• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

پاکستان میں کورونا وائرس کے 96 فیصد مریض صحتیاب، فعال کیسز 7 ہزار سے کم

شائع September 6, 2020 اپ ڈیٹ September 9, 2020
ملک میں وبا کے کیسز میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ملک میں وبا کے کیسز میں کمی آرہی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال دن بدن بہتری کی جانب گامزن ہے اور اب تک تقریباً 96 فیصد مریض شفایاب ہوچکے ہیں۔

ملک میں مجموعی کیسز کی تعداد 2 لاکھ 98 ہزار 697 ہے جس میں سے 2 لاکھ 85 ہزار 898 صحتیاب ہوئے ہیں جبکہ 6 ہزار 343 کا انتقال ہوا ہے۔

آج (6 ستمبر) کو ملک میں کورونا وائرس کے مزید 277 مریض اور 3 اموات کی تصدیق ہوئی جبکہ 3 ہزار 345 مریض شفایاب ہوئے، مزید یہ کہ بلوچستان کے گزشتہ روز کے 72 کیسز کی تصدیق بھی آج ہوئی۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری 2020 کو سامنے آیا تھا، جس کے بعد سے اب تک اس وبا کے کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ اور کمی دیکھی گئی۔

اس وائرس کے پہلے کیس کے سامنے آتے ہی تعلیمی اداروں کی بندش کا اعلان کیا گیا تھا جس میں کئی مرتبہ توسیع کی گئی اور اب 15 ستمبر تک تعلیمی ادارے بند ہیں۔

یہی نہیں بلکہ ملک کے مختلف حصوں میں وبا کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے لاک ڈاؤن اور دیگر پابندیاں لگائی گئی تھیں جنہیں وقت گزرنے کے ساتھ نرم کیا جاتا رہا اور اگست میں یہ پابندیاں بڑی حد تک ختم کردی گئیں۔

پاکستان میں اس وبا کی بات کریں تو جون کا مہینہ اب تک سب سے زیادہ تشویشناک رہا ہے اور اس ماہ میں یومیہ کیسز 6 ہزار اور اموات 100 سے تجاوز کرگئی تھیں۔

تاہم جولائی اور پھر اگست میں صورتحال بہتری کی جانب گامزن ہوئی اور اب یومیہ کیسز سیکڑوں اور اموات اوسطاً درجن تک پہنچ گئی ہیں۔

آج 6 ستمبر کو ملک میں کورونا کیسز اور اموات کی صورتحال کچھ اس طرح ہے۔

سندھ

سندھ میں کورونا وائرس کے مزید 188 نئے کیسز اور ایک موت کی تصدیق ہوگئی۔

وزیراعلیٰ کے دفتر سے جاری بیانکے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ان نئے مریضوں کے اضافے کے بعد مجموعی کیسز کی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 671 ہوگئی۔

مزید یہ کہ ایک فرد کے انتقال کرجانے سے اموات 2 ہزار 423 تک پہنچ گئیں۔

پنجاب

پاکستان میں آبادی کے حساب سے سب سے بڑے صوبے پنجاب میں کورونا وائرس مزید 48 افراد کو متاثر اور 2 کی جان لے گیا۔

سرکاری اعداد و شمار بتانے والے پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 48 نئے مریضوں کے بعد مجموعی کیسز 97 ہزار 166 تک پہنچ گئے۔

اس کے علاوہ 2 اموات نے مجموعی تعداد کو 2 ہزار 210 تک پہنچا دیا۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کورونا وائرس مزید 8 افراد کو متاثر کرگیا۔

اعداد و شمار کے مطابق ان مریضوں کے بعد وہاں اب تک مجموعی کیسز کی تعداد 15 ہزار 734 ہوگئی۔

گلگت بلتستان

ملک میں دوسری نمبر پر کم متاثر علاقے گلگت بلتستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 19 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی۔

ان نئے مریضوں کے سامنے آنے کے بعد وہاں کیسز کی مجموعی تعداد 2 ہزار 979 تک پہنچ گئی۔

آزاد کشمیر

ملک میں سب س کم متاثر حصے آزاد کشمیر میں کورونا وائرس مزید 14 افراد کو اپنا شکار بنا گیا۔

سرکاری پورٹل کے مطابق ان 14 مریضوں میں تصدیق سے وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 2 ہزار 327 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

پاکستان میں صحتیاب افراد کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور اب تک تقریباً 96 فیصد مریض شفاپاچکے ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 345 مریض شفایاب ہوئے جس کے بعد مجموعی تعداد 2 لاکھ 85 ہزار 898 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 298697

اموات: 6343

صحتیاب: 285898

فعال کیسز: 6438

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں متاثرین کی مجموعی تعداد ایک لاکھ 30 ہزار 671 ہے جبکہ پنجاب میں یہ تعداد 97 ہزار 166 تک پہنچ چکی ہے۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 36 ہزار 591 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 13 ہزار 229ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 15 ہزار 734، گلگت بلتستان میں 2 ہزار 979 اور کشمیر میں 2 ہزار 327 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال:

سندھ: 2423

پنجاب: 2210

خیبرپختونخوا: 1255

بلوچستان: 144

اسلام آباد: 175

آزاد کشمیر: 65

گلگت بلتستان: 71

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024