• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:07pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:24pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:24pm

سشانت سنگھ کیس، سی بی آئی کی مسسلسل 4 دن تک ریا چکربورتی سے تفتیش

شائع August 31, 2020
ریا چکربورتی خود پر لگے تمام الزامات کو مسترد کرتی آ رہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام،
ریا چکربورتی خود پر لگے تمام الزامات کو مسترد کرتی آ رہی ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام،

بھارت کی مرکزی تفتیشی ایجنسی سینٹرل بیورو انویسٹی گیشن (سی بی آئی) نے اداکار سشانت سنگھ کی خودکشی کی تفتیش کے سلسلے میں مسلسل چار روز تک ان کی سابق گرل فرینڈ اداکارہ ریا چکربورتی سے تفتیش کی۔

سی بی آئی نے مرکزی حکومت کے احکامات کے بعد ابتدائی طور پر 6 اگست کو سشانت سنگھ کی خودکشی کے معاملے کی تفتیش شروع کی تھی تاہم بعد ازاں سپریم کورٹ کے احکامات کے بعد 20 اگست کو تفتیش میں تیزی آگئی۔

عدالتی اجازت ملنے کے بعد ہی سی بی آئی نے پہلی بار 28 اگست کو ریا چکربورتی سے ممبئی کے تھانے میں 9 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی تاہم اس کے باوجود اداکارہ کو 29 اگست کو طلب کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: سشانت سنگھ کیس، پہلی بار سی بی آئی کی ریا چکربورتی سے تفتیش

لیکن سوالات اور تفتیش مکمل ہونے پر سی بی آئی نے ریا چکربورتی سے مسلسل 4 دن تک 31 اگست تک یومیہ 8 سے 10 گھنٹے تک تھانے میں پوچھ گچھ کی۔

ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان چند سال سے تعلقات تھے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام/ فیس بک
ریا چکربورتی اور سشانت سنگھ کے درمیان چند سال سے تعلقات تھے—فائل فوٹوز: انسٹاگرام/ فیس بک

بھارتی اخبار انڈیا ٹوڈے کے مطابق سی بی آئی نے 31 اگست کو مسلسل چوتھے روز بھی ریا چکربورتی کے بیانات قلم بند کیے اور اداکارہ کے ساتھ ان کے بھائی بھی سی بی آئی کے سامنے پیش ہوئے۔

مسلسل چار دن تک اداکارہ سے سشانت سنگھ سے تعلقات، ان کے ساتھ جھگڑوں اور اداکار کی ذہنی صحت سے متعلق سوالات پوچھے گئے اور 31 اگست کو سی بی آئی نے سشانت سنگھ کی بہنوں کو بھی سوالات کے جوابات دینے کے لیے سمن جاری کردیا۔

ذرائع کے مطابق سی بی آئی ابتدائی طور پر کیس سے جڑے تمام افراد کے بیانات دوبارہ قلم بند کرکے ان کی جانب سے دوبارہ دیے گئے بیانات کو ممبئی پولیس کو دیے گئے ان کے پہلے بیانات سے موازنہ کرے گی اور باتوں میں اختلاف ہونے پر تفتیش کا دائرہ وسیع کرے گی۔

اسی حوالے سے شوبز ویب سائٹ پنک ولا نے بتایا کہ سی بی آئی نے ریا چکربورتی سے ان کے اداکار سے تعلقات سے متعلق بھی سوالات کیے اور ساتھ ہی ان پر اداکار کے والد کی جانب سے لگائے گئے بلیک میلنگ اور پیسے ہڑپ کرنے سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی۔

اداکارہ سے سشانت سنگھ کے ذہنی مسائل اور ان کے علاج سے متعلق بھی پوچھا گیا۔

سی بی آئی نے پہلے ہی مرکزی حکومت کی ہدایت پر تفتیش شروع کردی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام
سی بی آئی نے پہلے ہی مرکزی حکومت کی ہدایت پر تفتیش شروع کردی تھی—فائل فوٹو: فیس بک/ انسٹاگرام

دوسری جانب انڈیا ٹوڈے نے اپنی ایک اور رپورٹ میں بتایا کہ سی بی آئی کی ہدایت پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) نے ریا چکربورتی کے خلاف کرمنل دفعات کے تحت مقدمہ دائر کرکے ان کے خلاف منشیات کے استعمال کی تفتیش بھی شروع کردی۔

تفتیش کے دوران سی بی آئی حکام کو شبہ ہوا کہ ریا چکربورتی ہیروئن سمیت دیگر منشیات کا استعمال کرتی رہی ہیں، جس پر این سی بی نے ان کے خلاف مقدمہ دائر کرکے تفتیش شروع کردی۔

اس ضمن میں این سی بی کو ریا چکربورتی کے خلاف کچھ شواہد بھی ملے ہیں، جن سے پتا چلتا ہے کہ اداکارہ کا منشیات فروشوں اور اسمگلرز سے رابطہ تھا، تاہم ان سے یہ عندیہ نہیں ملتا کہ انہوں نے ان سے منشیات لی تھی یا نہیں۔

افواہیں ہیں کہ ریا چکربورتی گزشتہ چند سال سے منشیات استعمال کرتی آ رہی تھیں تاہم ان کے وکیل نے ایسے تمام الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ان کی مؤکلہ کسی بھی وقت خون کے ٹیسٹ کرانے کے لیے تیار ہیں، جن سے واضح ہوگا کہ وہ منشیات استعمال کرتی رہی ہیں یا نہیں؟

سشانت کے والد نے ریا پر بیٹے کو بلیک میل کرنے جیسے الزامات بھی لگا رکھے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام
سشانت کے والد نے ریا پر بیٹے کو بلیک میل کرنے جیسے الزامات بھی لگا رکھے ہیں—فائل فوٹو: انسٹاگرام

علاوہ ازیں خیال کیا جا رہا ہے کہ ریا چکربورتی سے مسلسل چار دن تک سی بی آئی کی تفتیش کے باوجود انہیں کسی بھی وقت پانچویں بار بھی پوچھ گچھ کے لیے بلایا جا سکتا ہے۔

ریا چکربورتی نے اگرچہ سشانت سنگھ کے ساتھ کوئی فلم نہیں کی تھی تاہم ان دونوں کے درمیان گزشتہ چند سال سے تعلقات تھے اور اداکارہ سشانت سنگھ کی خودکشی کے بعد اعتراف کر چکی ہیں کہ ان کے اداکار سے تعلقات تھے اور وہ ان کی رہائش گاہ میں بھی مقیم تھیں۔

مزید پڑھیں: سی بی آئی کی تفتیش میں سشانت کیس میں کئی نئے پہلو سامنے آگئے

سشانت سنگھ کے والدین سمیت کئی مداحوں کو لگتا ہے کہ اداکار نے اپنی گرل فرینڈ ریا چکربورتی کے رویے کی وجہ سے تنگ آکر خودکشی کی ہوگی، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی واضح شواہد نہیں ملے کہ اداکار صرف گرل فرینڈ کے رویے کی وجہ سے ذہنی مسائل کا شکار تھے۔

ریا چکربورتی پر سشانت سنگھ کے والد نے بیٹے کو بلیک میل کرنے اور اس کے پیسے ہڑپ کرنے کا الزام بھی لگائے تھے تاہم ریا چکربورتی خود پر لگائے گئے تمام الزامات مسترد کرتے ہوئے میڈیا پر جانبدار ہونے کا الزام لگاتی ہیں۔

خیال رہے کہ سشانت سنگھ نے 14 جون کو خودکشی کی تھی، جس کے بعد ابتدائی طور پر ممبئی پولیس نے ان کی موت کی تفتیش شروع کی تھی مگر اب ان کی خودکشی کی تفتیش سی بی آئی کر رہی ہے۔

ریا چکربورتی اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ سشانت سنگھ سے محبت کرتی تھیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے
ریا چکربورتی اعتراف کر چکی ہیں کہ وہ سشانت سنگھ سے محبت کرتی تھیں—فائل فوٹو: انڈیا ٹوڈے

کارٹون

کارٹون : 22 نومبر 2024
کارٹون : 21 نومبر 2024