• KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm
  • KHI: Maghrib 5:42pm Isha 7:02pm
  • LHR: Maghrib 5:00pm Isha 6:25pm
  • ISB: Maghrib 5:00pm Isha 6:28pm

شمالی علاقہ جات میں سیلاب کی وارننگ جاری

شائع August 31, 2020
پنجاب کے کئی اضلاع اور دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی
پنجاب کے کئی اضلاع اور دیہات سیلاب سے متاثر ہوئے ہیں— فائل فوٹو: اے ایف پی

محکمہ موسمیات نے دریائے کابل اور ڈیرہ غازی خان سے منسلک پہاڑی علاقوں میں تیز اور موسلا دھار بارش کی پیش گوئی کرتے ہوئے ملک کے شمالی علاقہ جات میں سیلاب کی وارننگ جاری کردی ہے۔

محکمہ موسمیات کے سیلاب کی پیش گوئی کرنے والے ڈویژن نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ تازہ ہائیڈرو میٹیورولوجیکل صورتحال کے مطابق مون سون پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں متحرک ہو گیا ہے جس سے موسلادھار بارشوں کی توقع ہے۔

یہ ایڈوائزری وزیر اعلیٰ پنجاب کے ڈیجیٹل میڈیا کے فوکل پرسن اظہر مشوانی نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھی جاری کی۔

مزید پڑھیں: کراچی میں شدید بارش، شہر میں سیلابی صورتحال

الرٹ میں خبردار کیا گیا کہ موسم کا موجودہ سسٹم مذکورہ علاقے میں 48 گھنٹے تک موجود رہے گا جس سے دریائے کابل سے ملحقہ علاقوں اور ڈیرہ غازی خان میں بھی شدید بارشوں کا امکان ہے جو درمیانے درجے کے سیلاب کا باعث بن سکتے ہیں۔

اس سلسلے میں حکام کو ہدایت کی گئی کہ وہ اس عرصے میں مستعد رہتے ہوئے احتیاطی تدابیر اپنائیں۔

یہ وارننگ ایک ایسے موقع پر دی گئی ہے جب گزشتہ دنوں پنجاب کے متعدد علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث مکانات اور فصلیں تباہ ہو چکی ہیں۔

گزشتہ ہفتے سیلاب کے خطرے کے پیش نظر جہلم اور چناب سمیت متعدد مقامات سے 872 افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کیا گیا تھا، 60 ریسکیو ٹیموں اور 326 رضاکاروں نے گاؤں والوں اور ان کے سامان کو بچا لیا جبکہ کئی علاقے اب بھی سیلاب کی زد میں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: خیبرپختونخوا: مختلف اضلاع میں بارشوں و سیلابی صورتحال سے تباہی، 18 افراد جاں بحق

ممکنہ سیلاب کے خطرے کے باعث دریائے جہلم اور چناب کے کنارے پر واقع کم از کم 100 گاؤں کو خطرات کا سامنا ہے، جن لوگوں کے رشتے دار دریا سے دور رہتے ہیں انہیں تو وقتی طور پر جائے پناہ مل گئی ہے جبکہ دیگر حکومتی امداد کے منتظر ہیں جو بے گھر افراد اور مویشیوں کو اب تک ریلیف کیمپ کے قیام اور کھانے اور ادویات کی فراہمی میں ناکام رہی ہے۔

ادھر محکمہ موسمیات نے کراچی ڈویژن میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے کہا کہ مون سون سندھ میں مزید بارشوں کی وجہ بن سکتا ہے۔

بیان میں کہا کہ اس کے باعث کراچی کے ساتھ ساتھ حیدرآباد، ٹھٹہ، بدین، تھرپارکر، عمر کوٹ، لاڑکانہ اور دادو کے اضلاع میں بھی ہلکی اور طوفانی بارشوں کی توقع ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سیلاب کو روکنے میں ناکام کیوں؟

اس کے علاوہ شہید بے نظیرآباد، حیدرآباد، میرپور خاص، سکھر اور جیکب آباد میں بھی بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات نے کہا کہ کراچی اور اس کے گردونواح میں شام اور رات میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہو سکتی ہے۔

کارٹون

کارٹون : 25 نومبر 2024
کارٹون : 24 نومبر 2024