• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

ہم شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے، آرمی چیف

شائع September 6, 2020
آرمی چیف فوجی اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز
آرمی چیف فوجی اعزازات دینے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے — فوٹو: ڈان نیوز

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہم شہدا کی قربانیوں کو کبھی نہیں بھولیں گے، پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ راولپنڈی میں جنرلز ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں منعقدہ فوجی اعزازات دینے کی تقریب میں مہمان خصوصی تھے۔

مزید پڑھیں:ملک بھر میں یوم دفاع ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے

اس تقریب میں شہدا کے لواحقین، غازیوں، سینئر فوجی افسران اور جوانوں نے شرکت کی، جس میں مختلف آپریشنز میں کار ہائے نمایاں انجام دینے والوں کو اعزازات سے نوازا گیا۔

آرمی چیف فوجی افسران کو اعزا دیتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز
آرمی چیف فوجی افسران کو اعزا دیتے ہوئے — فوٹو: ڈان نیوز

تقریب میں 40 افسران کو ستارہ امتیاز (ملٹری)، 24 افسران اور جوانوں کو تمغہ بسالت اور ایک جوان کو اقوام متحدہ (یو این) میڈل دیا گیا جبکہ شہدا کو دیے جانے والے اعزازات ان کے لواحقین نے وصول کیے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ '6 ستمبر 1965 کا دن ہماری تاریخ کا ایک لازوال باب ہے، یہ وہ دن ہے جب قوم کی یک جہتی، وطن سے محبت، قربانی اور بہادری کی بے شمار داستانیں رقم ہوئیں'۔

انہوں نے کہا کہ 'پاکستانی قوم کے لیے 6 ستمبر صرف ایک دن نہیں بلکہ ہمارے حوصلے کی پہچان بھی ہے، یہ دن 1948، 1965، 1971، کارگل جنگ اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں شہیدوں کی یاد میں منایا جاتا ہے'۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'یہ دن ہمیں یاد دلاتا ہے کہ ہم نے کل بھی اپنے سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دی تھی اور آج بھی دشمن کے ناپاک عزائم کو شکست دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں'۔

ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں، آرمی چیف

آرمی چیف نے اپنے خطاب میں کہا کہ 'آج بھی ہم اپنی آزادی کی حفاظت اپنے خون سے کررہے ہیں، اسی لیے آج ہم اپنے شہدا اور غازیوں کے عظیم کارناموں کو یاد کرنے اور ان کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے یہاں موجود ہیں'۔

شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ان کی جرات، بہادری اور قربانیوں کی بدولت ہماری آزادی، خود مختاری،امن اور سلامتی قائم ہے اور میرے سامنے شہدا کے لواحقین موجود ہیں اور میں انہیں سلام پیش کرتا ہوں'۔

یہ بھی پڑھیں:یوم دفاع: ملکی خود مختاری و سلامتی پر کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے، صدر و وزیراعظم

آرمی چیف نے کہا کہ 'میں انہیں یقین دلاتا ہوں کہ ہم ان کے پیاروں کی قربانی کو کبھی نہیں بھولیں گے، ہمارے شہید ہمارے ہیرو ہیں، جو قومیں اپنے ہیرو کو بھول جاتی ہیں وہ قومیں مٹ جایا کرتی ہیں'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں آپ کے جذبہ ایثار کو سلام پیش کرتا ہوں اور یقین دلاتا ہوں کہ ہم ہرقدم آپ کے ساتھ ہیں اور رہیں گے، پوری قوم آپ کے صبر اور قربانی کی مقروض ہے'۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'جس طرح شہدا پوری قوم کا فخر ہیں، اسی طرح آپ بھی ہمارا فخر ہیں'۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'آج اعزازات حاصل کرنے والے افسران اور جوانوں کو مبارک باد پیش کرتا ہوں، جس پیشہ روانہ معیار کا ثبوت دیا ہے اس پر ہم سب کو ناز ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'مملکت پاکستان اور عظیم پاکستانی قوم ایک علیحدہ اسلامی تشخص کے نظریے کی علمبردار ہے، اسی بنیاد پر ہم نے آزادی حاصل کی اور یہی ہمارے آج اور کل کی پہچان ہے'۔

'پاکستانی قوم کی پاک افواج سے محبت لازوال ہے'

ان کا کہنا تھا کہ 'ہمارے دشمن اس شناخت کو مٹانے کے لیے لگاتار سازشوں کے جال بنتے آئے ہیں لیکن افواج پاکستان اور قوم نے جذبہ ایمانی سے سرشار ہو کر ان کی ہر چال کو ناکام بنایا'۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ 'وطن کی آزادی اور سلامتی ہمارا نصب العین ہے، اس مشعل کو ہمارے اسلاف نے اپنے خون سے جلائے رکھا ہے اور ہم بھی اس سے روشن رکھنے کے لیے پرعزم ہیں'۔

پاک فوج کی کمان پر فخر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ہمارا ہر افسر اور جوان اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، اعلیٰ نطم و ضبط اور ایثار کی بدولت ایک ایسی فوج کی نمائندگی کرتا ہے کہ جس کی صلاحیتوں کو دنیا نے بھی تسلیم کیا ہے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'سرحدوں کے محافظ ہوں یا دہشت گردی، قدرتی آفات کا سامنا ہو یا تعمیر وطن کے فرائض پاک افواج اپنی قوم کی حفاظت اور خدمت کو ایک انتہائی اور مقدس فریضہ سمجھ کر انجام دیتی ہے'۔

آرمی چیف نے کہا کہ 'پاکستانی قوم سے محبت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، کوئی دشمن ہماری اس محبت کو شکست نہیں دے سکتا، اسی طرح پاکستانی قوم کی پاک افواج سے محبت لازوال ہے، ان کا اعتماد غیر متزلزل ہے اور میں ان تمام جذبوں کو سلام پیش کرتا ہوں'۔

'ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار مسلط کی گئی ہے'

ملک کو درپیش چیلنجز کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'ففتھ جنریشن یا ہائبرڈ وار کی صورت میں ہم پر جنگ مسلط کی گئی ہے، اس کا مقصد ملک اور افواج پاکستان کو بدنام کرکے انتشار پھیلانا ہے، ہم اس خطرے سے بخوبی آگاہ ہیں اور اس جنگ کو بھی جیتنے میں ہم ضرور کامیاب ہوں گے'۔

مزید پڑھیں:حب الوطنی پر مبنی مشہور پاکستانی ڈرامے

انہوں نے کہا کہ 'گزشتہ 20 برسوں میں ہم بڑی آزمائشوں سے گزرے ہیں، مشرقی اور مغربی سرحدوں میں حالت جنگ کا سامنا رہا، زلزلے اور سیلاب جیسی آزمائشیں درپیش رہیں، دہشت گردی اور شدت پسندی کے خلاف ہم نے اعصاب شکن جنگ لڑی، ہزاروں افراد کی قربانی دی اور لاکھوں دربدر ہوئے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'حال ہی میں کورونا اور ٹڈی دل جیسی آفت کا سامنا رہا، جس کا ہم نے مقابلہ کیا، آزمائش کی ان تمام گھڑیوں میں ہم حوصلہ نہیں ہارے بلکہ سینہ تان کر ڈٹ گئے جس کی بدولت اللہ نے ہمیں فتح دی'۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'اس محنت اور بے شمار قربانیوں کی بدولت الحمداللہ آج کا پاکستان پرامن پاکستان ہے اور اب ہم نے امن کو خوش حالی اور ترقی میں تبدیل کرنا ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'بحیثیت قوم ہمیں اس کے لیے جدوجہد کرنا ہوگی، اتحاد، ایمان اور تنظیم کے اصولوں کو اپنانا ہوگا اور اپنے قائد کے فرمان کام، کام اور بس کام کو اپنانا ہوگا'۔

'بھارت نے خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے'

چیف آف آرمی اسٹاف کا کہنا تھا کہ 'افواج پاکستان نے اقوام متحدہ کی امن فوج کا حصہ بن کر تمام کے مختلف علاقوں میں قیام امن کے لیے بہت سی قربانیاں دی ہیں، جس کی دنیا معترف ہے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہم پوری دنیا اور بالخصوص اپنے خطے میں امن کے خواہاں ہیں، افغانستان میں امن کے لیے پاکستان کا کلیدی کردار اس کا منہ بولتا ثبوت ہے'۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ 'ہمارا ہمسایہ ملک نے ہمیشہ کی طرح غیرذمہ دارانہ رویہ اختیار کر رکھا ہے، خاص طور پر مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے غیرقانونی اقدام کے بعد ایک مرتبہ پھر خطے کے امن کو شدید خطرات سے دوچار کردیا ہے'۔

یہ بھی پڑھیں: یوم دفاع: 'ہر گھڑی تیار کامران ہیں ہم'

ان کا کہنا تھا کہ 'اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ جموں و کشمیر بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ مسئلہ ہے اور ہم کسی بھی یک طرفہ فیصلے کو تسلیم نہیں کرتے ہیں'۔

'قائداعظم کے قول کا ہر لفظ ہمارے لیے ایمان کا حصہ ہے'

آرمی چیف نے کہا کہ 'بانی پاکستان قائداعظم محمدعلی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اور میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ ان کے اس قول کا ہرلفظ ہمارے لیے اہم اور ایمان کا حصہ ہے، اس حوالے سے ہم کسی بھی لچک کا مظاہرہ نہیں کریں گے'۔

انہوں نے کہا کہ 'ہمیں نہ تو نئے حاصل شدہ اسلحے کے انبار سے مرعوب کیا جاسکتا ہے اور نہ ہی ہم پر کوئی دھمکی اثر انداز ہوسکتی ہے، افواج پاکستان پوری قوت سے لیس، چوکنا اور باخبر ہیں اور انشااللہ دشمن کی کسی بھی حرکت کا فوری اور پوری قوت سے جواب دینے کے لیے تیار ہیں'۔

جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ 'وقت ہمیں کئی بار آزما چکا ہے، ہم ہر بار سرخرو ہوئے ہیں، پاکستان ایک زندہ حقیقت ہے، ہمارا خون، ہمارا جذبہ اور ہمارا عمل ہر محاذ پر اس کی گواہی دے گا'۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے واضح کرتے ہوئے کہا کہ 'آج کے دن کی مناسبت سے اپنی قوم اور دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن ہم پر جنگ تھونپی گئی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دیں گے، جس کا مظاہرہ ہم نے بالاکوٹ کے ناکام حملے کے جواب میں دیا، اس لیے دشمن کو کوئی شک نہ ہو'۔

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024