• KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am
  • KHI: Fajr 5:52am Sunrise 7:13am
  • LHR: Fajr 5:32am Sunrise 6:59am
  • ISB: Fajr 5:40am Sunrise 7:09am

خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں سے 2 بچے جاں بحق، متعدد گھروں کو نقصان

شائع September 1, 2020
بشام ۔ سوات سڑک رانیال سسپنشن پُل کے قریب سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی — فوٹو: عمر باچا
بشام ۔ سوات سڑک رانیال سسپنشن پُل کے قریب سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی — فوٹو: عمر باچا

خیبر پختونخوا کے مختلف حصوں میں حالیہ بارشوں سے گھروں کو نقصان پہنچا اور اہم شاہراہیں بلاک ہوگئیں جبکہ ضلع شانگلہ میں حادثات میں 2 بچے جاں بحق اور 7 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈپٹی کمشنر شانگلہ عمران حسین رانجھا نے کہا کہ تحصیل بِشام کے علاقے باٹکوٹ میں ایک گھر گر گیا جس سے 8 سالہ ادریس اور 4 سالہ رئیس جاں بحق ہوئے۔

تحصیل الپوری کے علاقے مالَک خیل میں شادی کی تقریب کے دوران گھر کی چھت گرنے سے 5 افراد زخمی ہوگئے۔

عمران حسین رانجھا نے کہا کہ شدید بارشوں سے ندیوں میں آنے والے سیلاب کی وجہ سے قراقرم ہائی وے شانگ اور دیگر مقامات سے بلاک ہوگئی، جبکہ بشام ۔ سوات سڑک رانیال سسپنشن پُل کے قریب سے مکمل طور پر تباہ ہوگئی جس کے باعث اسے ہر طرح کی ٹریفک کے لیے مکمل طور پر بند کردیا گیا۔

بارش کے باعث دیگر اہم رابطہ سڑکیں بھی بلاک ہوگئیں یا انہیں نقصان پہنچا۔

چاکیسَر کے علاقے میں گھر منہدم ہونے سے متعدد مویشی بھی ہلاک ہوئے۔

— فوٹو: اسسٹنٹ کمشنر بشام فیس بیک
— فوٹو: اسسٹنٹ کمشنر بشام فیس بیک

ڈپٹی کمشنر شانگلہ کا کہنا تھا کہ ضلع کے مختلف حصوں سے بارش کے باعث پیش آنے والے حادثات کی معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

قراقرم ہائی وے لوئر اور اپر کوہستان میں بھی مختلف مقامات سے بلاک ہوگئی جس کے باعث سیکڑوں گاڑیاں سڑکوں پر پھنس گئیں۔

مقامی پولیس نے کہا کہ کوہستان میں سیلاب واٹر ملز، چھوٹے پاور اسٹیشنز اور لکڑیوں سے بنے سسپنشن پُلوں کو بہا لے گیا، جبکہ سیلابی صورتحال دریائے نیلم، دُبیر اور پتن میں بھی دیکھی گئی۔

مزید پڑھیں: خیبرپختونخوا: مختلف اضلاع میں بارشوں و سیلابی صورتحال سے تباہی، 18 افراد جاں بحق

اپر کوہستان کے ڈپٹی کمشنر عارف خان یوسفزئی نے عوام پر زور دیا کہ وہ حادثات سے بچنے کے لیے ضلع میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔

حالیہ بارشوں سے اباسین خطے میں بھی معمولات زندگی متاثر ہوئے اور علاقے میں 8 گھنٹے سے زائد وقت تک بجلی بحال نہ ہوسکی۔

اے ڈی سی مانسہرہ مقبول حسین کا کہنا تھا کہ اسی طرح مانسہرہ ۔ ناران روڈ سمیت ضلع کی کئی سڑکیں لینڈ سلائیڈنگ کی وجہ سے مختلف مقامات سے بلاک ہوگئیں۔

7 گھروں کو نقصان

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے خیبر پختونخوا میں 7 گھروں کو جزوی نقصان اور ایک مکمل تباہ ہوگیا، جبکہ مختلف حادثات میں زخمی ہونے والوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا گیا۔

— فوٹو: عمر باچا
— فوٹو: عمر باچا

جن گھروں کو نقصان پہنچا ان میں بونیر اور شانگلہ میں 2، 2 جبکہ کڑک، لوئر کوہستان، صوابی اور سوات میں ایک، ایک گھر کو نقصان پہنچا۔

پی ڈی ایم اے نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اور ریلیف آپریشن جاری ہے جبکہ متعلقہ ضلعی انتظامیہ کو نقصانات کا جائزہ لینے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اتھارٹی کا کہنا تھا کہ بند شاہراہیں اور سڑکیں کھولنے کے لیے بھی اقدامات لیے جارہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: شمالی علاقہ جات میں سیلاب کی وارننگ جاری

بیان میں کہا گیا کہ پشاور اور دیگر شمالی علاقوں میں شدید بارش کا اسپیل آیا جبکہ سوات، چترال اور کوہستان کے ندی نالوں میں سیلابی صورتحال رپورٹ ہوئی۔

یاد رہے کہ گزشتہ جمعہ کو خیبر پختونخوا میں شدید بارشوں کے باعث مختلف حادثات میں 20 افراد جاں بحق اور 9 زخمی ہوئے تھے۔

کارٹون

کارٹون : 22 دسمبر 2024
کارٹون : 21 دسمبر 2024