• KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • KHI: Asr 4:13pm Maghrib 5:49pm
  • LHR: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm
  • ISB: Asr 3:27pm Maghrib 5:05pm

اسنوڈن کا انکشاف: این ایس اے کی شہریوں کی 'خفیہ نگرانی' غیر قانونی ہے، امریکی عدالت

شائع September 3, 2020 اپ ڈیٹ September 4, 2020
اسنوڈن نے 2013 میں انکشاف کیا تھا—فائل/فوٹو:اے پی
اسنوڈن نے 2013 میں انکشاف کیا تھا—فائل/فوٹو:اے پی

ایڈورڈ اسنوڈن کے انکشافات کے 7 سال بعد امریکی عدالت نے نیشنل سیکیورٹی ایجنسی (این ایس اے) کی جانب سے شہریوں کے ٹیلی فون ریکارڈز کی نگرانی کے پروگرام کو غیر قانونی قرار دے دیا۔

خبر ایجنسی 'رائٹرز' کی رپورٹ کے مطابق عدالت نے کہا کہ امریکی خفیہ اداروں کے جو حکام کھلے عام اس کا دفاع کر رہے تھے وہ سچ نہیں کہہ رہے تھے۔

امریکا کی اپیل کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ خفیہ طور پر لاکھوں امریکیوں کے ٹیلی فون کا ریکارڈ جمع کرنا فارن انٹیلی جنس سرویلنس ایکٹ کی خلاف ورزی ہے اور غیر آئینی بھی کہلایا جاسکتا ہے۔

مزید پڑھیں: اسنوڈن کو سیاسی پناہ کی پیشکش

یاد رہے کہ این ایس اے کے کنٹریکٹر ایڈورڈ اسنوڈن نے 2013 میں انکشافات کیے تھے اور روس میں پناہ لی تھی اور وہ تاحال جاسوسی کے الزامات کا سامنا کر رہے ہیں۔

اسنوڈن نے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ 'سات سال پہلے خبر کے ساتھ ہی مجھے سچ بولنے پر مورد الزام ٹھہرایا گیا تھا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میں نے کبھی تصور ہی نہیں کیا تھا کہ میں دیکھ سکوں گا کہ ہماری عدالتیں این ایس اے کی غیرقانونی سرگرمیوں کی مذمت کریں گی اور اسی فیصلے میں انکشاف کرنے پر مجھے بھی کریڈٹ دیا جائے گیا'۔

خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 'اور وہ دن آچکا ہے'۔

برطانوی اخبار گارجین میں 2013 میں شائع رپورٹ میں امریکی ایجنسی این ایس اے کی جانب سے لاکھوں شہریوں کے ٹیلی فون کا ریکارڈ جمع کرنے کا انکشاف کیا گیا تھا۔

ایڈورڈ اسنوڈن کے ان انکشافات نے دنیا بھر میں تہلکہ مچادیا تھا اور انہوں نے روس جاکر پناہ لی تھی، جبکہ امریکا میں ان کے خلاف جاسوسی کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

رپورٹ کے مطابق امریکا کی خفیہ ایجنسیوں کے اعلیٰ عہدیدار اصرار کر رہے تھے کہ این ایس اے نے کبھی بھی امریکیوں کا ریکارڈ جمع نہیں کیا۔

بعد ازاں انہوں نے متعدد کیسز کا حوالہ دیتے ہوئے مؤقف اپنایا کہ مقامی سطح پر انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے خفیہ طور پر معلومات اکٹھا کرنا انتہائی اہم ہے۔

امریکی عہدیداروں نے سین ڈیاگو کے 4 شہریوں کا حوالہ دیا تھا کہ جن پر صومالیہ میں مذہبی انتہا پسندی کے لیے فنڈنگ کا الزام عائد کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عاصمہ جہانگیر، سنوڈن کیلئے سویڈش اعزاز

ان کا کہنا تھا کہ بصالے سعید معلن، احمد ناصر تعلیل محمد، محمد محمود اور عیسیٰ دورے کو این ایس اے کی خفیہ سروس کی وجہ سے ہی 2013 میں سزا دی گئی تھی۔

عدالت نے اسنوڈن کے انکشافات پر اپنے فیصلے میں کہا کہ یہ دعوے سرکاری سطح کے ریکارڈ پر مشتمل دستاویزات کے متضاد ہیں۔

تاہم عدالت نے واضح کیا ہے کہ اس فیصلے سے سعید معلن اور ان کے ساتھیوں کے خلاف دیے گئے فیصلے پر کوئی فرق نہیں پڑے گا اور غیر قانونی نگرانی سے ان کے ٹرائل کو نقصان نہیں ہوگا۔

امریکن سول لیبرٹیز یونین (اے سی ایل یو) نے عدالت کے فیصلے پر کہا کہ 'آج کا فیصلہ ہماری پرائیویسی کے حق کی فتح ہے اور این ایس اے کی جانب سے امریکیوں کے فون کا ریکارڈ جمع کرنا قانون اور آئین کی خلاف ورزی ہے'۔

کارٹون

کارٹون : 23 دسمبر 2024
کارٹون : 22 دسمبر 2024