• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

جونی ڈیپ سابق اہلیہ کے خلاف ہرجانے کے ٹرائل میں تاخیر کے خواہاں

شائع September 2, 2020
جونی ڈیپ نے 2019 میں امبر ہرڈ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز
جونی ڈیپ نے 2019 میں امبر ہرڈ کے خلاف مقدمہ دائر کیا تھا—فائل فوٹو: رائٹرز

ہولی وڈ اداکار 57 سالہ جونی ڈیپ نے امریکی عدالت میں اپنی سابق اہلیہ اداکارہ امبر ہرڈ کے خلاف دائر کیے گئے ہرجانے کے مقدمے کا ٹرائل مؤخر کرنے کی درخواست دائر کردی۔

جونی ڈیپ نے مارچ 2019 میں سابق اہلیہ امبر ہرڈ کے خلاف ریاست ورجینیا کی کاؤنٹی فیئرفیکس کی عدالت میں 5 کروڑ ڈالر کے ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

جونی ڈیپ کی جانب سے ایسے وقت میں ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا گیا تھا جب کہ ان کی سابق اہلیہ نے معروف اخبار واشنگٹن پوسٹ میں خواتین پر گھریلو تشدد، انہیں گھریلو جنسی ہراسانی کا نشانہ بنائے جانے پر ایک مضمون لکھا تھا۔

امبر ہرڈ نے اپنے مضمون میں امریکی حکومتی اداروں سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ خواتین کو گھریلو تشدد، گھریلو جنسی ہراسانی اور استحصال سے بچانے کے لیے مزید سخت اقدامات اٹھائیں۔

مضمون میں انہوں نے واضح کیا تھا کہ وہ کافی عرصے تک گھریلو جنسی استحصال، تشدد اور ہراسانی کا شکار رہیں اور معروف ہونے کے باوجود وہ اس معاملے پر کھل کر بات نہیں کرسکیں۔

یہ بھی پڑھیں: جونی ڈیپ نے سابق اہلیہ پر مقدمہ کردیا

اداکارہ نے اپنے مضمون میں سابق شوہر جونی ڈیپ کا نام استعمال نہیں کیا تھا تاہم ان کا اشارہ ان کی جانب ہی تھا۔

جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ نے 2015 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی
جونی ڈیپ اور امبر ہرڈ نے 2015 میں شادی کی تھی—فائل فوٹو: اے ایف پی

مضمون شائع ہونے کے بعد جونی ڈیپ پر تنقید بڑھ گئی تھی اور ان کا کیریئر بھی خطرے میں پڑگیا تھا، جس کے بعد انہوں نے مارچ 2019 میں امبر ہرڈ کے خلاف ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا۔

تاہم اب انہوں نے مذکورہ عدالت میں ایک اور درخواست دائر کی ہے، جس میں انہوں نے عدالت سے اپنی درخواست پر ٹرائل کو چند ماہ تک مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے۔

شوبز ویب سائٹ ہولی وڈ رپورٹر کے مطابق جونی ڈیپ نے ورجینیا کی عدالت میں درخواست دائر کی کہ جس موقع پر عدالت ان کے ہرجانے کا ٹرائل شروع کردے گی، عین اسی وقت ان کی آنے والی فلم کی شوٹنگ شروع ہوگی۔

اداکار نے اپنی درخواست میں عدالت سے استدعا کی کہ ان کے ہرجانے کے دعوے کی سماعت مئی یا جون 2021 تک مؤخر کی جائے۔

جونی ڈیپ نے درخواست میں کہا کہ جلد ہی ان کی آنے والی فلم فانٹیسٹک بیٹس تھری کی شوٹنگ شروع ہوگی، جس وجہ سے وہ سماعتوں میں پیش نہیں ہوسکیں گے۔

امبر ہیرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس یوکے
امبر ہیرڈ نے جونی ڈیپ پر تشدد کا الزام لگایا تھا—فوٹو: ڈیلی ایکسپریس یوکے

جونی ڈیپ کی درخواست پر عدالت رواں ماہ 11 ستمبر کو سماعت کرے گی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ ممکنہ طور پر ان کی درخواست قبول کرلی جائے گی۔

جونی ڈیپ کی جانب سے ٹرائل کو مؤخر کرنے کی درخواست دیے جانے پر تاحال امبر ہرڈ نے کوئی رد عمل نہیں دیا، تاہم ماضی میں وہ اپنے خلاف دعویٰ دائر کرنے پر مبہم انداز میں سابق شوہر پر تنقید کر چکی ہیں۔

امبر ہرڈ اور جونی ڈیپ کے درمیان 2011 میں تعلقات استوار ہوئے تھے اور دونوں نے فروری 2015 میں شادی کی تھی۔

مزید پڑھیں: امبر ہرڈ تشدد کیس کی سماعتیں مکمل، فیصلہ چند ماہ میں سنایا جائے گا

شادی کے 15 ماہ بعد امبر ہرڈ نے مئی 2016 میں جونی ڈیپ پر تشدد کے الزامات عائد کرتے ہوئے طلاق کے لیے عدالت سے رجوع کیا تھا اور دونوں کے درمیان 2017 میں طلاق ہوگئی تھی۔

طلاق کے بعد جہاں امبر ہرڈ نے سابق شوہر کے تشدد پر واشنگٹن پوسٹ میں ان کا نام لیے بغیر مضمون لکھا تھا، وہیں برطانوی اخبار دی سن نے بھی جونی ڈیپ کے خلاف ایک مضمون شائع کیا تھا۔

دی سن نے 2018 میں جونی ڈیپ کے خلاف ایک مضمون شائع کرتے ہوئے اسے بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کے طور پر لکھا تھا اور ساتھ ہی مضمون میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ اداکار نے سابق بیوی پر 14 بار تشدد کیا۔

جونی ڈیپ نے مضمون شائع کرنے پر دی سن کے خلاف بھی لندن کی عدالت میں 2 لاکھ یورو ہرجانے کا دعویٰ دائر کیا تھا، جس پر رواں برس جون اور جولائی میں سماعتیں ہوئیں اور دونوں عدالت میں پیش ہوئے تھے۔

لندن کی عدالت نے مذکورہ کیس کی سماعتیں جولائی کے آخر میں مکمل کرتے ہوئے فیصلہ محفوظ کرلیا تھا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ عدالت کی جانب سے آئندہ چند ماہ میں فیصلہ سنایا جائے گا۔

امبر ہرڈ نے ٹرائل کی مؤخر کی درخواست پر کوئی رد عمل نہی دیا—فوٹو: رائٹرز
امبر ہرڈ نے ٹرائل کی مؤخر کی درخواست پر کوئی رد عمل نہی دیا—فوٹو: رائٹرز

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024