• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

عوام کا ساتھ ملا تو وفاق سے این ایف سی ایوارڈ بھی چھین کر رہیں گے، بلاول بھٹو

شائع September 6, 2020
بلاول بھٹو نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر عوام سے خطاب بھی کیا —فوٹو: ڈان نیوز
بلاول بھٹو نے کراچی کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر عوام سے خطاب بھی کیا —فوٹو: ڈان نیوز

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کا راج ختم کردیا اور اب شہر کی ترقی پر کام کریں گے۔

کراچی کے علاقے ناظم آباد میں کے ڈی اے چورنگی پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سمیت دیگر وزرا کے ہمراہ کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اگر آپ ہمارا ساتھ دیتے ہیں تو وفاق سے این ایف سی ایوارڈ بھی چھین کر رہیں گے'۔

مزید پڑھیں: کراچی ٹرانسفارمیشن پلان کے 11 کھرب 13 ارب روپے کہاں خرچ ہوں گے؟

بلاول بھٹو کی جانب سے مذکورہ بیان ایسے وقت پر سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان نے کراچی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے 11 سو ارب روپے کے پیکج کا اعلان کیا۔

وزیراعظم نے کہا تھا کہ کورونا کے پھیلاؤ کے بعد فوری طور پر کمیٹی بنا کر اقدامات کیے اور اسی طرح ٹڈی دل کے معاملے پر بھی فوری ایکشن لیا گیا اور اب بارشوں کی وجہ سے ملک بھر میں جہاں سیلابی صورتحال ہے اس سے اسی طرح نمٹنے کا فیصلہ کیا ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو نے کراچی میں کارکنوں سے خطاب میں مزید کہا کہ 'کراچی کا جو پیسہ موجود ہے، سپریم کورٹ سے درخواست کریں گے کہ وہ پیسہ ہمیں کراچی کے عوام پر خرچ کرنا ہے'۔

چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ناگن چورنگی، نیوکراچی اور سرجانی ٹاؤن سے ہوتے ہوئے یوسف گوٹھ کا دورہ کیا۔

انہوں نے یوم دفاع کے حوالے سے کہا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی حکومت میں افواج پاکستان کی تنخواہوں میں 175 فیصد اضافہ کیا تھا۔

بلاول بھٹو نے کہا کہ عوامی حکومت بنانی پڑے گی اور پیپلز پارٹی وفاق میں حکومت بنانی پڑی گی تاکہ آپ کو این ایف سی کا حصہ دے سکیں۔

حالیہ بارشوں سے متعلق بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ریکارڈ بارشوں کی وجہ سے شہریوں کو نقصان پہنچا مگر آج آپ کے درمیان وزیر اعلیٰ اور وزیر بلدیات لے کر آیا ہوں جو عوام کی خدمت کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ بارش کے متاثرین کا خیال رکھنا پڑے گا اور گرین لائن کی وجہ سے جو برساتی نالوں کو نقصان پہنچا ہے اس مسئلے کو حل کریں گے۔

مزید پڑھیں: ریکارڈ بارش سے کراچی سمیت سندھ بھر میں سیلابی صورتحال، 7 افراد جاں بحق

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم کسی کا گھر نہیں گرائیں گے اور متاثرین کو نئی جگہ فراہم کی جائے گی۔

بلاول بھٹو زرداری نے ڈسٹرکٹ سینٹرل اور ڈسٹرکٹ ویسٹ میں مختلف مقامات پر عوام سے مختصر خطاب بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کراچی کے عوام نے تاریخی بارش اور کورونا وبا کا مقابلہ کیا ہے اس لیے سندھ کے عوام کا پیسہ سندھ کو دو تاکہ ہم ان کے مسائل حل کریں'۔

خیال رہے کہ کراچی سمیت سندھ بھر کے مختلف علاقوں میں مون سون کے چھٹے اسپیل کے دوران ریکارڈ بارش سے سیلابی صورت حال پیدا ہوگئی تھی اور بارشوں میں مختلف حادثات میں بچوں سمیت متعدد افراد جاں بحق ہوگئے تھے۔

بارش کے باعث شہر کے چھوٹے نالے ابل پڑے جبکہ ندیاں بھی اوور فلو ہوگئیں اور ان کا پانی اطراف کے علاقوں میں داخل ہوگیا تھا جس کے باعث وہاں کے مکین چھتوں پر پناہ لینے یا نقل مکانی پر مجبور ہو گئے تھے۔

مزید پڑھیں: سندھ بھر میں موسلادھار بارش، کراچی میں مختلف حادثات میں 7 افراد جاں بحق

برساتی پانی نے جن آبادیوں میں تباہی مچائی ان میں رزاق ٹاؤن، مدینہ ٹاؤن، خلد آباد، رضا سٹی، قائد آباد مرغی خانہ سمیت نیا ناظم آباد، نیو کراچی بھی شامل ہیں۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024