• KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm
  • KHI: Maghrib 5:49pm Isha 7:10pm
  • LHR: Maghrib 5:04pm Isha 6:31pm
  • ISB: Maghrib 5:04pm Isha 6:33pm

انگلینڈ کی ٹیم کو پاکستان کا دورہ 'ضرور' کرنا چاہیے، چیئرمین ای سی بی

شائع September 1, 2020 اپ ڈیٹ September 2, 2020
پاکستانی ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے — فائل فوٹو / اے پی
پاکستانی ٹیم نے دورہ انگلینڈ میں 3 ٹیسٹ اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلے — فائل فوٹو / اے پی

انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے نئے سربراہ آئن واٹمور نے کہا ہے کہ انگلش ٹیم کو پاکستان کا دورہ 'ضرور' کرنا چاہیے۔

خبر ایجنسی 'اے ایف پی' کی رپورٹ کے مطابق واٹمور نے پاکستان کا دورہ انگلینڈ مکمل ہونے سے قبل ہی اپنے بیان میں کہا کہ 'یہ ہمارے لیے اور کھیل کے لیے شان دار ہوگا کہ کرکٹ کو واپس لایا جائے'۔

مزید پڑھیں: پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی بارش کے باعث بے نتیجہ ختم

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستان دوبارہ کرکٹ کی میزبانی کر رہا ہے اور ہمیں ضرور جانا چاہے اور اگر محفوظ ہے تو دورہ کرنا چاہیے'۔

یاد رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم نے 06-2005 کے بعد پاکستان کا دورہ نہیں کیا جبکہ 2009 میں لاہور میں سری لنکا کی ٹیم پر حملے کے بعد ایک دہائی تک دنیا کی تمام بڑی ٹیمیں پاکستان نہیں آئیں۔

پاکستان نے اس دوران متحدہ عرب امارات میں اپنی سیریز کی میزبانی کی اور یہاں تک کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا آغاز بھی امارات میں ہوا۔

انگلینڈ کی ٹیم کا دورہ پاکستان 2022 میں شیڈول ہے جبکہ دیگر ممالک کی ٹیمیں بھی ممکنہ طور پر دورہ کریں گی۔

انگلینڈ سے تعلق رکھنے والے کھلاڑیوں نے رواں برس پی ایس ایل میں شرکت کی تھی جس کے تمام میچز پاکستان میں کھیلے گئے تھے تاہم کورونا کے باعث لیگ مکمل نہیں ہوپائی۔

ای سی بی کے نئے سربراہ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلے روزپریس کانفرنس میں پاکستان کے دورے کی بات کی اور اس کے علاوہ انگلش بورڈ کو کووڈ-19 کے باعث درپیش مالی مسائل سے بھی آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں:اینڈرسن کا نیا عالمی ریکارڈ، 600 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے پہلے فاسٹ باؤلر بن گئے

آئن واٹمور کاروباری شخصیت ہیں اور سرکاری ملازم بھی رہے ہیں جبکہ کھیل میں انگلینڈ کی فٹ بال ایسوسی ایشن کی انتظامیہ میں بھی کام کرتے رہے ہیں۔

انہوں نے سابق سربراہ کولن گریویس کی کنارہ کشی کے بعد بورڈ کے چیئرمین کا عہدہ سنبھالا ہے۔

انگلینڈ میں پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے علاوہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ بھی تماشائیوں سے خالی میدان میں کھیلنے کے لیے آگئے ہیں، لیکن ای سی بی کو 13 کروڑ 40 لاکھ ڈالر خسارے کا سامنا ہے۔

واٹمور نے کہا کہ بورڈ میں ملازمین کو کم کرنا ناگزیر ہوگیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہر کاؤنٹی اہم ٹورنامنٹ کا انعقاد کرکے انگلینڈ کرکٹ کے مستقبل کے لیے اپنا کردار ادا کرسکتی ہے۔

سربراہ ای سی بی نے کہا کہ اگر معیشت اور کارکردگی کا معیار اس کی اجازت نہ دے اور کوئی کاؤنٹی انفرادی طور پر کچھ مختلف کرنا چاہتی تو پھر اس پر بات ہوگی۔

مزید پڑھیں: بارش کے سبب تیسرا ٹیسٹ میچ ڈرا، سیریز انگلینڈ کے نام

خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم تین ٹیسٹ اور تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز پر مشتمل دورہ مکمل کر رہی ہے۔

ٹیسٹ سیریز میں انگلینڈ نے پاکستان کو 0-1 سے شکست دی تھی جبکہ ٹی ٹوئنٹی کے دوسرے میچ میں بھی میزبان ٹیم نے کامیابی سمیٹی، جبکہ پہلا میچ بارش کے باعث نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے انگلینڈ کا دورہ کیا تھا جو کورونا وائرس کی بندشوں کے بعد کسی بھی ٹیم کا پہلا بین لاقوامی دورہ تھا۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024