچھا ردعمل دیا ہے۔

— فائل فوٹو:ٹائمز آف انڈیا
— فائل فوٹو:ٹائمز آف انڈیا

خیال رہے کہ پہلے بھارت کے شہر ممبئی کے ہسپتال میں سنجے دت کی کیموتھراپی شروع ہونے کے امکانات ظاہر کیے گئے تھے۔

مزید پڑھیں: بھارت میں ابتدائی علاج کے بعد سنجے دت کے امریکا جانے کی اطلاعات

بعدازاں کچھ رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سنجے دت نے طبی بنیادوں پر 5 سال کے لیے امریکا کا ویزا حاصل کرلیا ہے اور ان کے میموریل سلون کیٹیرنگ کینسر سینٹر میں علاج کرانے کا امکان ہے۔

رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا تھا کہ سنجے دت نے بیماری کا علم ہونے کے بعد امریکا کے ویزا کے لیے درخواست دی تھی تاہم 1993 میں ممبئی دھماکوں میں سزا یافتہ ہونے کی وجہ سے انہیں کلیئرنس حاصل کرنے میں مسائل پیش آرہے تھے۔

ذرائع نے بتایا تھا کہ سنجے دت کے ایک دوست نے کلیئرنس حاصل کرنے میں مدد کی۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق سنجے دت کی دوسری کیموتھراپی آئندہ ہفتے 8 یا 9 ستمبر کے قریب شروع ہونے کا امکان ہے۔

یہ بھی پڑھیں: سنجے دت کا ابتدائی علاج بھارت میں شروع

رپورٹس کے مطابق سنجے دت دوسری کیموتھراپی سے متعلق کافی پُرامید ہیں۔

تاہم یہ تاحال واضح نہیں ہے کہ کینسر کے مکمل علاج کے لیے سنجے دت کی کتنی کیموتھراپیز ہوں گی۔

درحقیقت یہ سنجے دت کے اہلخانہ کے لیے مشکل وقت ہے اور اہلیہ منائتا دت اس مشکل وقت میں ایک چٹان کی طرح ان کے ساتھ کھڑی ہیں۔

منائتا دت نے گزشتہ دنوں انسٹاگرام پر مثبت پوسٹس کیں اور اپنے بچوں کی تصاویر بھی شیئر کی تھیں۔

یاد رہے کہ سنجے دت کو 8 اگست کے دن سانس لینے کی شکایت پر ممبئی کے نجی لیلاوتی ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا تاہم ان کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ منفی آیا تھا اور 2 روز بعد 10 اگست کو انہیں ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں: سنجے دت سانس لینے میں مشکلات کی شکایت پر ہسپتال میں داخل

ہسپتال سے ڈسچارج کیے جانے کے ایک دن بعد 11 اگست کو 61 سالہ اداکار نے اعلان کیا تھا کہ وہ علاج کی غرض سے فلمی صنعت سے کچھ عرصے کے لیے وقفہ لے رہے ہیں اور مداحوں کو فکر مند ہونے یا غیر ضروری اطلاعات پھیلانے کی ضرورت نہیں۔

جس کے بعد اسی روز بھارتی میڈیا نے انکشاف کیا تھا کہ سنجو بابا میں پھیپھڑوں کے کینسر کی تشخیص ہوئی ہے اور کینسر تیسرے اسٹیج پر ہے اور وہ علاج کے لیے جلد امریکا روانہ ہوجائیں گے۔

ان کی بیماری کے حوالے سے اہلیہ منائتا دت کا بھی بیان سامنے آیا تھا تاہم سنجے یا منائتا دت میں سے کسی نے بھی اداکاار کو کینسر کا مرض لاحق ہونے سے متعلق کوئی وضاحت نہیں دی۔

سنجے دت کی بیماری کی خبروں کے بعد رنبیر کپور اور عالیہ بھٹ کو سنجے دت کے گھر سے باہر جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔

اداکار سنجے دت نے حال ہی میں 61 ویں سالگرہ منائی تھی اور مستقبل قریب میں وہ سڑک 2، بھوج اور تربوز نامی فلموں میں نظر آئیں گے جبکہ ان کی فلم کے جی ایف ٹو کی شوٹنگ بھی جاری تھی۔

جس کے بعد ان کی فلم کے جی ایف ٹو کے ایگزیکٹو پروڈیوسر کارتھک گوڈا نے بتایا تھا کہ سنجے دت '3 ماہ بعد' فلم مکمل کریں گے۔

علاوہ ازیں سنجے دت کے بیمار پڑنے سے کئی فلم سازوں کو اپنی آنے والی فلموں کی فکر پڑ گئی ہے، کیونکہ سنجو بابا کم از کم 6 آنے والی فلموں میں ایکشن میں دکھائی دینے والے تھے اور ان کی فلموں پر مجموعی طور پر فلم سازوں کے 735 کروڑ روپے لگے ہوئے ہیں۔

— فائل فوٹو:اے ایف پی
— فائل فوٹو:اے ایف پی

کارٹون

کارٹون : 21 نومبر 2024
کارٹون : 20 نومبر 2024