• KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm
  • KHI: Zuhr 12:31pm Asr 4:13pm
  • LHR: Zuhr 12:02pm Asr 3:27pm
  • ISB: Zuhr 12:07pm Asr 3:27pm

بگ باس 14 کی میزبانی کیلئے سلمان خان کا ساڑھے 4 ارب روپے کا معاہدہ

شائع September 5, 2020
سلمان خان گزشتہ 10 برس سے اس شو کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں— فوٹو: انڈین ایکسپریس
سلمان خان گزشتہ 10 برس سے اس شو کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں— فوٹو: انڈین ایکسپریس

بھارت کے متنازع ترین ریئلٹی شوز میں سب سے مشہور شو ’بگ باس‘ کا 14 واں سیزن جلد نشر ہوگا اور اطلاعات ہیں کہ رواں برس بھی اس شو کی میزبانی سلمان خان ہی کریں گے۔

سلمان خان گزشتہ 10 برس سے اس شو کی میزبانی کرتے آ رہے ہیں اور ہر سال انہوں نے اپنے معاوضے میں ماضی کے مقابلے میں اضافہ کیا ہے۔

جہاں سلمان خان نے میزبانی کے لیے اپنی فیس بڑھائی، وہیں ہر سال بگ باس کی شہرت اور تنازعات میں بھی اضافہ دیکھنے میں آیا اور پروگرام نے ریٹنگ اور کمائی کے نئے ریکارڈ بھی بنائے۔

’بگ باس 14‘ ’کلرز‘ ٹی وی پر 3 اکتوبر سے شروع ہوگا تاہم ابھی تک شو میں شامل ہونے والی شخصیات کی فہرست کو حتمی شکل نہیں دی گئی۔

مزید پڑھیں: بگ باس 13 کے لیے سلمان خان کا اربوں روپے کا معاوضہ

اطلاعات ہیں کہ اس بار سلمان خان نے پچھلے سال کے مقابلے اپنی فیس میں پروگرام کی میزبانی کے لیے مزید اضافہ کردیا ہے۔

گزشتہ برس انہوں نے مجموعی طور پر 26 قسطوں کے لیے مجموعی معاوضہ 403 کروڑ روپے طے کیا تھا۔

ہر سال انہوں نے اپنے معاوضے میں  اضافہ کیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام
ہر سال انہوں نے اپنے معاوضے میں اضافہ کیا ہے—فائل فوٹو: انسٹاگرام

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق اطلاعات ہیں کہ سلمان خان نے رواں برس شو کی میزبانی کے لیے گزشتہ برس سے بھی زیادہ معاوضہ وصول کرنے کے لیے 450 کروڑ روپے ( ساڑھے 4 ارب ) کا معاہدہ کیا ہے۔

رپورٹ میں مڈڈے کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ دبنگ ہیرو اس سال فی قسط کا 20 کروڑ روپے معاوضہ وصول کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: بگ باس: سلمان کا فی قسط معاوضہ کروڑوں میں

بگ باس کے قریبی ذرائع نے بتایا کہ اگر ہم فی قسط 20کروڑ روپے کا حساب لگائیں تو مجموعی طور پر 480 روپے بنتے ہیں لیکن سلمان خان کی ٹیم نے 450 کروڑ روپے پر ڈیل فائنل کردی ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ اس رقم میں پروموز اور ورچوئل پریس کانفرنسز کی فیس بھی شامل ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پروڈیوسرز یہ بھاری معاوضہ دینے کو تیار ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ سلمان خان شو کی زیادہ ریٹنگ کی بنیادی وجہ ہیں۔

بگ باس 14 کے سیٹس فلم سٹی میں تعمیر کیے گئے ہیں اور یہ خیال کیا جارہا ہے کہ سلمان خان شوٹ کے لیے ہر ہفتہ کو اپنی رہائش گاہ سے گورگاؤں کا سفر کریں گے اور ہفتے اور اتوار کا دن اس بنگلے میں گزاریں گے جو خصوصی طور پر ان کے لیے تعمیر کیا گیا ہے۔

سلمان خان کے معاہدے میں سیزن میں توسیع سے متعلق ایک خصوصی شق بھی شامل ہے۔

مزید پڑھیں: ’بگ باس 11‘ کے لیے سلمان خان کا معاوضہ کیا؟

ذرائع نے بتایا کہ بگ باس کے پچھلے ایڈیشن میں 10 اقساط کا اضافہ کیا گیا تھا جس میں اداکار نے توسیعی اقساط کے فی قسط ساڑھے 7 کروڑ روپے وصول کیے تھے۔

اگر اس بار متفقہ 12 ہفتوں میں ریئلٹی شو ختم نہیں ہوتا تو سلمان خان کی ٹیم اور پروڈیوسرز اضافی معاوضے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

A photo posted by Instagram (@instagram) on

 دلچسپ بات یہ ہے کہ اس سیزن میں ٹک ٹاک اسٹارز سمیت سوشل میڈیا پر اثر انداز ہونے والے(انفلوئنسر) افراد بھی شامل ہوں گے۔

علاوہ ازیں پچھلے سیزن سے شہناز گل، سدھارتھ شکلا اور رشمی دیسائی کے بھی شو میں آنے کا امکان ہے۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024